Inquilab Logo

آج شب برأت کے پیش نظر مالیگاؤں میں ۲۱؍ گھنٹے کا مکمل شٹ ڈاؤن

Updated: April 09, 2020, 4:40 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

آج دوپہر ۱۲؍ بجے سےکل صبح  ۹؍ بجے تک صنعتی شہر میں ہر قسم کی سرگرمیاں صد فیصد بند رہیں گی، بڑا قبرستان کے اطراف سیکوریٹی انتظامات سخت

Lockdown in India - Pic : PTI
لاک ڈاؤن ۔ تصویر : پی ٹی آئی

کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن کے دوران جمعرات کو شب برأت  کے موقع پر مالیگاؤں میں ۲۱؍ گھنٹے کے مکمل شٹ ڈاؤن کا اعلان  کیاگیاہے۔  اس سلسلے میں بدھ کو  اعلامیہ جاری کرکے  انتظامیہ نے عوام الناس سے صد فیصد تعائون کی اپیل کی ہے۔
 صنعتی شہر میں منائی جانے والی شبِ برأت اپنی شان وشوکت ، تزک و احتشام کے سبب شہرت رکھتی ہے ۔۸؍ ستمبر ۲۰۰۶ء میں یہاں کے بڑاقبرستان میں ہوئے بم دھماکوں کے بعد شب برأت کو مزید اہمیت حاصل ہوگئی ہے ۔بم دھماکوں میں ۳۱؍ افراد شہید اور سیکڑوں کی تعداد میں زخمی ہوئے تھے ۔ پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سرکاری افسران کی رائونڈ ٹیبل میٹنگ منعقد ہوئی ۔مالیگائوں کے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ وجیا نندا شرما، ایڈیشنل سپریٹنڈنٹ آف پولیس سندیپ گھگے کے علاوہ دیگر افسران شریک ہوئے ۔
  میٹنگ میں ضلع ناسک میں۲؍افراد کے کورونا وائرس سے متاثرہ  پائے جانے کے بعد پیدا ہوئی صورت حال پر بھی غوروخوض کیاگیا ۔ اعلیٰ سرکاری افسران نے مالیگائوں کے قبرستانوں میں شب برأت کی مناسبت سے ہونے والے جم غفیر سے متعلق بات چیت کی اور پھر مکمل شٹ ڈاؤن کافیصلہ کیاگیا ۔ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ کی دستخط سے جاری اعلامیہ میں لکھا گیا ہےکہ جمعرات ۹؍ اپریل کو دوپہر بارہ(۱۲) بجے سے اگلے روز جمعہ کی صبح نو (۹) بجے تک مالیگائوں کو ’مکمل شٹ ڈائون ‘رکھا جائے گا ۔ اِس دوران میڈیکل اسٹورس ، اسپتال ،خوردنی اشیاء فروختگی کی کرانہ دکانیں جاری  رہیں گی بقیہ ہرقسم کا  کاروبار حتیٰ کہ دودھ کی دکانیں ،فروٹ کے ٹھیلے اور بیکریاں  بھی بند رکھی جائیں ۔خلاف ورزی کے مرتکب قرار پائے جانیوالوں پر دفعہ ۱۴۴؍ اور دیگر  کی خلاف ورزی کی پاداش میں قانونی کارروائی کی جائیگی۔
 اس بیچ گزشتہ روز ضلع کی سپریٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر آرتی سنگھ نے مالیگائوں کا دورہ کیا ۔انہوں نے بڑاقبرستان میں پولیس سیکوریٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ قبرستان کے چیف ٹرسٹی ایڈوکیٹ نیاز احمد لودھی اور حمیدیہ مسجد بڑا قبرستان کے خطیب وامام مولانا عبدالباری قاسمی ، ترجمان کل جماعتی تنظیم صوفی غلام رسول قادری سے تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیاتھا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK