Inquilab Logo

آج کسانوں کی حمایت میں’مہاراشٹربند‘ کی تمام تیاریاں مکمل

Updated: October 11, 2021, 10:34 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

کسان الائنس مورچہ کابھی حمایت کا اعلان ۔ آل انڈیا یوتھ فیڈریشن اور آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن ’شہید کسان ابھیوادن یاترا ‘نکالیں گے

Scene of a meeting held in Jogeshwari regarding Maharashtra Bandh. .Picture:Inquilab
مہاراشٹربند کے تعلق سے جوگیشوری میں منعقدہ میٹنگ کا منظر۔۔ تصویر: انقلاب

اتر پردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میںکسانوں کو وحشیانہ طریقے سے کچلنے کے خلاف غم وغصہ ظاہر کرنے کیلئے آج ۱۱؍ اکتوبربروز پیر مہاوکاس اگھاڑی کی جانب سے بلائے گئے ’مہاراشٹر بند‘ کو کامیاب بنانے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس سلسلے میںاتوار کوبھی الگ الگ علاقوں میںمیٹنگوں اورسوشل میڈیا کے ذریعے پیغام رسانی کاسلسلہ جاری رہا۔اس کے ذریعے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی تاکہ وہ بغیرکسی کے کچھ کہے یا کسی قسم کے دباؤ ڈالے بند میںعملاً شریک ہوں اور کسانوں کی حمایت میںآوازبلند کریں ۔ 
ملّی تنظیمیں بھی شامل
 ملی تنظیموں پر مشتمل کسان الائنس مورچہ،جس میں علماء کونسل،  امن کمیٹی، جمعیت اہل حدیث ،جماعت اسلامی، جمعیۃ علماء، رضا فاؤنڈیشن، ایس آئی اواورموومنٹ فور ہیومن ویلفیئر وغیرہ شامل ہیں، نے اس بند کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ـان تنظیموں کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ لکھیم پور میں جتنی بے دردی سے مبینہ طور پر وزیر کےبیٹے آشیش مشرانے اپنی گاڑی سے کچل کر کسانوں کو قتل کیا ہے ،اس حیوانیت سے شیطان بھی شرما گیا ہوگا۔اس لئے اس سانحہ کی غیر جانبدارانہ جانچ کروائی جائے ۔چونکہ اجے مشرا کے وزیر مملکت برائے داخلہ رہتے ہوئے ان کے بیٹے کے خلاف آزادانہ جانچ مشکل ہے اس لئے اجے مشرا کو فورا ًوزارت سے برخاست کیا جائے۔دوسرے کسان تین کالے قانون کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہیں اس لئے فورا ًتینوں قوانین واپس لئے جائیں۔اس کے علاوہ یہ بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت ملک کے تمام طبقات، کسانوں، مزدوروں، پچھڑے طبقات اور اقلیتوں کے ساتھ انصاف کو یقینی بنائے۔اس کے لئے تمام اپوزیشن پارٹیاں حکومت پر دباؤ ڈالیں۔ بند کےدوران آل انڈیا یوتھ فیڈریشن اور آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن کی جانب سے لکھیم پور کھیری میں مارے گئے کسانوں کویاد کرتے ہوئے’ شہید کسان ابھیوادن یاترا‘ نکالی جائے گی۔اس میں علامتی طور پرایک گاڑی پرلکھیم پور کھیری میں کچلے گئے کسانوں کے تابوت رکھے ہوں گے۔یہ یاترا صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے دلوی بلڈنگ، پریل سے نکالی جائے گی اور لال باغ، دھاراوی، سائن ، رما بائی نگر اور گوونڈی ہوتے ہوئے چمبور  میںڈاکٹر امبیڈکرگارڈن میںشام۴ ؍بجے ختم ہوگی۔ اس دوران مذکورہ علاقوں میںلوگ شہید ہونے والے کسانوں کوخراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
’’بندکامیاب ہوگا‘‘
 کسانوں کی حمایت میںبند کو کامیاب بنانے کیلئے کوشاں سی پی آئی ،سی پی ایم ، سماج وادی پارٹی ، طلبہ یونینیں اوروہ تنظیمیں جنہوںنے اس سلسلے میں پریس کانفرنس کی تھی ،کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ بندپوری طرح سے کامیاب ہوگا اورلوگ اپنے اپنے طور پربند میںشریک ہوکر کسانوں کی آواز کو تقویت دیں گے۔

mumbai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK