Inquilab Logo

ٹرمپ اور بائیڈن کےدرمیان مباحثےکے موضوعات ظاہر

Updated: September 26, 2020, 12:46 PM IST | Agency | Washington

کورونا وائرس، خستہ حال معیشت اور سپریم کورٹ کے جج کی تقرری سمیت کل ۶؍ موضوعات پر بحث ہوگی

Joe Biden And Donald Trump. Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

امریکہ میں اس سال میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے قبل اُمیدواروں کے درمیان ۲۹؍ ستمبر کو ہونے والے پہلے صدارتی مباحثے کے موضوعات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ صدر  ٹرمپ اور ان کے مد مقابل جو بائیڈن ان موضوعات پر اپنے نظریات کے تعلق سے ووٹروں کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔  پہلے صدارتی مباحثے کیلئے میزبان چینل نے ۶؍ اہم موضوعات کا انتخاب کیا ہے جن پر گرما گرم بحث متوقع ہے۔صدر ٹرمپ اور سابق نائب صدر بائیڈن اس مباحثے میں اپنی اپنی کارکردگی پر بات کرنے کے علاوہ سپریم کورٹ کی حال ہی میں خالی ہونے والی نشست، کورونا وائرس، معیشت، نسلی مسائل اور امریکہ کے کئی شہروں میں حالیہ پرتشدد مظاہروں اور انتخابات کی شفافیت سے متعلق معاملات پر بحث کریں گے۔  ان موضوعات کا انتخاب میزبان `فاکس نیوز سے وابستہ مباحثے کے ماڈریٹر اور سینئر صحافی کرس والیس نے کیا ہے۔رات ۹؍ بجے شروع ہونے والے اس مباحثے میں دونوں امیدوار ہر موضوع پر ۱۵؍منٹ تک بحث کر سکیں گے۔ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والے اس مباحثے کے دوران کوئی بھی اشتہار نہیں دکھایا جائے گا۔اگر سیاسی صورتِ حال میں کوئی تبدیلی آئی تو اس تناظر میں موضوعات کی فہرست میں ردو بدل کیا جا سکتا ہے۔ ۳؍نومبر کو ہونے والے صدارتی الیکشن کا پہلا مباحثہ ریاست اوہائیو کے شہر کلیولینڈ میں واقع `کیس ویسٹرن یونیورسٹی میں منعقد ہو گا۔  واضح رہے کہ امریکہ میں الیکشن کے دوران یہ روایت رہی  ہے کہ دونوں صدارتی امیدوار ایک اوپن اسٹیج پربحث کرتے ہیں  جسے ٹی وی پر دکھایا جاتا ہے۔ اس سال چونکہ امریکہ میں کئی مسائل درپیش ہیں اس لئے مقابلہ کانٹے کا ہو سکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK