Inquilab Logo

خون کو جمادینے والی سردی کے درمیان کشمیر میں سیاحوں کی آمد

Updated: January 22, 2021, 9:39 AM IST | Agency | Srinagar

یہاں آنےوالے سیاحوں کا کہنا ہے کہ کشمیر کی اصلی خوبصورتی سردیوں کے درمیان ہی دیکھنے کو ملتی ہے۔ دنیا کے کئی ملکوں کا دورہ کرنے والےایک سیاح نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ایسی خوبصورت جگہ نہیں

Kashmir Snowfall - Pic : PTI
یہاں سیاحوں کو برف پر پھسلتے ہوئے دیکھا جارہا ہے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

وادی کشمیر میں جاری ٹھٹھرتی ٹھنڈ کے درمیان سیاحتی مقامات پر موجود غیر مقامی سیاح برف پوش پہاڑوں اور منجمد جھیل جھرنوں کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔سیاحوں کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے دوران وادی کے سیاحتی مقامات کی سیر ضرور کرنی چاہئے کیونکہ برف باری سے ان مقامات کے حسن میں چار چاند لگ جاتے ہیں۔گجرات کے سورت سے تعلق رکھنے والی پائل شاہ نامی ایک سیاح، جو گل مرگ میں موجود ہیں، نے بتایا کہ میں گل مرگ میں گزشتہ تین دنوں سے ہوں اور یہاں ہونے والی برف باری سے لطف اندوز ہو رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ برف باری سے یہ جگہ مزید خوبصورت لگ رہی ہے اور بالکل جنت کا نظارہ پیش کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں کشمیر کی سیر پر ضرور آنا چاہئے تاکہ برف پوش وادی کے دلکش نظاروں کا لطف اٹھایا جا سکے۔
 شمالی کشمیر کے ٹنگ مرگ علاقے میں واقع سیاحتی مقام درنگ میں موجود نیہا کوکرا نامی ایک سیاح نے بتایا کہ میں نے دنیا میں کہیں ایسی خوبصورت جگہ اور خوبصورت آبشار نہیں دیکھے ہیں جیسے یہاں درنگ میں دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ میں درنگ پہلی بار آئی ہوں، اگرچہ کشمیر کئی بار آئی ہوں لیکن درنگ کی خوبصورتی دیکھ کر میں دنگ ہو کر رہ گئی۔انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا کے کئی ممالک کی سیر کی ہے لیکن جو لطف یہاں آیا وہ دنیا میں کہیں نہیں آیا۔ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں کشمیر کی سیاحت پر ہر سال آتی رہوں گی اور میں باقی لوگوں سے بھی اپیل کرتی ہوں کہ وہ بھی جنوری میں خاص طور پرکشمیر ضرور آئیں۔ انہوں نے کشمیریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ بہت ہی ملنسار اور مہمان نواز ہیں۔ ہر کوئی ہوٹل والے سے لے کر گاڑی والے تک ہمارے ساتھ بہت ہی اچھے طریقے سے پیش آتا ہے۔
 وادی کشمیر کے شہرہ آفاق جھیل ڈل کی منجمد سطح سے بھی سیاحوں کو لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔سیاح بلوارڈ روڈ کے کناروں پر بیٹھ کر نہ صرف جھیل کے منجمد سطح کی عکس بندی کرتے ہوئے دیکھے جا رہے ہیں بلکہ خود کی بھی تصویریں اور سیلفی کھینچتے ہیں۔ خیال رہےکہ حکام نے جھیل ڈل کی منجمد سطح پر چلنے پھرنے یا کھیلنے پر پابندی لگادی ہے اور لوگوں کو ایسا کرنے سے باز رکھنے کیلئے متعلقہ محکمے نے سیکوریٹی اہلکاروں کو تعینات کر رکھا ہے۔دراصل جھیل کی سطح منجمد ہونے کے بعد لوگوں کو اس پر چلتے ہوئے اور بچوں کو کھیلتے ہوئے دیکھا گیا تھا تاہم سیکوریٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ سے حادثات کا بھی خطرہ ہے،اسلئے منع کیا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK