Inquilab Logo

پاکستان میں اندوہناک ٹرین حادثہ، ۴۰؍ افراد ہلاک

Updated: June 08, 2021, 7:20 AM IST | islamabad

صوبہ سندھ میں علی الصباح ایک ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر کر دوسرے ٹریک پر گر گئیں، جبکہ سامنے سے آنے والی دوسری ٹرین ان بوگیوں سے ٹکرا گئی۔ کم از کم ۱۰۰؍ مسافر زخمی، جبکہ کئی اب بھی بوگیوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ اموات میں اضافے کا خدشہ۔ وزیراعظم کی جانب سے تحقیقات کا حکم

The severity of the accident can be estimated from the condition of the boxes.Picture:Agency
ڈبوں کی حالت سے حادثے کی شدت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے( تصویر: ایجنسی)

 پڑوسی ملک پاکستان میں ایک اندوہناک ٹری حادثہ پیش آیا ہے جس میں کوئی ۴۰؍ افراد ہلاک ہو گئے ہیں  اور ۱۰۰؍ سے زائد لوگ  زخمی ہیں۔ اطلا ع کے مطابق پاکستان  کے صوبے سندھ میں گھوٹکی نامی مقام پر آمنے سامنے سے آنے والی ملت ایکسپریس اور سرسید ایکسپریس یہ  دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں ، اس کی وجہ سے دونوں ٹرینوں کے ڈبے کھلونوں کی طرح بکھر گئے۔   یہ حادثہ گھوٹکی میں ’ریتی‘ ریلوے اسٹیشن  کے قریب پیر کی صبح پیش آیا۔  خبر لکھے جانے تک ٹرینوںکے ڈبوں میں کئی مسافر پھنسے ہوئے تھے جنہیں نکالنے کی کوششیں جنگی پیمانے پر جاری تھیں۔ 
   اطلاع کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر کر ڈاؤن ٹریک پر جا گریں اور راولپنڈی سے آنے والی سرسید ایکسپریس ان بوگیوں سے ٹکرا گئی۔  گھوٹکی  کے  ایس  ایس پی عمر طفیل نے بتایا  کہ اب تک ۴۰؍ افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ ۱۰۰؍ سے زیادہ لوگ زخمی  ہیں جن میں سے ۳۵؍شدید زخمی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے نتیجے میں ملت ایکسپریس کی بوگی نمبر۵؍اور۶؍ سرسید ایکسپریس کے انجن کی زد میں آئی تھیں اور اب بوگی نمبر ۶؍ سے زخمیوں اور لاشوں کو نکالنے کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دوسری بوگی سے ریسکیو کا عمل جاری ہے۔ ادھر ڈی ایچ او گھوٹکی ڈاکٹر منظور احمد نے میڈیا کو بتایا  کہ ۱۰۰؍سے زیادہ زخمیوں میں سے ۵۰؍ مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ ایسے مریضوں کو طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا ہے جنھیں معمولی چوٹیں آئیں تھیں۔
 ڈی ایچ او کے مطابق جائے حادثہ کافی دور ہے اور یہ ٹریک مرکزی شاہراہ سے کافی اندر کی طرف ہے، جہاں گاڑیوں  کے پہنچنے میں دشواری پیش آ رہی تھی ۔ اطلاع  کے   مطابق فوج اور رینجرز کے دستے بھی جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیوں میں مدد کررہے ہیں۔بیان کے مطابق پنوں عاقل سے ایمبولینس کے ساتھ فوجی ڈاکٹر اور طبی عملہ بھی حادثے کی جگہ پر پہنچاہے جبکہ فوری اقدامات کیلئے ملتان سے ہیلی کاپٹر بھی بھیجے گئے ہیں۔
 عینی شاہدین کے مطابق
  سر سید احمد ایکسپریس میں بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ یہ حادثہ علی الصباح ۳؍ بج کر ۴۰؍ منٹ پر پیش آیا جب یہ گاڑی ۱۰۰؍ سے زیادہ کی اسپیڈ میں دوڑ رہی تھی ۔ اچانک ٹرین کو زور دار جھٹکے لگے  اور ڈرائیور نے گاڑی روکنے کی کوشش کی  لیکن وہ ملت ایکسپریس کی بوگیوں سے جو کہ پٹری پر پڑی ہوئی تھیں ٹکر ا گئی۔  عینی شاہدین کے مطابق ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹریوں  پر پڑی تھی جبکہ خود ٹرین ( انجن اور آگے کا حصہ) آگے بڑھ گئی تھی۔ 
  یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ  بعض مسافروں نے فون کرکے اپنے عزیزوں کو خبر کی کہ وہ کس بوگی کی کون سی سیٹ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ حادثے کا شور سن کا قریب میں رہنے والے مدد کو پہنچے  ۔ پھنسے ہوئے مسافروں کو نکالنا اتنا آسان نہیں تھا کیونکہ گاڑی کے ڈبے کہیں سے دب گئے تھے تو کہیں چپٹے ہو گئے تھے، جبکہ مسافر ان کے نیچے خمی حالت میں کراہ رہے تھے۔  واضح رہے کہ حکام نے  اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا  ہے۔
  عمران خان کا تحقیقات کا  حکم
 پاکستان  کے ویراعظم  عمران خان نے ٹویٹ کرکے اس  حادثے پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’آج صبح ٹرین کو گھوٹکی کے مقام پر پیش آنے والے ہولناک حادثے اور اس کے نتیجے میں ۳۰؍(اس وقت تک) مسافروں کی موت پر میں بے حد رنجیدہ ہوں۔‘‘ انہوں نے اطلاع دی کہ  ’’وزیر ریلوے کو جائےحادثہ پر پہنچنے، زخمیوں کیلئے مکمل طبی امداد کا اہتمام کرنے  اورمہلوکین کے اہل خانہ کو بھرپور معاونت فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہے۔‘‘عمران خان نے مزید لکھا کہ’ ’اس کے ساتھ ہی  ریلوے کے حفاظتی نظام میں نقائص کی نشاندہی کیلئے جامع تحقیقات کے احکامات بھی صادر کر رہا ہوں۔‘‘وفاقی وزیر ریلوے اعظم خان سواتی نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ۲۴؍گھنٹے کے اندر حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
 دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اطلاع ہے کہ سکھر کے کمشنر کو فون کرکے وزیر اعلیٰ نے تمام ضلعی انتظامیہ کو متحرک کرنے اور مسافروں کو نکالنے کیلئے فوری طور پر مشنری کا بندوبست کرنے کی ہدایت دی ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے مسافروں کیلئے عارضی رہائش اور کھانے پینے کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی  دی ہے۔

pakistan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK