• Wed, 11 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹرین تشدد معاملہ: متاثرہ کی عیادت کیلئے لیڈروں کا اسپتال دورہ

Updated: September 05, 2024, 9:12 AM IST | Mumbai

اشرف علی سیّد پر تشدد حکومت کی شہ کا نتیجہ ہے: رکن پارلیمنٹ عمران پرتاپ گڑھی کا الزام ، کانگریس کے وفد نے سائن اسپتا ل کے آئی سی یو میں متاثرہ شخص سےملاقات کی۔ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا،بزرگ شخص کو ٹرین میں زدوکوب کرنا انسانیت کوشرمسار کرنے والا واقعہ ہے: رکن اسمبلی اسلم شیخ

From right MLA Amin Patel, MLA Aslam Shaikh and middle MP Imran Pratap Garhi visiting the victim.
دائیں سے ایم ایل اے امین پٹیل، ایم ایل اے اسلم شیخ اور درمیان رکن پارلیمان عمران پرتاپ گڑھی متاثرہ کی عیادت کرتے ہوئے

گزشتہ دنوں متعدد شر پسند نوجوانوں کے ذریعے چلتی ہوئی ٹرین میں  اشرف علی سید نامی معمرمسلم شخص کو بری طرح زد و کوب کیاگیا تھا ، اس باعث انہیں شدید چوٹیں آئی تھیں، اور تھانے کے بعد اب ممبئی کے سائن اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ بدھ کو کانگریس کے رکن پارلیمان ( راجیہ سبھا) عمران پرتاپ گڑھی، رکن اسمبلی امین پٹیل ، سابق وزیر اور رکن اسمبلی اسلم شیخ ،ابراہیم بھائی جان اور دیگر لیڈروں نےآئی سی یو وارڈ میں زیرعلاج  اشرف علی سیّد سے  ملاقات کی  اور    اُن کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کروائی۔ اس موقع پر ڈِین سے بات چیت کر کے علاج کے تعلق سے ضروری تفصیل بھی معلوم کی گئی۔
 اس  عیادت و ملاقات کےبعد کانگریس کے رکن پارلیمان  عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ’’ متاثرہ معمر شخص کی طبیعت مستحکم ہے اور ہم نے ان کے اہل خانہ سے بات چیت کی اور   اور ہر ممکن تعاون دینے کا یقین دلایاہے۔‘‘ انہوں نے کہاکہ ’’مہاراشٹر کی یہ تہذیب قطعی نہیں ہے کہ کسی معمر شخص کو اس طرح تشدد کا نشانہ بنایا جائے۔ ریاست  کے وزیر اعلیٰ ، نائب وزیر اعلیٰ  اور ریلوے انتظامیہ کیا کر رہا ہے۔ ریلوے میں مُسلم شخص کی پٹائی حکومت کی سرپرستی میں ہونے والا تشدد ہے۔‘‘
  انہوں نے یہ بھی کہا کہ’’ اسمبلی انتخابات کاوقت آرہا ہے،  مہا یوتی حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے ۔مہا وکاس اگھاڑی اقتدار میں آتی ہوئی نظر آرہی ہے اسلئے ریاست میں فرقہ وارانہ کشید گی پیدا کرنے اور شہریوں کو مذہب میں تقسیم کرنے کیلئے اس طرح کےتشدد کو حکومت اسپانسر کر رہی ہے۔  اُنہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں میں اس طرح کے تشدد کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے اورتشدد کرنے والوں کے خلاف نرم رویہ اختیار کیاجارہا ہے۔
’’وزیر اعظم کو نتیش رانے جیسے لیڈروں کو مسجد میں ساتھ لے جاناچاہئے تھا‘‘
 عمران پرتاپ گڑھی  نے کہا کہ ایک جانب جہاں بی جےپی کے لیڈر نتیش رانے مسلمانوں کو مسجد میں گھس کر مارنے،پیٹنے کی بات کر رہے ہیں وہیں دوسری جانب سے ملک کے وزیراعظم برونئی کے دورے پر وہاں کی مسجد میں جاکر برونئی کے لیڈران سے اپنی محبت کا اظہار کررہے ہیں۔  اگر وزیر اعظم اپنی پارٹی کے رکن اسمبلی کو برونئی کے دورے پر لے جاتے تو شاید اس رکن اسمبلی کو بھی محبت کا احساس ہوتا۔  عمران پرتاپ گڑھی نے الزام لگایا کہ بی جے پی فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دے رہی ہے کیونکہ آنے والے اسمبلی انتخابات میں اسے اپنی شکست صاف صاف نظر آرہی ہے۔ 
’’معمر شخص کی پٹائی  انسانیت کو سیاہ کرنے ولا واقعہ‘‘
 اس موقع سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی اسلم شیخ نے کہا کہ۷۲؍ سالہ اشرف علی سید حسین کی پٹائی انسانیت کو سیاہ کرنے والا واقعہ ہے۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ سماج میں کچھ فرقہ پرست تنظیموں کی طرف سے مذہب کے نام پر جو زہر بویا جا رہا ہے وہ اب اگنا شروع ہو گیا ہے۔ اس پورے معاملے میں فرقہ پرستوں کو حکومت کی پُشت پناہی حاصل ہے مگر یہ مہاراشٹر کی تہذیب نہیں ہے ، ہم اس کی نہ صرف مذمت کرتے ہیں بلکہ ایسے معاملوںمیں ملوث افراد کےخلاف ہر لڑائی لڑیں گے۔ 
ایم آئی ایم لیڈر وارث پٹھان نے بھی عیادت کی
 کانگریس کے وفد سے قبل ایم آئی ایم کے سابق رکن اسمبلی وارث پٹھان نے منگل کو سائن اسپتال جاکر اشرف علی سید  سے ملاقات کی ۔ اس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وارث پٹھان نے کہا کہ ’’میں اشر ف علی  صاحب پر کئے گئے حملہ کی شدید مذمت کرتا ہوں ۔ ان کی عیادت کرتے ہوئے مَیں نےانہیں حوصلہ دیا ہےاور دعا کرتا ہوں کے وہ جلد از جلد صحتیاب ہو جائیں ۔ ‘‘ 

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK