Inquilab Logo

سیاہ زرعی قوانین کیخلاف احتجاج میں‌فوت ہونے والے کسانوں کو خراج عقیدت

Updated: January 16, 2021, 11:35 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Govandi

یک روزہ علامتی ’کسان باغ‘ کے تحت شمع روشن کرکے ، بازوؤں پر سیاہ پٹی باندھ کر ڈونگری، گوونڈی ، مانخورد، سانتاکروز، گھاٹکوپر اور کھار میںاس پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف تنظیموں کے کارکنان اور سماجی خدمتگار شریک ہوئے

Kisan Bagh
احتجاج کے دوران فوت ہونے والے کسانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔

سیاہ زرعی قوانین منسوخ کروانے کیلئے احتجاج کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر کسانوں کی قربانی کو یاد کرنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے یک روزہ علامتی ’کسان باغ‘ کا جمعہ کی نماز کے بعد انعقاد کیا گیا۔حالانکہ چار دن قبل اس کا اعلان کرنے اور اجازت لینے پر پولیس کی جانب سے ذمہ داران کو۱۴۹؍ کا نوٹس دیا گیا تھا،  اس کے باوجود  ڈونگری، گوونڈی ، مانخورد، سانتا کروز ، گھاٹکوپر اور کھار وغیرہ علاقوں میں خراجِ عقیدت کا  پروگرام منعقد کیا گیا۔اس دوران شرکاء نے پیشانی اور بازوؤں پر سیاہ پٹی باندھی ،شمع روشن کی اور فوت ہونے والے کسانوں کی تصویریں نمایاں کرتے ہوئے قومی پرچم لہراکر  انہیں گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ اس میں مختلف تنظیموں اور جماعتوں کے کارکنان کے ساتھ سماجی خدمتگاروں نے حصہ لیا۔
  ممبئی علامتی کسان باغ کے کنوینر عبدالباری خان نے نمائندہ انقلاب کو بتایا کہ اس کے ذریعے یہ پیغام دیا گیا کہ ہم‌ سب کسانوں کے ساتھ ہیں ، قانون واپس لینے کا ان کا مطالبہ درست ہے اور کسانوں کی جدوجہد اور ان کے احتجاج کی ہم سب حمایت کرتے ہیں اور حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اڑیل رویہ چھوڑے اور مزید تاخیر کے بغیر کسانوں کا مطالبہ تسلیم کرے۔
 اس تعلق سے ڈونگری میں تابش سید، انور بھوجانی، وکھرولی میں سراج خان، امتیاز شیخ، سانتاکروز میں جاوید شیخ، ایڈوکیٹ خالد شیخ، کھار میں شاہد خان، گھاٹکوپر میں مفتی منظر اور سیف علی ، مانخورد منڈالا میں محمد رفیق، مستقیم خان اور گوونڈی میں معین رحمانی اور غفران شیخ کے علاوہ ان کے ساتھیوں کے تعاون سےاس پروگرام کا  انعقاد کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK