Inquilab Logo

تھانے کے شہری سڑکوں کے بڑے بڑے گڑھوں سے پریشان

Updated: July 09, 2022, 9:20 AM IST | Mumbai

مان پاڑہ ، کاسروڈولی ، ہیرانندانی اسٹیٹ اور ماجھی واڑہ کی سڑکوں پرگڑھے ہی گڑھے، شندے سے توجہ دینے کا مطالبہ

The dilapidated condition of Ghorbandar Road can be gauged from the picture below.
زیرنظرتصویر سے گھوڑبندر روڈ کی خستہ حالی کا اندازہ لگایاجاسکتا ہے۔ (تصویر: سمیرمارکنڈے)

یہاں مان پاڑہ، کاسروڈولی ، ہیرانندنی اسٹیٹ، ماجھی واڑہ جنکشن اور ایسٹرن ایکسپریس ہائی وےپرکروڑوں روپے خرچ کرنےکے باوجود تھانے اوراس کے اطراف کی سڑکیں موٹرسائیکل سواروں کیلئے خطرناک ثابت ہورہی ہیں۔ جگہ جگہ گڑھوں کی وجہ سے سب سے زیادہ دو پہیہ گاڑی والے متاثر ہوتے ہیں۔یہاں تک کہ کچھ لوگ تھانے کو گڑھوں کا شہر کہنے لگے ہیں۔
 ستم ظریفی یہ ہے کہ وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے تھانےکے نگراں وزیر اور ایم ایم آر ڈی اے کے چیئرمین بھی تھے۔گزشتہ سال ستمبرمیں  ایکناتھ شندے نےگڑھے والی سڑکوں اور ناقص کام دیکھنے کےبعد  ۲؍ انجینئروں کو معطل کر دیا تھا۔ تاہم سڑکوں کی حالت بتاتی ہے کہ اس کارروائی کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ مسافر گھوڑبندر روڈ پر خراب راستوں کی شکایت کر رہے ہیں اور پچھلے۲؍دن میں مانسون نے ان کی حالت مزید خراب کر دی ہے۔اس نمائندے نے گزشتہ روز ان سڑکوںکا دورہ کیا اور ہر طرف گڑھے پائے، اور مسافروں سے بات کی جنہوں نےاپنی مایوسی کا اظہار کیا۔مسافر اب ٹھوس نتائج کی توقع کرتے ہیں کیونکہ تھانے سے تعلق رکھنے والے ایکناتھ شندے اب وزیراعلیٰ ہیں۔
  تھانے کی سرحد پر ملنڈ اور ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے کے درمیان سڑکوں کا دورہ کرنے پر آنند نگر سےملنڈ کی طرف سڑک پر بڑے بڑے گڑھے نظر آئے۔  تھانے کے رہائشی اکشے لونڈے، جو روزانہ کام کیلئے یہاں سے سفر کرتے ہیں، نےنمائندے کو بتایا کہ’’تھانے والوں کیلئے گڑھے نئے نہیں ہیں۔ حکومت روڈ ٹیکس لیتی ہے، اور ٹریفک قوانین پر عمل نہ کرنےپرہم سے جرمانہ بھی وصول کرتی ہے۔ پھر وہ اچھی سڑکیں کیوں نہیں دیتی جس کے ہم حقدار ہیں۔ امیدہےکہ نئے وزیراعلیٰ جو تھانے کے ہی ہیں، ایسے اہم مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔‘‘
 ماجھی واڑہ جنکشن پر بھی سڑکیں اچھی حالت نہیں ہیں ۔ یہ علاقہ شیو سینا کے ایم ایل اے پرتاپ سرنائک کےحلقہ میں آتا ہے۔ آٹو ڈرائیورپنکج گری  جومقامی شخص ہے، نے کہاکہ ’’مجھے نہیں معلوم کہ حکام سڑکیں بنانےکیلئےکس قسم کی اشیاء استعمال کرتےہیں۔حال ہی میں انہوں نے کچھ مرمتی کام بھی کروائے تھے لیکن سڑکوں کی قابل رحم حالت آپ خود دیکھ سکتے ہیں۔ میں نے کئی ۲؍پہیہ گاڑیوں کوگڑھوں کی وجہ سے توازن کھوکر گرتے دیکھا ہے۔ ہمیں اب نئے وزیر اعلیٰ سے اچھی سڑکوں کی امید ہے۔ سیلز ایگزیکٹیوکے طور پر کام کرنے والے مسافر پنکج سسوڈیا نے کہاکہ ’’نہ صرف ماجھی واڑہ بلکہ تھانے-گھوڑبندرروڈ بھی خستہ حال ہے،خاص طور پر تین ہاتھ ناکہ فلائی اوور۔گاڑی والوں کی زندگیاں  خطرےمیںہیں، یہاں تک کہ ہیلمٹ بھی کسی کام کانہیں ہے۔ دن کی روشنی میں، ہم احتیاط سے سواری کرتےہیں لیکن یہ ایک جوا ہے، خاص طور پر مانسون میں جب سڑکوں پر پانی بھر جاتا ہے۔‘‘
 تھانے کی ایک پوش ٹاؤن شپ ہیرانندنی اسٹیٹ میںبھی سڑکوں پر گڑھے ہیں۔یہاں رہنے والی  ادیتی سارین نےکہا کہ پورے شہر میں سڑکیں قابل رحم حالت میں ہیں۔ ان سڑکوںسے گاڑی کے ذریعے گزرنا خطرناک ہے۔ اب جبکہ  وزیراعلیٰ ہمارے علاقے کاہےتوتھانے میں ہم عام شہری ان سے مطالبہ کرتےہیں کہ کم از کم ہمیں بنیادی سہولت فراہم کریں۔
 کاسروڈولی میں گھوڈبندر روڈ کی طرف میٹرو کےکام کی وجہ سے، دوپہر کو ناہموار سڑک کے ساتھ ساتھ بڑے بڑے گڑھے دیکھے گئے۔ اسی طرح تھانے-گھوڑبندر روڈ پرہی مانپاڑہ علاقے میں تھانے کی طرف بڑے بڑے گڑھے ہیں۔ایک سینئر میونسپل افسر نے کہا کہ ’’تھانے-گھوڑبندر روڈ ہمارےدائرہ اختیار میں نہیں آتا ہے۔ اس کی دیکھ بھال ایم ایم آر ڈی اے کرتی ہے۔ ہم اکثر ایم ایم آر ڈی اے حکام کو سڑک کی قابل رحم حالت کے بارے میں خط لکھتے ہیں۔ اب یہ ان پر منحصر ہے۔‘‘

thane Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK