Inquilab Logo

امبر ناتھ اور بدلاپور کے درمیان ٹی آر ٹی مشین میں خرابی، سروس متاثر

Updated: January 28, 2021, 10:24 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Ambernath

مشین پر رکھے سلیپر گر جانے سے ایک مزدور کی موت، ۲؍ زخمی،۵؍ گھنٹے کی مشقت کے بعدمشین ہٹائی گئی

Railway Track - Pic : Inquilab
سیمنٹ کے سلیپر بلاک بچھانے کے دوران حادثہ پیش آیا ۔(تصویر،انقلاب

منگل اور بدھ کی درمیانی شب بدلاپور اور امبر ناتھ ریلوے اسٹیشنوں کے در میان پٹر یوں کی مر مت کے دوران ٹریک ریلائنگ ٹرین( ٹی آر ٹی) مشین میں خرابی پیدا ہو گئی جس کے بعداُس میں رکھے ہو ئے سلیپر نیچے گر نے سے تین مزدور شدید طور پر زخمی ہو گئے۔زخمی مزدوروں کو کلیان کے ریلوے اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک مزدور کی دوران علاج موت واقع ہو گئی۔ دوسر ی جانب اس حادثہ کی وجہ سے امبر ناتھ اور بدلاپور کے در میان ٹرین سروس ۵؍ گھنٹے تک معطل رہی۔ 
          سینٹرل ریلوے انتظامیہ کے مطابق امبر ناتھ اور بدلاپور ریلوے اسٹیشنوں کے در میان رات ۲؍ بجکر ۵؍منٹ پر ڈاؤن ٹریک پر سیمنٹ کے سلیپر بلاک بچھائے جارہے تھے۔اس دوران ٹی آر ٹی مشین میں اچانک خرابی پیدا ہو گئی جس کی وجہ سے اُس میں رکھے ۱۲؍ سلیپر بلاک کھسک کر راجو جگاڑے، واسودیو سِدھ اور گنیش کشن سِد نامی تین مزدوروں پر گر گئے۔ حادثہ میںزخمی ہونے والے تینوں مزدوروں کو کلیان کے ریلوے اسپتال لے جایا گیا جہاں راجو جگاڑے کی دوران علاج موت ہو گئی جبکہ واسو دیو اور گنیش کشن کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے اور انہیں علاج کیلئے سائن اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ وہیں حادثہ کی اطلاع ملتے ہی سینٹرل ریلوے کی منٹیننس ٹیم کا عملہ جائے وقوع پر پہنچ گیا اور پانچ گھنٹے سے زائدو قت کی مشقت کے بعد  ٹی آر ٹی مشین ہٹائی گئی۔ 
 اس دوران بدلا پور اور امبر ناتھ ریلوے اسٹیشنوں کے در میان ٹرین سروس پوری طر ح بند رہی مگر سی ایس ٹی سے امبر ناتھ اور کر جت سے بد لاپور کے در میان لوکل ٹرینیں چلتی رہیں۔ لوکل ٹرین سروس کے معطل ہو جانے سے کر جت سے سی ایس ٹی جانے والے مسافروں کو کافی پر یشانی کا سامنا کر نا پڑا۔ بد لاپور اور امبر ناتھ کے بس ڈپو اور رکشا اسٹینڈپر مسافروں کا ہجوم نظر آیا۔ صبح ۹؍ بجکر ۴۰؍ منٹ پرریلوے ٹریک کا کام بحال ہوا بعد ازاں بدلاپور ریلوے اسٹیشن سے  ۹؍ بجکر ۵۲؍ منٹ پر پہلی سی ایس ٹی لوکل ٹرین چلائی گئی۔ سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او شیو اجی سُتار نے ٹو یٹ کر کے بتایا کہ امبر ناتھ اور بدلاپور کے در میان ہو نے والے حادثہ کے سبب پونے کی سمت جانے والی متعدد میل اور ایکسپر یس گاڑیوں کو دیوا۔پنویل۔کر جت راستے پر موڑ دیا گیا۔
     کلیان ٹھاکرلی کے در میان جے سی بی مشین ٹریک پر پھنس گئی
 بد ھ کی دوپہر تقریباً ۱۲؍ بجے کلیان اور ٹھاکر لی ریلوے اسٹیشنوں کے در میان پٹریوں سے متصل در ختوں اور جھاڑیوں کو جے سی بی مشین کی مدد سے صاف کیا جارہا تھا۔ اس دوران کلیان ریلوے اسٹیشن کے قریب جے سی بی مشین پٹریوں کے در میان پھنس  گئی۔اس واقعہ سے اَپ اور ڈاؤن دھیمی لائنوں کی ریلوے سروس آدھا گھنٹہ متاثر رہی۔ریلوے انتظامیہ نے جائے وقوع پر پہنچ کر ٹریک سے  جے سی بی مشین کو ہٹایا اور ٹرین سروس کو بحال کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK