Inquilab Logo

ہندوستانی کمپنیوں کے سربراہان سے ٹرمپ کی گفتگو

Updated: February 26, 2020, 3:30 PM IST | Agency | New Delhi

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے دورہ ہندوستان کے موقع پرملک کی اہم کمپنیوں کے سربراہان سےخصوصی ملاقات کی اور انہیں امریکہ میں مزید سرمایہ کاری کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کی ۔

ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی امریکی صدر ٹرمپ سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی
ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی امریکی صدر ٹرمپ سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر : پی ٹی آئی

 نئی دہلی : امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ  نے اپنے دورہ ہندوستان  کے موقع پرملک کی اہم کمپنیوں کے سربراہان سےخصوصی ملاقات کی اور انہیں امریکہ میں مزید سرمایہ کاری کے لئے آمادہ کرنے کی کوشش کی ۔ امریکی  صدر سے ملاقات کرنے والوں میںریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی ، ٹاٹا گروپ کے چیئر مین چندر شیکھرن ، مہندرا اینڈ مہندرا گروپ کے مالک آنند مہندرا ، جوبی لینٹ بھارتیہ گروپ کے شریک بانی ہری بھارتیہ ، آدتیہ برلا گروپ کے چیئر مین کمار منگلم برلا ، اسٹیل کمپنی آرسیلر متل کے چیئر مین لکشمی متل اور دیگر سربراہان کمپنی شامل ہیں۔  
 دوران گفتگو جب  ٹرمپ سے سوال پوچھے گئے کہ  امریکہ میں کن سیکٹرس میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ میں آپ کو بتائوں گا کہ امریکہ میں کون کون سے سیکٹرس میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے اور کتنی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے ہر کمپنی کے سربراہ سے کچھ سوالات بھی کئے جبکہ کمپنیوں کے مالکان نے  بھی امریکہ میں  اپنی سرمایہ کاری کے منصوبے انہیں بتائے۔
 ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی نے کہا کہ انہوں نے امریکی میں ۷؍ ارب ڈالرس کی سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے ٹرمپ کو بتایا کہ ہندوستان میں کس طرح ان کا ٹیلی کوم بزنس بہت تیزی کے ساتھ ترقی کر رہا ہے اور وہ بہت جلد فائیوجی لانچ کرنے والے ہیں۔ اس پر ٹرمپ نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ جلد ہی یہ کرنے والے ہیں تو مکیش امبانی نے کہا کہ ایسا ان کا ارادہ ہےکہ فائیو جی لانچ کردیا جائے  اور یہ بات یاد رکھنے لائق ہے کہ ریلائنس واحد ایسی کمپنی ہے جس نےفائیو جی نیٹ ورک کےلئے کسی بھی چینی کمپنی کا ساز و سامان  استعمال نہیں کیا ہے۔اس دوران امبانی نے امریکہ میں ٹیکس ریٹ کم کئے جانے پر ٹرمپ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
 ٹاٹا گروپ کے چیئر مین چندر شیکھرن نے بتایا کہ ان کی کمپنی نے امریکہ میں ۱۵؍ ملین افراد کو تربیت یافتہ بنایا ہے۔ اس پر ٹرمپ نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر کوئی حکومت تمام فنڈ استعمال کرکے بھی اتنے زیادہ لوگوں کو تربیت یافتہ بنانے کی کوشش کرے تو یہ ممکن نہیں ہوپاتا لیکن آپ کی کمپنی نے یہ کردکھا ہے جس کے لئے آپ قابل مبارکباد ہیں۔ اس سے امریکہ اور اس کی معیشت کو کافی فائدہ پہنچ رہا ہے۔مہندرا اینڈ مہندرا کے چیئر مین آنند مہندرا نے کہا کہ انہوں نے امریکہ میں ڈاک خدمات کے لئے استعمال ہونے والی وین کی تیاریوں میں ایک ارب ڈالرس کی  سرمایہ کاری کی ہے۔ اس پر ٹرمپ نے ان کا بھی  شکریہ ادا کیا۔ ٹرمپ نے اسٹیل کنگ کہلانے والے لکشمی متل سے کہا کہ آپ کی کمپنی آرسیلر متل نے امریکہ کی اسٹیل صنعت کو دوبارہ زندہ کرنے کا کام کیا ہے۔ اس کے لئے آپ کو قابل مبارکباد ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ اسی طرح سے آپ امریکہ کا تعاون کرتے رہیں گے ۔ 
 ٹرمپ نے انفوسس کے سی ای او سلیل پاریکھ اور اویو رومس کے سی ای او،رتیش اگروال  سے بھی گفتگو کی۔ ان سبھی نے امریکہ میں اپنی اپنی سرمایہ کاری کے بارے میں بتایا اور ٹرمپ سے امید کی کہ وہ ہندوستانی کمپنیوں کو ٹیکس ریٹ میں مزید راحت دینے کی کوشش کریں گے۔ اس پر ٹرمپ نے کہا کہ  وہ اس بارے میں غور کریں گے لیکن یہ تو طے ہے کہ ہندوستانی کمپنیاں  امریکہ میں کہاں اور کیسے سرمایہ کاری کریں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK