Inquilab Logo

سیوڑی ریلوے اسٹیشن کو سب سے خوبصورت اسٹیشن بنانےکی کوشش

Updated: January 20, 2021, 9:48 AM IST | Kazim Shaikh | Sewri

اسٹیشن منیجر اور اسٹاف کے ۲؍ممبروںنے اپنے ذاتی پیسوں سے رنگ وروغن کا کام کیا اور ۳؍ ماہ کے دوران غیرسرکاری تنظیموں کی مدد سے ریلوے اسٹیشن کی تزئین کاری بھی کی

Sewri Railway Station - Pic : Inquilab
سیوڑی ریلوے اسٹیشن ۔ تصویر : انقلاب

یہاں ریلوے اسٹیشن کےمنیجر اوراسٹاف کے ۲؍ممبروں نےلاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے  ریلوے اسٹیشن کو ممبئی کےدیگر ریلوے اسٹیشنوں میں سب سے خوبصورت اور صاف ستھرا بنانےکیلئے اپنے ذاتی پیسوں سے رنگ و روغن کیا۔ اس کام میں شہر کی ۲؍ غیرسرکاری تنظیموں نے ان کی مدد کی۔ ریلوے اسٹیشن منیجر کی اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سینٹرل ریلوے کے جنرل  منیجر نےحوصلہ افزائی کیلئے انہیں سرٹیفکیٹ   سے نوازا ہے۔
  سیوڑی ریلوے اسٹیشن  کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہاں پر لوکل ٹرین رکتی ہےتو اطراف سے آنے والی بدبو سے اس کی شناخت ہوتی ہے لیکن اس اسٹیشن کے منیجر نتیش کمار سنہا  کا دعویٰ ہے کہ ہم نے سیوڑی  اسٹیشن پر اپنے ذاتی پیسے بھی خرچ کرکے  رنگ وروغن اور تزئین کاری سےاسے بہت خوبصورت اور صاف ستھرا بنادیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ میری سب سے پہلی ذمہ داری ٹرین حادثات کو رو کنا ہے اسی کے ساتھ میں یہ بھی محسوس کرتا ہوں کہ ریلوے اسٹیشن کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جائے تاکہ مسافروں کو ٹرین کے انتظار میں کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو ۔ مسافروں کو بھی چاہئے کہ وہ ریلوے اسٹیشن کے اندر داخل ہونے کےبعد صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں ۔ 
  سیوڑی ریلوے اسٹیشن کے کانٹا شعبہ میں کام کرنے والے   شرد مہاترے نے کہا کہ ہم نے لاک ڈاؤن کے دوران ’مشن سوپر سیوڑی ‘ کے نام سے صاف صفائی وغیرہ کیلئے ایک مہم شروع کی تھی ۔ ریلوے اسٹیشن کے منیجر ایس کے سنہا اور  میرے ساتھ سیوڑی ریلوے اسٹیشن کے ملازم سنیل کنگےنے اپنے ہاتھوں سے رنگ و روغن کیا، پینٹنگ کی اور صحت سے متعلق مختلف نعرے لکھے ۔ کسی نے اسے سوشل میڈیا پر وائر ل کردیا ۔ ہمارے  اس کام کو دیکھتے ہوئےشہر کی ۲؍ غیر سرکاری تنظیموں نےہم سے رابطہ قائم کیا ۔ بہرحال پورے ریلوے اسٹیشن کی ایک لاکھ ۳۴؍  ہزار ۶۶۴؍ روپے کے  ایشین آئل پینٹ کے ذریعے تزئین کاری کی گئی  جس سے یہ کافی خوبصورت ہوگیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK