Inquilab Logo

یونان میں ترک سفارتکار جاسوسی کے الزام میں گرفتار، ترکی کی جانب سے مذمت

Updated: December 20, 2020, 10:51 AM IST | Agency | Brussels

یونانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے ایک ترک سفارتکار کو جاسوسی کے الزام میں‌ گرفتار کیا ہے۔ دوسری طرف ترک حکومت نے اپنے سفارتکار کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

Turkey and Greece
یونان اور ترکی

یونانی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس نے ایک ترک سفارتکار کو جاسوسی کے الزام میں‌ گرفتار کیا ہے۔ دوسری طرف ترک حکومت نے اپنے سفارتکار کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ یونان کی سرکاری نیوز ایجنسی نے جمعہ کواطلاع دی  کہ جزیرہ روڈس پر واقع ترک قونصل خانے کے سیکریٹری کو جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ گرفتاری پہلے سے تنازعات کا شکار دونوں پڑوسی ملکوں‌ کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ جبکہ ترک وزارت خارجہ نے اس کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔
 اطلاع کے مطابق سیکوریٹی حکام نے  ترک قو نصل خانے کے سیکریٹری سے ایک ہفتے قبل پوچھ تاچھ کی گئی تھی اس کے بعد اسے گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس نے اس کی اطلاع پر ایک یونانی شہری کو بھی حراست میں لیا ہے جو ترک قونصل خانے کیلئے کام کر رہا تھا۔ جس کے بعد اس نیٹ ورک میں مبینہ طور پر شامل ہونے کے الزام میں ایک اور یونانی کو بھی گرفتار کیا  گیا۔
 ایک پولیس اہلکار نے اطلاع دی کہ ایک شخص روڈس میں ترک قونصل خانے میں کام کرتا تھا اور دوسرا روڈس اور کسٹیلوریزو کے مابین چلنے والے کروز جہاز میں شیف کے طور پر کام کرتا تھا۔ یونانی جزیرہ کسٹیلوریزو ترکی کے ساحل سے دور واقع ہے۔ایک ملزم پر بحیرہ ایجیئن میں یونانی فوج کی نقل و حرکت کی فلم بندی کا الزام ہے۔ یونانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ ان دونوں کا تعلق ملک کے شمال میں قائم ایک یونانی مسلم اقلیت سے ہے۔ ادھر ترکی کی ’اناطولیہ نیوز ایجنسی‘ نے اطلاع دی ہے کہ ترکی کی وزارت خارجہ نے جزیرہ نما روڈس پر ترک قونصل خانے کے ایک ملازم کے یونانی حکام کے ہاتھوں گرفتاری کی مذمت کی ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس نے جہاز کی تصاویر کھینچی تھی بس اس وجہ سے اسے جاسوسی کے الزامات سے متعلق تحقیقات کا حصہ بنایا گیا ہے۔ٹی آر ٹی عربی ٹیلی ویژن نے بھی ترک وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترک سفارتکار اور یونانی شہریوں کی گرفتاری میں ویانا کنونشن اور انسانی حقوق سے متعلق یورپی کنونشن میں آزادی اور سلامتی کے حق کی دفعات کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔

turkey greece Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK