Inquilab Logo

ڈھائی ماہ بعد سعودی کی مساجد میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ جمعہ کی نماز ادا کی گئی

Updated: May 30, 2020, 10:11 AM IST | Riyadh

سعودی عرب میں کوئی ڈھائی ماہ بعد عوام کو مساجد میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ لیکن اس کے لئے سخت شرائط عائد کی گئی تھیں جن پر عمل کرتے ہوئے عوام نے اپنے رب کی بارگاہ میں سجدے کئے۔

People praying in the mosque. Photo: INN
مسجد میں مقررہ فاصلے پر نماز ادا کرتے لوگ۔ تصویر: آئی این این

سعودی عرب میں کوئی ڈھائی ماہ بعد عوام کو مساجد میں جمعہ کی نماز ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ لیکن اس کے لئے سخت شرائط عائد کی گئی تھیں جن پر عمل کرتے ہوئے عوام نے اپنے رب کی بارگاہ میں سجدے کئے۔ واضح رہے کہ مسجد نبوی اور حرم شریف میں اب بھی عوام کا داخلہ ممنوع ہے اور اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ دنیا کے ان دونوں مقدس ترین مقامات کو عوام کے لئے کب کھولا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی حکومت نے عید کے موقع پر ہی اعلان کر دیا تھا کہ ۳۱؍ مئی یعنی آئندہ اتوار سے مکہ اور مدینہ کے علاوہ ملک بھر کی مساجد نمازیوں کے لئے کھول دی جائیں گی۔ لیکن انتظامیہ نے جمعہ کی نماز کے لئے خاص طور پر مساجد کو کھولنے کی اجازت دی اور عوام نے حکومت کی ہدایات کی پابندی کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی۔ اب اتوار کو پانچوں وقت کیلئے مساجد کو کھول دیا جائے گا۔ البتہ مسجد نبوی اور حرم شریف میں اب بھی عوام کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ 
  انتظامیہ نے ملک بھر کی ۹۰؍ ہزار سے زائد مساجد کو اسپرے سے صاف کیا۔ جراثیم کش دوائوں کا چھڑکائو کیا گیا۔ اس لئے عوام کیلئے رہنما اصول جاری کئے گئے تھے۔ ان کے مطابق عوام کو گھر سے وضو کرکے آنا تھا۔ اس کے علاوہ مسجد میں داخل ہونے سے پہلے ہاتھوں کا سینی ٹائز کرنا ضروری قرار دیا گیا تھا۔ مسجد میں نمازیوں کے لئے کوئی چیز نہیں بچھائی گئی تھی بلکہ انہیں مصلیٰ گھروں سے لانےکی ہدایت دی گئی تھی۔ انہیں مساجد میں رکھے قرآن پاک کے نسخوں کو ہاتھ لگانے کی اجازت نہیں تھی بلکہ الیکٹرانک کلام پاک استعمال کرنے کیلئے کہا گیا تھا۔ نمازیوں کے درمیان ۲؍ میٹر کا فاصلہ لازمی تھا۔ بیماری کا شکار بزرگوں کو ۱۵؍ سال سے کم عمر کے لڑکوں کو مسجد میں آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ساتھ ہی پرانے حکم کے مطابق مساجد کی بیت الخلائوں کو بند رکھا گیا تھا۔ 
 مسجد نبوی اور حرم شریف کیلئے مزید انتظار
  ادھرمدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے امور کی جنرل پریسیڈنسی نے واضح کیا ہے کہ مسجد نبوی میں نماز کیلئے عوام کے داخلے پر پابندی تا حکم ثانی برقرار رہے گی۔ پریسیڈنسی نے تمام لوگوں پر زور دیا کہ وہ صحیح ذریعے سے معلومات حاصل کیا کریں ۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کو روکنے کیلئےکئے گئے احتیاطی اقدامات اور حفاظتی تدابیر کے سلسلے میں اسی سال ۲۰؍ مارچ کو حرمین شریفین میں عوام کے داخلے اور ان کی نماز پر تا حکم ثانی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ادھر مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کے سربراہ شیخ عبدالرحمٰن السدیس نے زور دیا ہے کہ حرمین شریفین میں نافذ کی گئیں احتیاطی اور حفاظتی تدابیر کی پوری پابندی کی جائے۔
  ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلے نمازیوں اور زائرین کو کورونا کی وبا سے محفوظ رکھنے کے واسطے کئے گئے ہیں ۔ شیخ السدیس کے مطابق حرمین شریفین کی جنرل پریسیڈنسی جو کچھ کر رہی ہے اس کا مقصد اس وبا کے خاتمے تک لوگوں کی سلامتی اور ان کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران ۱۶۴۴؍ افراد کورونا کی لپیٹ میں آئے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مریضوں کی مجموعی تعداد ۸۰؍ ہزار ۱۸۵؍ ہو گئی ہے۔ یہاں کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد ۴۴۱؍ ہے۔ سعودی عرب کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ مریضوں کی مجموعی تعداد میں سے ۲۵؍ ہزار ۱۹۱؍ افراد اب بھی زیر علاج ہیں جبکہ ۵۵؍ ہزار سے زائد افراد اب تک صحتیاب ہو چکے ہیں ۔ وزارت صحت کی اطلاع کے مطابق سعودی عرب میں اب تک ۷؍ لاکھ ۷۰؍ ہزار ۶۷۶؍ افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے چین میں کورونا وائرس کی شروعات ہوتے ہی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی شروع کر دی تھی اور سفر وغیرہ پر پابندی لگا دی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK