Inquilab Logo

تفتیش کیلئے ممبئی آنے والے بہار پولیس کے ۲؍ افسران کوارینٹائن

Updated: August 04, 2020, 8:34 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

دھکادے کر پولیس وین میں بٹھائے جانے پربی ایم سی اور پولیس پر سخت تنقیدیں ۔ شہری انتظامیہ کے مطابق کووڈ۱۹ ؍کی جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق دونوں افسران کو قرنطینہ کیا گیا ہے

SP Patna City - PIC : Sameer Markandey
پٹنہ شہر کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ونئے تیواری جنہیں بی ایم سی نے قرنطینہ کردیا ہے۔ (تصویر:سمیرمارکنڈے

اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی معاملہ میں جاری تفتیش پہلے ہی تنازع کا شکار ہوچکی تھی ۔  اب ممبئی پولیس نے میونسپل افسران کے ساتھ مل کر بہار سے تفتیش کیلئے ممبئی آنے والے آئی پی ایس افسر اور ان کے ساتھی افسر کو کوارینٹائن کر دیا ۔کوارینٹائن کرتے وقت افسران کو جس طرح سے دھکا دیتے ہوئے پولیس وین میں بٹھایا گیا اس پرسخت تنقیدیں کی جارہی ہیں اور اس تعلق سے ممبئی پولیس کمشنر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب نہیں دے پارہے ہیںالبتہ پولیس کمشنر نے ۱۳؍ جون کو جب سشانت سنگھ نے خود کشی کی تھی ، اس دن ان کے فلیٹ میں کوئی پارٹی نہ ہونے کی اطلاع دیتے  ہوئے  کہا ہے کہ اب تک کی تفتیش میں کسی بھی سیاسی لیڈر کا نام اس معاملہ میں سامنے نہیں آیا ہے ۔ بی ایم سی نے اس ضمن میں صفائی پیش کرتےہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے متعلق جاری کردہ گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے انہیں (بہار پولیس افسران )کوارینٹائن کیا گیا ہے ۔
 سشانت سنگھ راجپوت کی خود کشی کے معاملہ میں ممبئی پہنچنے والے پٹنہ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (ایس پی) ونئے تیواری جب ممبئی ایئر پورٹ پہنچے تھے تو ان کی اسکریننگ بھی نہیں کی گئی ۔ وہیں ایئر پورٹ سے باہر آنے کے بعد بہار پولیس کے افسران نے اپنی تفتیش کا سلسلہ شروع کرنے کی کوشش کی ہی تھی کہ پیر کو انہیں ممبئی پولیس افسران کی مدد سے میونسپل افسران نے کوارینٹائن کر دیا ۔ ممبئی پولیس ذرائع کے مطابق آئی پی ایس افسر اور ان کے ساتھی کو کوارینٹائن کرنے کے سلسلہ میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس گپتیشور پانڈے نے ممبئی پولیس کے اعلیٰ افسران سے بات چیت کی تھی ۔
  ممبئی پولیس سے یہ سوال کیا جارہا ہے کہ سشانت سنگھ خود کشی معاملہ میں جب اس سے قبل بہار پولیس کے ۴؍ افسران ممبئی آئے تھے اور وہ ممبئی پولیس کے افسران سے اس سلسلہ میں میٹنگ بھی کرتے رہے ہیں ، انہیں کیوں نہیں کوارینٹائن کیا گیا تھا ۔اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے ۔بہار کے ایک وزیر سنجے جھا نے کوارینٹائن کئے گئے آئی پی ایس افسر سے فون پر بات چیت کی تھی اور ان سے ہوئی بات چیت کے بعد انہوں نے ممبئی پولیس کے ذریعہ افسران کو زبردستی کوارینٹائن کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ بہار پولیس اداکار سشانت سنگھ راجپوت کے والد کے ذریعہ اداکارہ ریاچکرورتی کے خلاف درج کردہ ایف آئی آر پر تفتیش کے لئے ممبئی آئی   ہوئی ہے ۔ 
 سشانت سنگھ معاملہ میں ایک طرف پولیس کی تفتیش پر شبہ کرتے ہوئے کئی بار جانچ سی بی آئی کے حوالہ کئے جانے کا مطالبہ کیا جاچکا ہے ۔ وہیں یہ کیس سیاسی رخ بھی اختیار کرتا جارہا ہے۔ ایک طرف  اپوزیشن کے کئی لیڈران شیو سینا کو نشانہ بناتے ہوئے تنقیدیں کررہے ہیں ۔وہیں ریاستی وزیر داخلہ انل دیشمکھ اور شیوسینا لیڈر نے ممبئی پولیس کی تفتیش پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی بی آئی کے ذریعہ جانچ کرانے کی ضرورت کو سرے سے خارج کر دیا ہے ۔دریں اثناءبہار کے آئی پی ایس افسر اور ان کے ساتھی افسر سے بد سلوکی کرتے ہوئے پولیس وین میں بٹھانے اور کوارینٹائن کئے جانے پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے ۔
 واضح رہے کہ اس کیس کی تفتیش کے دوران اب تک ۵۶؍ افراد کے بیانات درج کئے گئے ہیں جس میں اداکارہ ریا چکرورتی کا بھی بیان شامل ہے ۔ممبئی پولیس کمشنر کے بقول سشانت سنگھ راجپوت دو قطبی عارضہ میں مبتلا تھا اور اس کا علاج بھی کروا رہا تھا ۔سشانت سنگھ کے اکاؤنٹ میں کل ۱۸؍ کروڑ روپے موجود تھے ، ساڑھے ۴؍ کروڑ روپے  اب بھی  اکاؤنٹ میں موجود ہیں لیکن اداکارہ ریا کے اکاؤنٹ میں ۱۵؍ کروڑ روپے ڈائریکٹ ٹرانسفر کئے گئے ہیں۔ اس سلسلہ میں اب تک کوئی ثبوت نہیں  ملا ہے۔    دوسری جانب  اداکارہ ریاچکرورتی کے وکیل ستیش مانے شندے نے پیر کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ریاچکرورتی کے لاپتہ ہونے سے متعلق بہار پولیس کے ذریعہ دیا گیا بیان بے بنیاد ہے ، میری موکلہ یہیں ممبئی میں موجود ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK