Inquilab Logo

ایران میں کورونا وائرس کے سبب مزید دو اموات، اٹلی میں بھی پہلی ہلاکت

Updated: February 23, 2020, 1:24 PM IST | Agency | Tehran

مختلف شہروں میں وائرس کے پھیلنے کی تصدیق ، اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کا حکم۔ مشرق وسطیٰ میں کھلبلی، سعودی عرب نے اپنے یہاں مقیم ایرانی باشندوں کے وطن وا پس جانے پر پابندی عائد کی۔ اٹلی میں ایک ۷۸؍ سالہ شخص کی ہلاکت جبکہ ۱۰؍ متاثرین کو گھرسے نکلنے کی ممانعت۔ عالمی ادارہ صحت کی جانب سے خبر دار کیا گیا کہ وائرس کو عالمی سطح پر پھیلنے سے روکنے کے مواقع مسلسل کم ہوتے جا رہے ہیں

 اب ایران کے شہروں میں بھی لوگ ماسک پہننے پر مجبور ہیں تصویر: پی ٹی آئی
اب ایران کے شہروں میں بھی لوگ ماسک پہننے پر مجبور ہیں تصویر: پی ٹی آئی

تہران : کورونا وائرس کی پھیلتی ہوئی وبا نے اب ایران پر  اپنا شکنجہ کسنا شروع کر دیا ہے۔  گزشتہ دنوں ایران میں ۲؍  اس وائرس کے سبب ۲؍ لوگوں کی موت سے متعلق خبر آئی تھی۔ اب مزید دو لوگوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔  اس طرح ملک میں کورونا وائرس کے سبب  ہلاک ہونے والوں کی تعداد ۴؍ ہو گئی ہے۔  واضح رہے کہ اس سے قبل ایران کے قم علاقے میں  اموات ہوئی تھیں جبکہ اس بار  اراک کے علاقے سے ہلاکتوں کی اطلاع ملی ہے۔  ان دونوں ہی علاقوں میں اسکولوں اور کالجوں کو بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ 
  اس دوران ایرانی وزارت صحت کی ترجمان مینو مہریز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ وائرس اب ایران کے تمام شہروں میں پھیل چکا ہے۔ اب تک یہاں کورونا وائر س کے ۱۸؍ معاملات سامنے آئے ہیں۔ ایرانی حکام نے  اراک اور قم میں تمام اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ اس وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے۔ اتوار سے یہاں تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ قم میں ہونے والے مذہبی اجتماعات کو بھی ملتوی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ایران  میں چند  ہی روز میں ۴؍ اموات کے سبب کورونا وائرس کے سبب  خلیجی ممالک میں بھی کھلبلی مچی ہوئی ہے۔  اور مختلف ممالک کے اس تعلق سے احتیاطی اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔   
 سعودی میں مقیم ایرانی باشندوں پر پابندی
 سعودی عرب نے جمعہ کو  اعلان کیا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ان کے وہاں مقیم ایرانی باشندوں کو واپس ایران جانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔اگر کسی نے اس حکم کی خلاف ورزی کی تو اسے دوبارہ سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔  ڈایریکٹوریٹ جنرل برائے پاسپورٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے اختیار کئے گئے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی باشندوں کو وطن واپس جانے سے روکنے کا فیصلہ ان کی صحت اور مملکت کو کورونا کی وبا سےمحفوظ رکھنے کیلئے کیا گیا ہے۔  انہوںنے زور دے کر کہا کہ سفری دستاویز کے نظام اور اس کے انتظامی ضوابط کی دفعات کا اطلاق ان تمام شہریوں پر ہوگا جنہوں نے ایران پر سفری پابندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ واضح رہے کہ کویت ایک روز قبل ہی کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر ایران سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر چکا ہے۔
 اٹلی میں کورونا وائرس سے پہلی موت
 اٹلی میں بھی کورونا وائرس سے پہلی موت ہوئی ہے۔ مقامی میڈیا نے یہ اطلاع دی ہے۔اٹلی کے کوئریرے   ڈیلا سیر اخبار نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایک  ۷۸؍ سالہ شخص کو علاج کیلئے ونیٹو علاقے می پڈووا شہر کے نزدیک ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔ شمالی اٹلی کے لومبرڈی ۱۵؍ اور ونیٹو میں کورونا وائرس کے دو معاملے درج کئے گئے تھے۔ وہیں لومبرڈی میں ۱۰؍لوگوں کو  بہت ضروری کام   ہو تو ہی  اپنے گھروں سے  نکلے کا مشورہ دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کا پہلا معاملہ گزشتہ دسمبر کے آخر میں چین کے ہوبائی کی راجدھانی ووہان میں سامنے آیا تھا۔ اس وقت یہ ہندوستان سمیت دنیا کے ۲۵؍سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے۔ اس مہلک وائرس کے سبب اب تک ۲۲؍ سو سے زائد لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور دنیا بھر میں ۷۷؍ہزار سے زیادہ لوگ اس سے متاثر ہیں۔
 عالمی  ادارۂ صحت نے خبردار کیا
 ادھر  ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (عالمی ادارہ صحت) نے خبردار کیا ہے کہ چین سے واضح تعلق نہ رکھنے والے معاملات کی تعداد میں اضافہ  تشویشناک ہے، اس کی وجہ سے مہلک وائرس کوروکنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈنوم  کئی ہفتوں سے اصرار کررہے ہیں کہ چین کے وسطی صوبہ ہبوئی  کےباہر وائرس کے  معاملات کم ہیں اس کی وجہ سے وائرس کو  عالمی  سطح  پرپھیلنے سے روکنا ممکن ہوا ہے۔تاہم گزشتہ روز مشرق وسطیٰ اور جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کےمعاملات میں اضافے کے بعد سے ان کا موقف بدل گیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کو روکنے کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK