Inquilab Logo

میرابھائندرسڑک اور میٹرو ریل کیلئے دومنزلہ فلائی اوورزیرتعمیر

Updated: December 03, 2022, 10:50 AM IST | Shahab Ansari and Rajendra B. Aklekar | Mirabhayander

پہلی بار اسٹریڈل کیریئر کا استعمال ۔نچلے حصے پربریج ہوگا اور اوپری حصے پر میٹرو ۹؍ دوڑے گی جس کیلئے ۹۳۲؍ میٹرک ٹن وزنی ۱۰؍ مختلف اہم حصوں کوجوڑنےکا کام مکمل

The flyover to be constructed between Dahisar and Meerabhaindar will be a double-decker; Photo: Inquilab
دہیسر اورمیرابھائندر کے درمیان تعمیر کیا جانے والا یہ فلائی اوور ڈبل ڈیکر ہوگا;تصویر: انقلاب

یہاں دہیسر کے درمیان شہر کا پہلاڈبل ڈیک والا (دومنزلہ ) فلائی اوور تعمیر کیا جارہا ہے جس سے سڑک کی ٹریفک بھی گزرے گی اور اس کے نیچے میٹرو لائن- ایک۔ اس کا کام ممبئی میٹرو لائن ۹؍  کے روٹ پر جاری ہے۔ اسی طرح پہلی مرتبہ ٹھیکیدار اس پل کی تعمیر میں اسٹریڈل کیریئر کا استعمال کررہے ہیں۔۱۱ء۳۸۶؍ کلومیٹر کے اس میٹروریل روٹ کے ۱۰؍ اسٹیشن ہوں گےاور یہ ممبئی میٹرو ریڈ لائن -۷؍ میں توسیع شدہ حصہ ہے ۔ واضح رہے کہ  یہ میٹرو  اندھیری اور دہیسر کے درمیان دوڑے گی جس کے ایک حصے کو امسال اپریل میں شروع کیا جاچکا ہے۔
 دہیسر سے میرا بھائندر کے درمیان میٹرو لائن -۹؍  کے لئے گزشتہ شب ۹۳۲ ؍ میٹرک ٹن وزنی  ۱۰؍مختلف اہم حصوں کو جوڑنے کا کام مکمل کیا گیا۔ ممبئی میٹرو کی یہ اپنی نوعیت کی منفرد لائن جس پر۲؍ ڈیک ہوں گے۔ اس کے نچلے ڈیک پر موٹر گاڑیوں کے لئے فلائی اوور ہوگا اور اوپری حصہ پر میٹرو  ریل چلائی جائے گی۔ایک افسر کے مطابق ’’یہ لائن بالکل انوکھی ہوگی کیونکہ یہ ڈبل ڈیکر بریج پر دوڑے گی۔ اس پل کے پہلے ڈیک پر فلائی اوور ہوگا اور دوسرے ڈیک پر میٹرو دوڑے گی۔ یہ فلائی اوور میراروڈ کے مجوزہ شیواجی چوک میٹرو اسٹیشن کے قریب سے شروع ہوگا اور  میرابھائندر روڈ   سے ہوتے ہوئے بھائندر مغرب میں ختم ہوگا۔ یہ ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے ، ویسٹرن ریلوے اور ممبئی میٹرو (لائن - ۲؍ اور لائن ۷) کے درمیان باہمی رابطے کا کام کرے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ کاشی گاؤں اور سبھاش چندر بوس گراؤنڈ کے درمیان کاشی میراروڈ پر اس طرح کے ڈبل ڈیکر وایاڈکٹ (پل کی طرح کا ڈھانچہ) کے ۳؍ راستے ہیں جن کی پیمائش ڈیڑھ کلومیٹر ، ۱ء۱؍ کلومیٹر اور۷۵۴؍ میٹر ہے جو گاڑیوں اور میٹرو ریل کیلئے ہوں گے۔‘‘
 بھائندر مغرب کے گاؤں رائی اور مردھا علاقے میں ایم ایم آر ڈی اے کاممبئی میٹرو  لائن -۹، لائن -۷؍ اور لائن -۷ ؍اے کیلئے مینٹیننس ڈپو تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے لیکن چند مقامی افراد اور رضاکاروں کے احتجاج کی وجہ سے اسے زمین کی حصولیابی کے چیلنج کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔یاد رہے کہ بھائندر کے گاؤں والے  چاہتے ہیں کہ میٹروکارشیڈ ان کی آبائی زمین کے بجائے کچھ  آگے واقع زمین پر تعمیر کیا جائے۔ اس پروجیکٹ کی لاگت  ۶۶۰۷؍ کروڑ روپے  ہے جس میں ریاستی ٹیکس اور ۵ء۷؍ فیصد سالانہ اضافہ شامل ہے اور اس پر ۸؍ کار والی معیاری گیج ٹرینیں چلیں گی۔ میٹروپولیٹن کمشنر ایس وی آر سرینیواس نے اس تعلق سے کہاکہ ’’میٹرو اور سڑک کے ساتھ ڈبل ڈیکر پل میٹرو لائن- ۹؍ پرواقع  ہے اور ایسا ایم ایم آر میں پہلی بارہورہا ہے کہ یہ کام ہم کر رہے ہیں۔ اسٹریڈل کیریئر کرین رات کو کام کرتی ہے اور اسے بھی پہلی بار یہاں تعینات کیا گیا ہے۔ کام میں تیزی لانے کی کوششیں جاری ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK