Inquilab Logo

پائپ لائنکی مرمت کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے ۲؍ مزدور ہلاک

Updated: October 20, 2020, 9:46 AM IST | Kazim Shaikh | Kurla

کرلا میں اندوہناک حادثہ ، دیگر۵؍ مزدورزخمی جنہیں راجا واڑی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق جہاں حادثہ پیش آیا ، وہ جگہ اور جس جنریٹر سے کرنٹ لگا ، وہ بی ایم سی کا تھا

Sumannagar - Pic : Inquilab
سمن نگر علاقے کی وہ جگہ جہاں اندوہناک حادثہ میں ۲؍مزدوروں کی موت ہوگئی۔ (تصویر: انقلاب

یہاں  کے مشرقی علاقے نہرو نگر میں ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے کے قریب نالا کشادہ کرنے کے دوران  پائپ لائن پھٹ گئی جس کی وجہ سے اس کی مرمت کیلئے ۲۰؍ فٹ گہرا گڑھا کھودا گیا ۔ گڑھے میںجمع پانی کو نکالنے کیلئے جنریٹر لگانے کے دوران  وہاں کام کرنے والے میونسپل کارپوریشن کے ۷؍مزدوروں میں سے۲ ؍مزدور کرنٹ لگنے سے ہلاک  جبکہ دیگر ۵؍ مزدورہلاک ہوگئے ۔ مہلوکین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے راجا واڑی اسپتال میں بھیج دیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو  علاج کیلئے  اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جارہی ہے  ۔ پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کردی ہے ۔ 
  نہرونگرکے علاقے سمن نگر میں ٹریفک  پولیس اسٹیشن سے متصل سڑک کے کنارے  نالا کشادہ کرنے  کے دوران پانی سپلائی کی پائپ لائن پھٹ گئی۔ صبح تقریباً  ۸؍ بجے   پائپ لائن کا کام شروع کیا گیا تھا جہاں پر بی ایم سی  کے ۷؍  ملازمین کام کررہے تھے ۔ جنریٹر سے   اچانک بجلی کا جھٹکا لگنے سے ۲؍ مزدور ہلاک  اور۵؍مزدور زخمی ہوگئے تھے جنہیں گھاٹکوپر میں واقع راجا واڑی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔
 ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر نے بتایا کہ  نہرو نگر پولیس  اسٹیشن کی حدود میں ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے کے کنارے انابھاؤ ساٹھے فلائی اوور کے قریب نالے کو چوڑا کیا جارہا  تھا۔ اسی دوران پیر کی صبح تقریباً ۸؍بجے پانی سپلائی کرنے والی پائپ لائن  پھٹ گئی جس کی  مرمت کا کام شروع کیا گیا تھا ۔  اس جگہ پر۲۰؍  فٹ گہرا گڑھا کھودا گیا ہے۔   اس گڑھے میں جمع  ہونے والے پانی کو نکالنے کیلئے ۴؍ پمپ لگائے گئے ہیں۔  اسے چلانے کیلئے جنریٹر بھی لگائے گئے ہیں۔
 کرلا نہرو نگر پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر ولاس شندے کا کہنا ہے کہ پیر  کی صبح ۸؍بجے  میونسپل کارپوریشن کے ۷؍مزدور وہاں کام کررہے تھے اور ان میں سے کئی مزدور اندر گڑھے میں اتر کر کام  میں مصروف  تھے جس کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے گنیش دتو اگلے (۳۴) اور امول تائے (۴۰) کی موت واقع ہوگئی ۔ پولیس کے مطابق  ۵؍ مزدوروں کو علاج کیلئے راجا واڑی اسپتال داخل کیا گیاہے ۔ ان میں نانا پوکلے ( ۳۹)،  مہیش جادھو (۴۰)،  نریش ادھانگلے ( ۴۰)،  راکیش جادھو ( ۳۹) اور انل چوہان (۴۳) شامل ہیں ۔
 نہرو پولیس نے اے ڈی آر درج کرلیا ہے اورمعاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں سینئر انسپکٹر شندے کا کہنا ہے کہ جہاں حادثہ پیش آیا ، وہ جگہ بی ایم سی کی تھی اورمرمت کاکام کرنےوالے مزدوربھی  بی ایم سی کے تھےنیز جس جنریٹر کی وجہ سے کرنٹ لگا،  وہ بھی بی ایم سی کا تھا ۔ ابھی کسی کے خلاف کوئی معاملہ درج نہیں کیا گیا ہے۔
   راجاواڑی اسپتال کی ڈین ڈاکٹر ودیا ٹھاکر نے کہا کہ کرنٹ لگنے کےواقعہ میں ۲؍ مزدوروں کی موت ہوگئی ہے  جبکہ ۵؍ مزدوروں کو احتیاطی طور پر علاج کیلئے اسپتال داخل کیا گیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK