Inquilab Logo

ادھو ٹھاکرے نے بارش سے ہونے والی تباہیوں کا جائزہ لیا، حکام کو ضروری ہدایات

Updated: July 24, 2021, 9:49 AM IST | Mumbai

منترالیہ کے ڈیزاسٹر کنٹرول روم سے وزیراعلیٰ نے ریاست بھر کی صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کی اور ضروری احکامات دیئے

uddhav thackeray(right) with the authorities.Picture:Inquilab
ادھوٹھاکرے (دائیں) حکام کے ساتھ

وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے  جمعہ کو منترالیہ کے ریاستی ڈیزاسٹر کنٹرول روم سے کوکن کے ساحل ، مغربی مہاراشٹر اور ریاست کے دیگر حصوں میں شدید بارش کی وجہ سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کا جائزہ  لیا اور انتظامیہ کو راحتی کاموں کے تعلق سے ضروری ہدایت دی۔ اس دوران  انہوںنے ہیلی کاپٹر کی مدد سے سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگوں کو کھانے کے پیکٹ تقسیم کرنے اور انہیں بچاؤ کام کا بھی جائزہ لیا۔ ادھو ٹھاکرےنے ضلع رائے گڑھ کے مہاڈ تعلقہ میں مٹی کا  تودے گرنے  کے   حادثات کے مہلوکین کے تعلق  سے گہرے غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پہاڑی  پر بسے ہوئے  دیہات اور بستیوںکو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی  انتظامیہ کو ہدایت دی۔  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ اگلے ۲؍ تا ۳؍ دنوں تک موسلاد ھار بار ش ہو سکتی ہے اور اسی اعتبار سے انتظامیہ ضروری کارروائی کرے۔ اس موقع پر وزیر برائے امداد و بحالی وجے وڈیٹیوار ، وزیر ماحولیات آدتیہ ٹھاکرے ، وزیر مملکت سنجے بنسوڈ ، چیف سیکریٹری سیتارام کنٹے ، محکمۂ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری منوکمار سریواستو ، دفتر اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔
 موسلا دھار بارش کی وجہ سے رائے گڑھ، رتناگیری ، پالگھر ، تھانے ، سندھودرگ ، کولہا پور ، ستارا اور سانگلی اضلاع میں سیلاب کی صورتحال ہے۔ سانگلی ، کولہاپور کےانتظامیہ کو  چوکس رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ کوئنا ڈیم  سے پانی چھوڑا گیا ہے اور بارش ابھی مکمل طور پر نہیں رکی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو نکالنے اور پھنسے ہوئے لوگوں کو فوری طور پر کھانے کے پیکٹ ، کپڑے ، دوائی وغیرہ سپلائی کرنے  کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ کو مطلع کیا گیا کہ سیلاب میں پھنسے ہوئے لوگو ںکو ہیلی کاپٹر کی مدد سےبچانے کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔گھروں کے چھتوں اور اونچائیوں پر پناہ لینے پر سیلاب زدگان کی فوری مدد کرنا ممکن ہے۔غیر سرکاری تنظیموں سے کھانے کے پیکٹ ، کپڑے کی مہیا کرانے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
ہیلی کاپٹروں کی مدد سے راحتی کام شروع
 وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے رائےگڑھ کے ضلع کلکٹر ندھی چودھری سے مہاڈ میں سیلاب کی صورتحال کی معلومات لی۔ چودھری نے بتایا کہ’’ مہاڈ میں ہیلی کاپٹروں کی مدد سے امدادی کام شروع کر دیئے گئے ہیں ۔اگر سیلاب میں پھنسے ہوئے افراد مکانات کی چھتوں پر یا اونچائی پر جاتے ہیں تو وہ بچاؤ ٹیم کے ذریعہ دکھائی دیں گے۔ ہیلی کاپٹر انتظامیہ نے پھنسے ہوئے لوگوں سے یہ اپیل کی ہے وہ چھتوں پر یا اونچے مقامات پر  پہنچ جائیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK