Inquilab Logo

یوکرین : ایک تہائی پاور اسٹیشن تباہ ، کم سے کم بجلی کے استعمال کی اپیل

Updated: November 06, 2022, 10:33 AM IST | Kiev

زیلنسکی کے مطابق یوکرین کی توانائی کی تنصیبات پر روسی حملوں کے بعد ۴۵؍ لاکھ افراد بجلی کے بغیر اندھیرے میں رہ رہے ہیں۔ماسکو پر توانائی دہشت گردی کے استعمال کا الزا م لگایا

It`s bright inside the hotel in Kyiv, the capital of Ukraine, while the street outside is dark. (AP/PTI)
یوکرین کے دارالحکومت کیف میں ہوٹل کے اندر اجالا ہے جبکہ باہر سڑک پراندھیرا ہے۔ ( اےپی/ پی ٹی آئی)

روسی حملوں  کے۲۵۵؍ویں دن سنیچر کو یوکرین کے ایک تہائی پاور اسٹیشن تباہ ہوگئےہیں۔ ایسے میں عوام سے کم سے کم  بجلی کے استعمال کی اپیل کی گئی ہے۔  اس دوران یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس پر ’توانائی کی دہشت گردی‘ کا سہارا لینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا  کہ اس اقدام سے روسی فوجیوں کو مدد ملتی ہے۔صدر زیلنسکی کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران یوکرین کے ایک تہائی پاور اسٹیشن  تباہ ہو چکے ہیں، اسی وجہ سے یوکرین کی حکومت کو شہریوں سے کم سے کم بجلی استعمال کرنے کی درخواست کرنی پڑی ہے۔ قبل ازیں اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یوکرین کی توانائی کی تنصیبات پر روسی حملوں کے بعد۴۵؍ لاکھ افراد بجلی کے بغیر اندھیرے میں رہ رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ ہفتوں میں روس نے یوکرین میں بجلی کی تنصیبات پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کئے ہیں۔یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب حکام نے بڑے جنوبی شہرخیرسون سے روسی فوجیوں کے انخلاء کی پیش گوئی کی ہے۔
 صدر زیلنسکی نے مزید کہا کہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی شب تقریباً ۴۵؍لاکھ صارفین کی بجلی سپلائی عارضی طور پر منقطع کردی گئی۔انہوں نے کہا کہ روسی افواج کا توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانا اس کی ’کمزوری‘کی علامت ہے کیونکہ روسی فوج اگلے  محاذ پر زیادہ زمین پر قبضہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ روس کی جانب سے توانائی کی دہشت گردی کا سہارا لینا ہمارے دشمن کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔ وہ یوکرین کو میدان جنگ میں نہیں ہرا سکتے، اس لئے وہ ہمارے عوام کو اس طرح توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب روس کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ وہ یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا رہا ہے۔
 جی سیون ممالک کا اجلاس 
  دریں اثناءیوکرین کو توانائی اور پانی کے اہم ڈھانچے کی مرمت،  بازآبادکاری اور دفاع میں مدد کیلئے ایک ’جی سیون کوآرڈینیشن میکانزم‘ قائم کیا جائے گا۔ اس بارے میںجی سیون ممالک نے بتایا کہ  ایک اجلاس میںیہ فیصلہ کیاگیا۔ جرمنی، امریکہ، برطانیہ، کناڈا، فرانس، اٹلی اور جاپان کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے نے جرمنی کے شہر مونسٹر میں۲؍روزہ اجلاس کے بعد ایک مشترکہ بیان میں اس بات پر زور دیا  ہے کہ یوکرین کے     اہمیت کے حامل بنیادی ڈھانچے کا تحفظ کیا جائے گا۔بیان میں روس کو  خبردار کیا گیاہےکہ روس اور دیگر ممالک، افراد یا تنظیمیں جو یوکرین میں ماسکو کی جنگ میں فوجی مدد فراہم کر رہے ہیں،  وہ ہمیشہ اقتصادی اخراجات اٹھاتے رہیں گے اور جب تک ضروری ہو ا یہ ممالک یوکرین کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
بیان میں اس بات کی نشاندہی کی گئی  کہ اگر ماسکو نے کسی بھی کیمیائی، حیاتیاتی یا جوہری ہتھیاروں کا استعمال کیا تو اسے سنگین نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔ اس دوران روس سے یوکرین میں جنگ ختم کرنے کی اپیل کو دہرایا گیا ۔

ukraine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK