Inquilab Logo

نئے تعلیمی سال کے آغاز سے متعلق غیر واضح ہدایت ، اسکولوں کو دشواری

Updated: June 14, 2022, 9:47 AM IST | saadat khan | Mumbai

ریاستی ایجوکیشن کمشنر نے ۱۳؍جون سے اسکولی عملے اور ۱۵؍جون سے طلبہ کو اسکول بلانےکی ہدایت جاری کی تھی لیکن بی ایم سی محکمہ ٔ تعلیم نے اس کی وضاحت نہیں کی جس کی وجہ سے پیر کو متعددمیونسپل اسکول کھل گئے۔ اساتذہ اور عملے نے بچوں کا پھول ، غبارے اور چاکلیٹ سے خیرمقدم کیا

On the first day in BMC Urdu and English medium schools, children are being welcomed with balloons and chocolates.
بی ایم سی کے اردو اور انگریزی میڈیم اسکولوں میں پہلے دن بچوں کوغبارے اورچاکلیٹ دے کر استقبال کیا جارہا ہے۔

نئے تعلیمی سال کے آغاز سےمتعلق ریاستی اور بی ایم سی  کے محکمۂ تعلیم کی غیر واضح ہدایت سے میونسپل اسکولوںکے ہیڈماسٹرس اور اساتذہ کو دشواریوں  کا سامنا کرنا پڑا  اور کئی اسکول  پیر۱۳؍جون کو کھل گئے جبکہ ریاستی ایجوکیشن کمشنر نے ۱۳؍جون سے اسکولی عملے اور ۱۵؍جون سے طلبہ کو اسکول بلانےکی ہدایت جاری کی تھی لیکن بی ایم سی محکمہ ٔ  تعلیم کی طرف سے اس بارے میں وضاحت نہ کئے جانے سے پیر کوہی متعدد میونسپل اسکولوںمیں نئے تعلیمی سال کا آغاز کردیاگیا، اسی  وجہ سے بچوں کی حاضری کم رہی۔ جو بچے حاضر ہوئے ، ان کا پھول ، غبارے اور چاکلیٹ دے کر خیرمقدم کیاگیا۔
 سنگھرش نگر میونسپل اُردو میڈیم اسکول کے انچارج خالد شیخ نے بتایاکہ ’’گرمی کی تعطیلات شروع ہونے سے قبل بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے نئے تعلیمی سال کے آغاز سے متعلق جو سرکیولر جاری کیاتھا، اس میں ۱۳؍جون سے نئے تعلیمی سال کے آغاز کی اطلاع دی گئی تھی جبکہ ریاستی وزیرتعلیم ورشا گائیکواڑ نے گزشتہ دنوں ایک صحافی کو بیان دیتےہوئے کہاتھاکہ نئے تعلیمی سال کا آغاز ۱۵؍جون سے کیا جائے گا جس کےبعد ریاستی محکمۂ تعلیم کے ایجوکیشن کمشنر   سورج منڈھرےنے باضابطہ اس تعلق سے ایک سرکیولر جاری کیاتھا جس میں ممبئی  اور ریاست کے دیگر اضلاع کے  ڈائریکٹر آف ایجوکیشن، ڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے پرنسپل، ایجوکیشن آفیسراور ایجوکیشن انسپکٹر کو  اطلاع دی گئی تھی کہ تدریسی اور غیر تدریسی عملے کیلئے ۱۳؍جون اور طلبہ کیلئے ۱۵؍ جون سے اسکول  شروع کئے جائیں گےلیکن بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے اس بارےمیں نئی ہدایت   جاری  نہیں کی گئی تھی جس کی وجہ سے میونسپل اسکولوںنے پرانے سرکیولر پر عمل کرتےہوئے اسکولی عملے اور طلبہ دونوں کو    ۱۳؍  جون کو بلالیا۔‘‘  ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ ’’کووڈ۱۹؍ کے بڑھتے  معاملات کی وجہ سے اسکولوںکو تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنےکی تلقین کی گئی ہے۔ اس لئے میں ۹؍ جون سے اسکول آرہا ہوں تاکہ اسکول شروع ہونے سے قبل ساری تیاریاں مکمل کی جاسکیں۔ اس دوران طلبہ اوروالدین کو ایس ایم ایس اور ذاتی ملاقات کرکے بھی ۱۳؍جون سے اسکول شروع ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، اس کےباوجودپیر کو اسکول میں طلبہ کی حاضری ۵۰؍ فیصد رہی ۔ اس کی ایک بڑی وجہ ریاستی اور بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کی ۲؍طرح کی ہدایتیں ہیں۔ جو بچے پیر کو اسکول نہیں آئے تھے، ان میں سے کچھ بچوں سے بات کی گئی تو انہوں نے کہاکہ ہم تو یہ سمجھ رہے تھےکہ اسکول ۱۵؍جون سے شروع ہوگا ۔ اس لئے ہم اسکول نہیں آئے۔‘‘  انہوںنے یہ بھی بتایا کہ ’’ پہلے دن جوطلبہ اسکول آئے تھے، ان کا پھول اور چاکلیٹ سے خیرمقدم کیاگیا۔علاوہ ازیں بچوںمیں کاپیاں تقسیم کی گئیں ۔ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے متعلق بچوں اور سرپرستوں میں جوش وخروش دیکھاگیا۔‘‘شیواجی نگر میونسپل اُردو اسکول نمبر ۳؍ میں بھی بچوںکا استقبال پھول اور غباروں سے کیاگیا۔ کلاس روم کے بلیک بورڈ پر ’ویل کم، اسکول کا پہلادن اور تمام بچوںکا استقبال و خیرمقدم ہے‘ جیسے پیغام تحریر تھے۔ اسی طرح شہر ومضافات کے دیگر میونسپل اسکولوں میں کہیںفوٹو فریم میں طلبہ کو کھڑا کرکے اورکہیں گلدستہ پیش کرکے خیرمقدم کیاگیا۔
   اس ضمن میں بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ایک سینئر آفیسر نے بتایاکہ ’’بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے گرمی کی چھٹیاں شروع ہونے سے قبل نئے تعلیمی سال کے آغاز سے متعلق جو سرکیولر جاری کیاتھا، اس کے مطابق ۱۳؍ جون سے تدریسی عملے اورطلبہ دونوں کو اسکول آنا تھا مگر حال ہی میں وزیر تعلیم اور اسٹیٹ ایجوکیشن کمشنر کی طرف سے ۱۳؍جون کو اسکولی عملے اور ۱۵؍جون سے طلبہ کیلئے اسکول شروع کرنے کااعلان ہونے سے یہ کنفیوژن ہوا ہے۔ حالانکہ بی ایم سی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو اسکول شروع ہونے سے قبل اس کی وضاحت کرنی چاہئے تھی مگر اس کی وضاحت نہیں کی گئی جس کی وجہ سے پیر کو متعدد اسکولوں میں طلبہ حاضررہے۔ ‘‘
  اس تعلق سےبی ایم سی ایجوکیشن کمشنرراجیش کنکال سے ان کے موبائل فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں ملی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK