Inquilab Logo

امریکہ: سیاہ فام افراد کے حقوق کیلئےمظاہرے میں فائرنگ، ایک ہلاک

Updated: June 30, 2020, 7:42 AM IST | Agency | Washington

امریکہ کی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویل میں سیاہ فام خاتون کی پولیس فائرنگ سے ہلاکت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے مظاہرے میں فائرنگ ہوئی ہے۔

US Protest - Pic : INN
امریکہ میں احتجاج ۔ تصویر : آئی این این

امریکہ کی ریاست کینٹکی کے شہر لوئی ویل میں سیاہ فام خاتون کی پولیس فائرنگ سے ہلاکت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے مظاہرے میں فائرنگ ہوئی ہے۔ پولیس نے فائرنگ سے ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی ہے۔امریکی خبر رساں ادارے ’اسوسی ایٹڈ پریس‘کی رپورٹ کے مطابق لوئی ویل میں مظاہرین سیاہ فام خاتون بریونا ٹیلر کی ۳؍ ماہ قبل ان کےگھرکے اندرپولیس کی فائرنگ سے ہلاکت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔لوئی ویل میٹرو پولیس کا کہنا تھا کہ جیفرسن اسکوائر پارک میں رات کے۹؍بجے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔پولیس نے ایک آدمی کے موقع پر ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔ بعد ازاں پولیس کو قریب ہی ایک اور شخص کو زخمی کیے جانے کی بھی اطلاع ملی جس کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ حکام نے مذکورہ شخص کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔
 فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی وائرل ہواہےجس میں نظر آ رہا ہے کہ ایک شخص فائرنگ کر رہا ہے جب کہ پارک میں موجود مظاہرین چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ویڈیو میں یہ بھی نظر آتا ہے کہ کم از کم ایک شخص زمین پر پڑا ہوا ہے جس کے جسم سے خون بہہ رہا ہے۔واقعے کے بعد انتظامیہ نے پارک کو خالی کرا لیا۔ دوسری جانب پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ واقعے سے متعلق زیادہ سے زیادہ معلومات جمع کرنےکی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ اس واقعے میں ملوث افراد کی نشان دہی ہو سکے۔پولیس نے کسی بھی گرفتاری، ممکنہ ملزمان یا نشانہ بننے والوں کی معلومات جاری نہیں کیں۔ نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کی عمریں کیا ہیں۔
 جس پارک میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے یہ پارک کئی ہفتوں سے احتجاج کا مرکز بنا ہوا تھا۔ یہاں پر مظاہرین پولیس کی تحویل میں۲۵؍مئی کو مینی ایپلس میں ۴۶؍سالہ سیاہ فام جارج فلائیڈ اور اس سے قبل۱۳؍مارچ کو۲۶؍سالہ سیاہ فام خاتون بریونا ٹیلر کی گھر کے اندر پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
 سنیچرکی شب پیش آنے والا فائرنگ کا واقعہ اس احتجاج میں ایک ماہ کے دوران فائرنگ کا دوسرا واقعہ ہے۔ قبل ازیں ۲۸؍ مئی کو فائرنگ سے ۷؍ افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد ہلاک ہونے والی خاتون بریونا ٹیلر کی ماں کا بیان بھی سامنے آیا تھا کہ لوگ ایک دوسرے کو نقصان پہنچائے بغیر احتجاج کا حصہ بنیں۔رواں سال ۱۳؍مارچ کو ریاست کینٹکی میں مبینہ طور منشیات رکھنے کے شبہ میں پولیس اہلکار ۲۶؍سالہ سیاہ فام خاتون بریونا ٹیلر کے گھر میں داخل ہوئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK