Inquilab Logo

یوپی اور بہار میں کورونا کی نئی قسم سے بچنے کی کوششیں تیز

Updated: December 05, 2021, 7:28 AM IST | Lucknow

ریلوے اسٹیشن ، ایئر پورٹ ، بس اسٹینڈ، سیاحتی مقامات اور تعلیمی اداروں میں جنگی پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کیا جارہا ہے ، ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا ہے ، اسپتالوں میں بھی ٹیسٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انفیکشن متاثرممالک سے آنے والوں کی نگرانی کی جارہی ہے ۔تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے

Sanitization in front of Taj Mahal. (PTI)
تاج محل کے سامنے سینی ٹائزیشن ۔ ( پی ٹی آئی )

ملک کی کچھ ریاستوں میں اومائیکرون کے کیسز ملنے  کے بعد اتر پر دیش اور بہار میں انتظامیہ متحر ک ہوگیا ہے۔ کورونا کی نئی قسم سے بچنے کیلئے بڑے پیمانے پر تیاری کی جارہی ہے۔  جنگی پیمانے پر عوامی مقاما ت پر ٹیسٹ کئے جارہے ہیں ، نمو نے لئے جارہےہیں۔ 
  ان دنوں یو پی اور بہار  کے   ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈپر مسافروں کور وک کر ان کے نمونے لئے جارہے ہیں، ساتھ ہی اسپتالوں میں ٹیسٹ کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انفیکشن سے متاثر ممالک سے آنے والوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔ دونوں ریاستوں میں  باہر سے آنے والوں کو۷؍ دن قرنطینہ میں رہنے کیلئے کہا جارہا ہے۔ تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ 
  بہار کے دارالحکومت میں پٹنہ ایئرپورٹ پر کورونا کے نئے ویرینٹ اومائیکرون سے متعلق خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔  کورونا کے دور کی طرح دہشت پائی جارہی ہے ہے۔ حکومت نے ہوائی اڈے کو الرٹ کر دیاہے، ہیلتھ ورکر کی تعداد میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے۔اس تعلق سے کیئر انڈیا کے رضاکار کاکہناہے کہ جانچ کیلئے پوری ٹیم کو اندرداخل ہونے والے اور باہرنکلنے والے گیٹ پرمامورکر دیا گیا ہے۔ باہر سے آنے والوں کی جانچ کی جا رہی ہے اور جن افراد نے ویکسین نہیں لی ہے،انہیں فوری طور پر ویکسین دی جا رہی ہے۔ ویکسین کے بغیر کسی کو باہر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ایئرپورٹ پر ماسک سے متعلق سختی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔ ایئرپورٹ کے اندر سینی ٹائزر کے ساتھ کورونا سےتحفظ کے مکمل انتظامات کئے گئے ہیں۔   ایئرپورٹ سے باہر جانے والے مسافروں کی اسکریننگ اورٹیکہ کاری کے بعدباہمی فاصلے  سے بھی متعلق سختی نظر آرہی ہے۔ کورونا کے خطرے کے پیش نظر اب فلائٹ سے سفر کرنے والوں کو۷۲؍گھنٹے میں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ دینی ہوگی۔ اس میں آرٹی پی سی آرکی رپورٹ ہونی چاہئے۔ محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ایک ٹیم کو ایئرپورٹ پر مامورکیا جائے گا اور سیکوریٹی ہائی الرٹ کر دی جائے گی۔ پٹنہ سے فلائٹ سے سفر کرنے والوں کو جانچ رپورٹ پیش کرنی ہوگی۔ 
  اسی دوران  تکنیکی اور انتظامی اداروں میںا ومائیکرون کے پیش نظر سختی اور مستعدی  کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ ماضی قریب میں بہار کے کئی کیمپس میں چھوٹ دی گئی تھی۔ لوگ  ماسک کےبغیر بھی دیکھے جا رہے تھے۔ آئی آئی ٹی پٹنہ، این آئی ٹی پٹنہ اور چندرگپت انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ کیمپس میں بھی رہائشی انتظامات ہیں۔ ایسے میں طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملہ کو کورونا انفیکشن کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔کیمپس میں داخلے سے قبل دوبار جسمانی درجۂ حرارت چیک کرنے اور ماسک کے بغیر جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ این آئی ٹی پٹنہ میں بی ٹیک کے نئے داخلہ لینے والے طلبہ کو۱۵؍ دسمبر تک کیمپس میں آنا ہے۔ ایسے میں ادارے کی جانب سے طلبہ کو ویکسین کےدونوں ڈوز لینے کی ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔ ان طلبہ کیلئے جنہوں نے دونوںڈوز نہیں لئےہیں، کیمپس میں کیمپ لگا کر ان کی ٹیکہ کاری کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
   بہارمحکمہ صحت کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی ایک ٹیم کو ایئرپورٹ پر مامور کیا جائے گا اور مزید سیکوریٹی بڑھائی  جائے گی۔ 
   ادھر اتر پر دیش کے تما م بڑے  ریلوے اسٹیشنوں ، ہو ائی اڈوں اور سیاحتی مقامات پر او مائیکرون سے بچنے کیلئےا حتیاطی تدابیر پر زور دیا جارہا ہے۔ سنیچر کو پریا گ راج ریلوے اسٹیشن ، لکھنؤ کے چار باغ ریلوے اسٹیشن ،  وارانسی جنکشن  اورگورکھپور ریلوے اسٹیشن وغیرہ پر  طویل مسافتی ٹرینوں سے آنے والے مسافروںکا کورونا ٹیسٹ کیا گیا ہے ۔ اب ریاست کے تعلیمی اداروں میں ٹیسٹ بڑھا  دیا جا ئے گا ۔ اس سلسلے میں ریاستی حکومت کی جانب سے مہم چلانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK