Inquilab Logo

الیکشن میں کانگریس کی ہار کے ہر پہلو پر غور کرنے کی تلقین

Updated: May 11, 2021, 7:41 AM IST | New Delhi

ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں سونیاگاندھی نے پارٹی کا نظام سدھارنے پر زور دیا، وبا کی بنا پر پارٹی صدر کا انتخاب ملتوی

UPA Chairperson Sonia GandhiPicture:INN
یو پی اے چیئر پرسن سونیا گاندھی تصویر آئی این این

 ۴؍ ریاستوںاور ایک مرکزی علاقے  کے اسمبلی الیکشن میں کانگریس کی شرمناک کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے سونیا گاندھی نے اپنی پارٹی کے لیڈروں اور کارکنوں کو ہار کے ہر پہلو پر غور کرنے اوراس  سے ملنے والے تلخ سبق کو سیکھنے کی تلقین کی ہے۔اس کے ساتھ ہی  پیر کو کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں پارٹی  کے نئے صدر کے انتخاب کو کورونا کی وبا کے پیش نظر ملتوی کردیاگیاہے جو جون میں ہونے والاتھا۔
 شکست کا جائزہ لینے کیلئےکمیٹی
  مغربی بنگال ، آسام ، تمل ناڈو ، کیرالا اور پڈوچیری میں شکست کا جائزہ لیتے ہوئے کانگریس  اس نتیجہ پر پہنچی ہے کہ ہر ایک چیز پر سنجیدگی سے غورکرتے ہوئے پارٹی میں اصلاح کی جائے۔  مجلس عاملہ سے خطاب کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے انتخابی نتائج پر کہا ہے کہ ’’یہ کہناہے کہ  نتائج سے ہم کو مایوسی ہوئی ہے، بہت ہی کم ہوگا۔‘‘ انہوں  نےکہا کہ ’’میں  ناکامی کے ہر پہلو کا جائزہ  لینے کیلئے ایک چھوٹی کمیٹی  قائم کرنا چاہتی ہوں جو جلد از جلد  اپنی رپورٹ پیش کرے۔‘‘ 
ہمیں سمجھنا ہوگا کہ ہم کیوں ہارے:سونیا
 سونیا گاندھی نے کہا کہ’’ہمیں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ کیرالا اور آسام میں ہم حکومتوں کو ہٹانے میں کامیاب کیوں نہیں ہوسکے اور بنگال میں ایک بھی سیٹ جیت پانے میں ناکام کیسے رہے۔اس سے ہمیں پریشان کردینے والے  سبق  سیکھنے کو ملیںگے۔‘‘ سونیا گاندھی نے متنبہ کیا کہ ’’ہم نے اگر سچائی کا سامنا نہیں کیا، ہم حقائق  سے دو بہ دو نہ ہوئے تو ہم ان شکستوں کے بعد بھی کوئی سبق نہیں لے سکیں گے ۔‘‘    
مودی حکومت پر تنقید
  اس دوران کانگریس صدر نے کورونا کی وبا کے معاملے میں بے قابو ہوتے حالات کیلئے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ حکومت کی ٹیکہ کاری پالیسی کی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ مودی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بھاگ رہی ہے اور ٹیکہ کاری کا بوجھ ریاستوں پر ڈال رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK