Inquilab Logo

امریکہ اور جاپان کا خطے میں چینی اثر و رسوخ کیخلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق

Updated: May 23, 2022, 11:57 PM IST | Tokyo

امریکی صدرجو بائیڈن کواڈ کانفرنس میں شرکت کیلئےجاپان پہنچے،وزیراعظم اورشہنشاہ سے ملاقات کی، ایک نیا اقتصادی منصوبہ پیش کر سکتے ہیں

Japanese Prime Minister Fumio Kashida arrives to receive US President Biden
جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا امریکی صدر بائیڈن کا استقبال کرنے پہنچے

:امریکی صدر جو بائیڈن جنوبی کوریاکے۳؍روزہ دورے کے بعد جاپان پہنچ گئے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ خطے کے لیے ایک نئے اقتصادی منصوبے کا اعلان کریں گے، اور وہیں ان کی کواڈ گروپ کے رہنماؤں سے بھی ملاقات ہو گی۔امریکی صدر جو بائیڈن نے جاپان کے وزیر اعظم فومیو کشیدا سے ٹوکیو میں ملاقات کی ہے۔ایشیا کے اس خطے میں، امریکہ پر اپنے اسٹریٹیجک شراکت داروں کے ساتھ اتحاد کو مضبوط کرنےکا دباؤ ہے اور اس لحاظ سے، بائیدن کے اس دورے کو کافی اہم سمجھا جارہا ہے۔
 ٹوکیو میں بائیڈن نے اپنے،’اچھے دوست‘ کشیدا کواس بات کا یقین دلایا ہے کہ چین کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی اور یوکرین پر روسی حملے کے وسیع تر پس منظر میں، امریکہ جاپان کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ٹوکیو کے مرکز میں واقع شاہی محل میں جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا کے ساتھ بات چیت کے آغاز میں جو بائیڈن نے کہا، ’’امریکہ اور جاپان کا اتحاد طویل عرصے سےہند بحرالکاہل میں امن اور خوشحالی کا ضامن رہا ہے، اور امریکہ جاپان کے دفاع کے لیے پوری طرح سے پرعزم ہے۔‘‘بائیڈن نے پیر کی صبح شہنشاہ کے محل میں جاپان کے شاہ ناروہیٹو سے بھی ملاقات کی۔
نئے تجارتی معاہدے کے اعلان کی توقع
 اطلاعات کے مطابق صدر جو بائیڈن ٹوکیو میں اپنےقیام کے دوران ہی ’انڈو پیسیفک اکنامک فریم ورک برائے خوشحالی‘(آئی پی ای ایف) کے نام سے ایک نئے تجارتی منصوبے کا اعلان کریں گے۔اس معاشی منصوبے کے تحت، ڈیجیٹل اکانومی، سپلائی چینز،صاف توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور انسدادبدعنوانی کے اقدامات کے شعبوں کے متفقہ معیارات کے مطابق، سبھی شراکت داروں کو ایک ساتھ مربوط کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ تاہم اس میں ٹیرف پرگفت و شنید کرنے یا مارکیٹ تک رسائی کو آسان بنانے پر کوئی بات نہیں کی گئی ہے۔اس نئے گروپ میں کون کون سے ممالک شامل ہوںگے، اس بارے میں بھی ابھی تک سرکاری سطح پر کچھ نہیں معلوم ہے۔ تائیوان نے پہلے یہ بات کہی تھی کہ وہ آئی پی ای ایف کا حصہ بننا چاہے گا، لیکن امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نےبائیڈن کے سفر سے پہلے واضح کر دیا تھا کہ تائی پے ان ممالک میں شامل نہیں ہو گا۔اس گروپ میں تائیوان کا انتخاب یقینی طور پر چین کو پریشان کر سکتا تھا، جس کا مطالبہ رہا ہے کوئی بھی ملک تائیوان کے ساتھ مکمل سفارتی روابط نہ استوار کرے اور نہ ہی اسے تسلیم کرے۔

japan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK