امریکہ میں فی الحال تقریباً ۳۰۰ ارب پینیاں گردش میں ہیں اور امریکی اب بھی انہیں خرچ یا استعمال کرسکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 13, 2025, 7:02 PM IST | Washington
امریکہ میں فی الحال تقریباً ۳۰۰ ارب پینیاں گردش میں ہیں اور امریکی اب بھی انہیں خرچ یا استعمال کرسکتے ہیں۔
امریکہ نے باضابطہ طور پر ایک سینٹ کے سکے (پینی Penny) کی پیداوار بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس طرح، امریکی کرنسی کی تاریخ کا ۲۳۲؍ سال پرانا باب بند ہوگیا۔ واضح رہے کہ اس سکہ کی پیداوار ۱۷۹۲ء سے جاری تھی۔ رپورٹس کے مطابق، فلاڈیلفیا کی ٹکسال میں آخری پینی ۱۲ نومبر کو امریکی خزانچی برینڈن بیچ کے ذریعے ڈھالی گئی۔ ٹکسال کے قائم مقام ڈائریکٹر کرسٹی میکنالی نے کہا کہ پینی کی پیداوار ”آج بند ہو جائے گی لیکن اس کی وراثت زندہ رہے گی۔“ انہوں نے نوٹ کیا کہ یہ سکہ فی الحال گردش میں رہے گا۔ امریکہ میں فی الحال تقریباً ۳۰۰ ارب سکے یا پینیاں استعمال میں ہیں اور امریکی اب بھی انہیں خرچ یا استعمال کرسکتے ہیں۔ لیکن پیداوار رک جانے سے، پرانے سکے گردش سے باہر ہوتے جائیں گے اور ان کی کل سپلائی آہستہ آہستہ کم ہوتی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا یوٹرن، کہا بین الاقوامی طلبہ امریکی معیشت میں کھربوں ڈالر کے شراکت دار
امریکہ میں یہ فیصلہ کئی برسوں سے زیر بحث تھا۔ پینی کی پیداوار روکنے کے مطالبات کے پیچھے سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ پینی کی پیداواری لاگت اس کی ظاہری قیمت سے کہیں زیادہ تھی۔ امریکی منٹ کے مطابق، ایک سینٹ مالیت کا سکہ بنانے پر اب ۶۹ء۳ سینٹ کی لاگت آتی ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کئی بار دلیل دی کہ پینی کی ڈھلائی کو جاری رکھنا ”فضول“ ہے۔ انہوں نے فروری میں وسیع وفاقی اخراجات میں کٹوتی کی کوششوں کے حصے کے طور پر وزارت خزانہ کو پیداوار روکنے کی ہدایت دی تھی۔ انہوں نے ’ٹروتھ سوشل‘ پر لکھا، ”آئیے، اپنی عظیم قوم کے بجٹ سے فضول خرچی کو ختم کریں، اگرچہ یہ ایک وقت میں ایک پینی کے برابر بھی ہو۔“
پینی اصل میں خالص تانبے سے بنائی جاتی تھی اور اس کی سائز، جدید سکوں سے بڑا ہوتا تھا۔ بعد ازیں، اس کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے متعدد مرتبہ پینی کی ڈیزائن اور مواد میں تبدیلیاں کی گئیں۔ ۱۹۸۲ء میں تانبے کی بجائے زنک دھات کا استعمال کیا جانے لگا تھا۔ اس کے باوجود، دھات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے پیداواری اخراجات میں اضافہ کیا جس کے بعد سکے کو ختم کرنے کے مطالبات زور پکڑنے لگے تھے۔ اس سے قبل، کانگریس پینی کو مرحلہ وار ختم کرنے کیلئے قانون سازی کرنے میں ناکام رہی تھی، لیکن انتظامیہ کی ہدایت نے مؤثر طریقے سے اس کا مستقبل ختم کر دیا ہے۔