Inquilab Logo

امریکہ کی جانب سےجلد ہی ۲کروڑویکسین کی خوراکیں دیگرممالک کوعطیہ کرنے کا اعلان

Updated: May 19, 2021, 8:11 AM IST | washington

ملک میں ویکسین کی ضرورت اور مانگ میں کمی آنے کے بعد واشنگٹن پر اس بات کا دبائو بڑھ گیا تھا کہ وہ دیگر ضرورت مند ممالک تک وویکسین کی خوراکیں پہنچائے

The United States no longer needs a vaccine File Photo
امریکہ کو اب ویکسین کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہ گئی ہے فائل فوٹو

 ایک طرف امریکی صدر جو بائیڈن نے  غزہ کے مظلوموں پر بمباری کرنے والے اسرائیل کو ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے تو دوسری طرف انہوں نے  مختلف ممالک کو کورونا ویکسین  پہنچانے کا اعلان کیا ہے ۔ بائیڈن کے مطابق  امریکہ آئندہ ۶؍ ہفتوں کے دوران ویکسین کی دو کروڑ اضافی خوراکیںدیگر ممالک کو عطیہ کرے گا۔یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب امریکہ میں اندرون ملک ویکسین کی طلب کم ہو رہی ہے اور دنیا بھر میں ویکسین کی تقسیم اور دستیابی کے درمیان فاصلہ بڑھ رہا ہے۔، ویکسین کی فراہمی میں مدد کے اس نئے وعدے کے بعد امریکہ نے مجموعی طور پر ویکسین کی ۸؍ کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کا وعدہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل امریکی انتظامیہ نے جون کے آخر تک ایسٹرا زینیکا ویکیسن کی ۶؍ کروڑ خوراکیں مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
 جوبائیڈن نے وہائٹ ہاؤس سے کووڈ  رسپانس اور ویکسی نیشن پروگرام کے سلسلے میں خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ امریکہ کورونا ویکسین کی مہم کیلئے ایک اور قدم بڑھا رہا ہے، کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ جب تک یہ وبا دنیا بھر میں قابو نہیں آ جاتی تب تک امریکہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔صدر نے اعلان کیا کہ آج سے امریکہ فائزر، ماڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن کی ویکسین کی خوراکیں باقی دنیا کو امداد میں دے گا۔
 اس سے پہلےوہائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ امریکہ اگلے ۶؍ہفتے کے دوران ویکسین کی دو کروڑ خوراکیں باقی دنیا کو امداد میں دے گا۔ جین ساکی  کے مطابق  یہ خوراکیں امریکہ میں زیر استعمال ویکسین کی ہیں، جن میں فائزر، ماڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔یاد رہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ امریکہ کے پاس موجود ویکسین کے ذخائر ملک سے باہر بطور امداد دیئے جائیں گے ۔ اطلاع کے مطابق حالیہ ہفتوں میں امریکہ میں ویکسین کی طلب میں کمی واقع ہوئی ہے۔وہائٹ ہاؤس سے خطاب کرتے ہوئے صدر جو بائیڈن نے بتایا کہ امریکہ نے مارچ کے مہینے میں کینیڈا کو ایسٹرازینیکا  ویکسین کی ۴۰؍ لاکھ خوراکیں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپریل میں دوسرے ممالک کو ایسٹرا زینکا ویکسین کی ۶؍ کروڑ خوراکیں دینے کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس ویکسین کی جانچ امریکی وفاقی ادارہ فیڈرل ڈرگ ایسوسی ایشن کر رہا ہے، جیسے ہی وہ اسے محفوظ قرار دے گا، یہ خوراکیں بھیج دی جائیں گی۔
  ایک رپورٹ کے مطابق اب تک امریکہ نے ایسٹرازینکا کی ۴۵؍ لاکھ خوراکیں کینیڈا اور میکسیکو کو بطور امداد بھیجی ہیں۔اطلاع کے مطابق، امریکہ پر یہ دباؤ تھا کہ اس کے پاس اس کی ضرورت سے زیادہ ویکسین موجود ہے۔ اور اب صدر بائیڈن چاہتے ہیں کہ ملک کے کورونا  کوآرڈی نیٹر جیف زینٹس دنیا کو بطور امداد کورونا ویکسین کی خوراکیں دینے کے پروگرام کی سربراہی کریں۔امریکی انتظامیہ نے اب تک یہ نہیں بتایا کہ یہ خوراکیں کس طرح بطور امداد فراہم کی جائیں گی۔

vaccine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK