Inquilab Logo

یو پی: کورونا بحران میں چینی طبی آلات اضافی قیمت پر خریدنے کا الزام

Updated: September 10, 2020, 12:00 PM IST | Mohammed Aamir Nadvi | Lucknow

سنجے سنگھ کے مطابق جو چیز ہندوستان میں ایک لاکھ ۴۵؍ہزار میں دستیاب ہے، وہی چین سے۳؍ لاکھ ۳۰؍ روپےمیں خریدی گئی

Sanjay Singh
سنجے سنگھ پریس کانفرنس کے دوران ۔

یہاں عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھارکن اور  یوپی انچارج سنجے سنگھ نےاترپردیش میں کورونا سے متعلق ایک بڑے گھپلے کے انکشاف کا دعویٰ کیا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ یوگی حکومت نے ایک لاکھ ۴۵؍ہزارکی قیمت کے ہیمیٹولاجی اینالائزر کو ۳؍لاکھ ۳۰؍ہزار  روپےمیں خریدا ہے ۔ سنجے سنگھ نے کہا :’’ بی جے پی چین کے نام پر جھوٹے ’راشٹرواد‘ کا ڈھونگ کر رہی ہے ، اس نے چین میں بنائے گئے آلات کو خریدا ہے ، وہ بھی ریاست کے ۲۰۔۲۰؍اضلاع میں ۔‘‘ انہوںنے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا :’’ کورونا بحران میں معمول کی زندگی بری طرح متاثر ہے ، ایسے موقع پر بھی یوگی حکومت مواقع تلاش کرکے بدعنوانی میں مصروف ہے ۔ یوگی حکومت پوری طرح بدعنوانی میں ڈوبی ہوئی ہے ۔ ایک نہیں متعدد طبی آلات کی خرید میں گھپلے اور بدعنوانی کے معاملات سامنے آرہے ہیں۔ اس سے قبل بھی تقریبا ۶۵؍اضلاع میں خریدے گئے آلات میں بدعنوانی سامنے آچکی ہے۔‘‘ انہوں نے یوگی حکومت پر بڑے گھپلے کا الزام لگاتے ہوئے کہا :’’ بی جے پی چین کے خلاف صرف ناٹک کر رہی ہے ۔ چین سے جنگ جیسے حالات ہیں اور وہ چینی طبی آلات خرید رہی ہے ۔ اس کو’ جیم پورٹل ‘پر جاکر دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک کمپنی ہیمٹولاجی اینالائزر ملک  ہی میں  بناتی ہے اور اس کی قیمت ایک لاکھ ۴۵؍ہزار ہے ، جبکہ ایک دیگر کمپنی کا یہ سامان ایک لاکھ ۷۸؍ہزار کا ہے ۔ مذکورہ اینالائزر کی خرید میں پرتاپ گڑھ ضلع میں گھپلہ کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ڈی ایم انٹر پرائزیز کو پرتاپ گڑھ میں ۲۴؍ہمیٹولانی اینالائزر کی خرید کا ٹینڈر دیا گیا ہے ۳؍لاکھ ۳۰؍ہزار کی شرح سے کل ۷۰؍لاکھ کا ہے ۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈی ایم انٹرپرائزیز کہتا ہے :’’ وہ جین سیوا پارٹ ۳؍ایچ ۱؍اینالائزردے گا۔ ویب سائٹ پر جانے سے نظر آئے گا کہ اس کا اوریجن چین کا ہے ، چین میں بنتا ہے ، سبھی تفصیل سے موجود ہے ۔ مذکورہ اینالائزر کو ۲۰؍اضلاع میں خریدے جانے کی جانکاری ملی ہے ۔‘‘
  انہوں نے الزام عائد کیا :’’ ایودھیا میں بھگوان رام کے نام پر بنائے جانے والے ایئرپورٹ میں بھی کسانوں کے ساتھ بے ایمانی کی جارہی ہے۔   مجھ سے ملنے آئے کسانوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین سال میں جس ریٹ پرزمین فروخت ہور ہی ہے اس قیمت پر ہی زمین کا معاوضہ دیئے جانے کا ضابطہ ہے ۔ پہلے یہ گرام سبھا کی زمین تھی، اب نگر نگم ہوچکا ہے ۔ یہ ساری زمین شہری ہوگئی ہے ۔ اس کے باوجود یوگی حکومت زمین کا معاوضہ ایک لاکھ روپے بسوایعنی ۸؍لاکھ روپے بیگھہ دے رہی ہے ۔ کسان ایئر پورٹ کے لئے زمین دینا چاہتے ہیں لیکن انہیں ۷۴؍لاکھ روپے فی بیگھہ کے حساب سے معاوضہ دیا جائے ۔‘‘ پریس کانفرنس میں ریاست کے اسسٹنٹ انچارج ندیم اشرف جائسی ، ریاستی ترجمان ویبھو مہیشوری ، مہیندر پرتاپ سنگھ ، سرب جیت سنگھ مکڑ  اوردیگر  لیڈر موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK