Inquilab Logo

یوپی میں نام نہاد لوجہاد کیخلاف قانون کے بہانےتبدیلی مذہب کی راہیں مسدود کرنے کی کوشش

Updated: November 23, 2020, 8:43 AM IST | Agency | Lucknow

مذہب تبدیل کرنے سے ایک ماہ پہلے ضلع مجسٹریٹ کو مطلع کرنا لازمی ورنہ ۳؍ سال تک کی سزا ۔ زبردستی، لالچ دیکر یاشادی کیلئے مذہب تبدیل کروانے پر ۵؍ سال قید، شادی کوکالعدم قرار دینے کا التزام

Yogi Adityanth - Pic : INN
یوگی آدتیہ ناتھ ۔ تصویر : آئی این این

مدھیہ پردیش کے لوجہاد مخالف قانون کی طرح یوپی میں بھی   لوجہاد کا شوشہ چھوڑ کر قانون کا جو مسودہ تیار کیاگیا ہےاس میں  ۵؍ سال قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔دی پرنٹ ڈاٹ اِن کی ایک رپورٹ کے مطابق  یہاں بنائے گئے   مسودہ قانون میں ’’جبراً تبدیلی ٔ  مذہب‘‘ کی صورت میں  شادی کو کالعدم قرار دینے کا بھی التزام  ہے۔’پروہیبنشن آف ان لاء فل کنورژن‘‘ (انسداد غیر قانونی تبدیلی ٔ مذہب ) بل ۲۰۲۰ء کا مقصد مبینہ ’لوجہاد‘ کے رجحان پر روک لگاناہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ’لو جہاد‘ بی جے پی اوراس کی ہم خیال  بھگوا تنظیموں کا گڑھا ہوا مفروضہ ہے جو ایسی شادیوں کیلئے استعمال ہوتا ہے جس میں لڑکا مسلمان ہو اور لڑکی غیر مسلم ہو۔
  مدھیہ پردیش، ہریانہ اور یوپی جیسی ریاستوں میں اس   کے خلاف قانون سازی کے  درمیان یہ سوال بھی اٹھ رہاہے کہ بی جےپی لیڈروں نے جو بین المذاہب شادیاں کی ہیں کیا انہیں بھی لوجہاد کے زمرے میں رکھا جائےگا۔ اس کے علاوہ یہ سوال بھی کیا جارہاہے کہ غیر مسلم لڑکے اور مسلم لڑکی کی شادی کو کیا نام دیا جائےگا۔یوپی میں لوجہاد کے خلاف مذکورہ قانون کا مسودہ وزارت داخلہ نے تیار کرنےکے بعد وزارت قانون کے پاس بھیج  دیا ہے، اسے جلد ہی کابینہ میں  پیش کیاجائےگا ۔ مجوزہ قانون میں شادی کیلئے زبردستی تبدیلی مذہب کروانے پر ۵؍  سال قید اور ۱۵؍ہزار روپے جرمانے کا التزام ہے۔اگر صرف شادی کیلئے کوئی  خاتون  مذہب تبدیل کرتی ہے اورکوئی اس کی شکایت پولیس سے کردیتا ہے تو پولیس اس کی جانچ کرے گی اور اگرکوئی سازش سامنے آتی ہے تو شادی کالعدم قرار دے دی جائےگی۔ اس کے علاوہ اجتماعی تبدیلی ٔمذہب پر ۱۰؍ سال قید کی سزا کا نظم   ہے۔مجوزہ قانون میں  تبدیلی مذہب کو ناقابل ضمانت جرم بنادیاگیاہے۔اس کے باوجود جسٹس آدتیہ متل  جو یوپی  لاء کمیشن کے سربراہ ہیں، کا کہناہے کہ یہ قانون بین المذاہب شادیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں پیدا کرتا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK