Inquilab Logo

یوپی: مساجد اورعیدگاہوں میں عیدالاضحی کی نماز ادا نہیں کی گئی

Updated: August 03, 2020, 7:12 AM IST | Agency | Allahabad

بقرعیدسے ایک دن پہلے شہر کے علماء نے لوگوں سے عید کی نمازگھروں میں ہی ادا کرنےکی اپیل جاری کی تھی

Lucknow - Pic : PTI
لکھنؤ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

یو پی میں ریاستی حکومت کی گائیڈ لائن اور الٰہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کے سبب عید الاضحی کی نماز مسجدوں اور عید گاہوں میں ادا نہیں کی جا سکی۔ الہ آباد میں عید الا ضحی کے دن شہر کی تمام مسجدوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔بقرعیدسے ایک دن پہلے شہر کے علماء نے لوگوں سے عید کی نمازگھروں میں ہی ادا کرنےکی اپیل جاری کی تھی۔ گزشتہ دیرشام الہ آباد ہائی کورٹ نے بھی عید الاضحی کی نماز کےلئےلاک ڈاؤن میں کسی بھی طرح کی چھوٹ  دینے سے انکار کردیا تھا۔
 نیوز۱۸؍ کے مطابق یو پی میں ریاستی حکومت کے حکم کے تحت سنیچر اور اتوارکو لاک ڈاؤن نافذ رہتا ہے۔ عید قرباں  کے دن بیشتر لوگوں نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ گھروں کی چھتوں پر نماز ادا کی۔ مسجدوں میں عیدالاضحیٰ کی نماز کے لئے اجازت نہ ملنے پر لوگوں میں عام مایوسی دیکھی گئی۔ مسلمانوں نے نماز کے ساتھ ساتھ قربانی کے فرائض بھی اپنے گھروں میں ہی ادا کئے۔ گھروں میں ہونے والی نماز کے بعد ملک میں امن و سلامتی اور کورونا وائرس کے جلد خاتمے کے لئےخصوصی دعاؤں کا اہتمام  کیا گیا۔ واضح رہے کہ عید سے ایک دن قبل الہ آباد ہائی کورٹ نے اس عرضی کو خارج کر دیا تھا جس میں عید کی نماز اور قربانی کے لئے لاک ڈاؤن میں رعایت دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ پیس پارٹی کے صدر ڈاکٹر محمد ایوب کی طرف سے داخل عرضی میں  عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ سماجی فاصلے کو قائم رکھتے ہوئے نماز اور قربانی کی اجازت دی جائے۔ اس پہلے ریاستی حکومت نے گائڈ لائن جاری کرتے ہوئے مسجدوں میں عیدالا ضحیٰ کی نماز کی ادائیگی اور کھلے مقامات پر قربانی کرنے پر پابندی لگا دی تھی۔ یوپی میں سنیچر اور اتوارکو لاک ڈاؤن لگانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ تاہم لاک ڈاؤن کے دوران پڑنے والے بقر عیدکے تہوارکو دیکھتے ہوئے یوگی حکومت نے کسی طرح کی کوئی رعایت دینے سے انکار کردیا تھا۔ یوگی حکومت اور الہ آباد ہائی کورٹ کے رخ دیکھتے ہوئے ریاست کے مذہبی رہنماؤں نے بھی عوام سے بقر عیدکی نماز گھروں میں ادا کرنے  اور قربانی کے فرائض انجام دینے میں سخت احتیاط برتنے کی اپیل کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK