Inquilab Logo

گزشتہ برس فرقہ وارانہ فساد کا ایک بھی معاملہ پیش نہیں آیا

Updated: January 02, 2021, 2:09 PM IST | Jeelani Khan Aleeg | Lucknow

یوپی پولیس کا دعویٰ،اے ڈی جی لاء اینڈ آرڈر پرشانت کمار نے کہا:بیشتر سنگین وارداتوں میںکمی آئی ، عصمت دری میں۱۹؍فیصد، لوٹ میں ۳۷؍فیصدجبکہ ڈکیتی کے ۲۰؍فیصد کم معاملے درج ہوئے ،خواتین کی سیکوریٹی کیلئے بھی خصوصی توجہ دینے کا دعویٰ

Uttar Pradesh Police
یوپی پولیس نےاپنی مستعدی کے سبب ریاست میںجرائم میںکمی آنے کا دعویٰ کیا ہے

ریاستی پولیس نے ایک بار پھر تمام سنگین معاملوں میں کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ گزشتہ برس صوبہ میں ایک بھی فرقہ وارانہ فسادا کا معاملہ پیش نہیں آیا ۔پولیس کا یہ بھی دعویٰ ہےکہ عصمت دری، ڈکیتی،اغوا،لوٹ،قتل جیسی وارداتیں کافی ہوئی ہیں جبکہ اس دوران مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی گئی ہے۔علاوہ ا زیں،پولیس نےخونخوار بدمعاشوں کے خلاف چلائی گئی خصوصی مہم میں بھی بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ۱۵؍ ایسے بدمعاشوں کو مڈبھیڑ میں مار گرایا ہے جن پر ۵۰؍ہزار روپئے کا انعام تھا۔
 ریاستی پولیس ہیڈکوارٹرزمیں میڈیا سے بات کرتےہوئے اے ڈی جی(لا اینڈ آرڈر) پرشانت کمار نےیہ دعوے کئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ سال ۲۰۲۰ءمیں ریاست میں کہیں بھی کوئی فرقہ وارانہ فسادرونما نہیں ہواجو پولیس کی مستعدی کا ثبوت ہے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ  پولیس نےخواتین کی سیکوریٹی پر خصوصی توجہ دی ہے جس کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ہے۔انہوں نے اعدادوشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس ریاست میں عصمت دری کے معاملوں میں ۱۹؍ فیصد کمی پائی گئی جبکہ قتل کے معاملے بھی ۵؍فیصد کم ہوئےہیں۔انہوں نے بتایا کہ اس دوران ڈکیتی کی وارداتوں میں ۲۰؍فیصدتک کی کمی ہوئی جو ہماری پولیس فورس کی بہترکارکردگی کا نتیجہ ہے۔ پرشانت کمارنےمزید بتایا کہ سال ۲۰۲۰ءمیں ہم نے اغواکاروں اور سنگین جرائم میں ملوث لوگوں کے خلاف جو سخت رویہ اپنا تھا اسی کا نتیجہ ہے کہ اغوا اور زر تاوان کے مطالبہ کے معاملوں میں بھی ۱۵؍کمی ہوئی ہے۔
 پرشانت کمار کے مطابق،پولیس نے ۵۰؍ ہزارا نعام والے ۱۵؍خونخوار بدمعاشون کو مڈبھیر میں ڈھیرکردیاجبکہ۷۴؍کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں،۱۷۷۲؍افراد کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ۶۶۸؍ کروڑ۵؍لاکھ سے بھی زیادہ کی املاک ضبط کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ۱۹۹؍لوگوں کے خلاف این ایس اے کے تحت بھی کارروائی کی گئی ہے۔
 خواتین کی سیکوریٹی پر خصوصی توجہ دینے کی بات کہتے ہوئے پرشانت کمار نے بتایا کہ اس کے لئے آپریشن مشن شکتی چلایا گیا جس کے تحت ڈھائی مہینے میں ہی ۱۵۳۵؍خواتین ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ۔ریاست میں ۱۶۲۱؍اینٹی رومیو اسکواڈ نےبھی مہم چلائی ۔
 پرشانت کمار کے مطابق،رواں سال پولیس کی حوصلہ افزائی کےلئے انہیں ترقی اور انعامات دیئےجائیں گےاور۵۲؍سب انسپکٹر کو ڈی ا یس پی بنایاجائے گا جبکہ۱۸؍پی پی ایس کو آئی پی ایس کٹیگری میں ترقی ملے گی۔کل ۵۲۸۲۳؍نئی بھرتیاں بھی کی جائیں گی جبکہ ۳۰۲۶؍افسران و ملازمین کو انعامات سے نوازا جائے گا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK