Inquilab Logo

بہترسہولیات کےاعتبارسےوارانسی کا لال بہادرشاستری بین الاقوامی ہوائی اڈہ سرفہرست

Updated: February 26, 2021, 11:48 AM IST | Inquilab News Network | Varanasi

سروے کے دوران ٹکٹ اور پاسپورٹ چیکنگ جبکہ اسٹاف کے رویہ پر منفی جواب ملا ۔ ریاست ہی کے لکھنؤ میں واقع چودھری چرن سنگھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو تیسرا مقام ملا

Varanasi Airport - Pic : Inquilab
وارانسی کا لال بہادر شاستری بین الا قوامی ہوائی اڈہ ۔( تصویر: انقلاب

ہوائی جہاز کے مسافروں کوبہتر سہولیات مہیا کرانے کے معاملہ میں وارانسی کے بابت پور میں واقع  لال بہادر شاستری بین الاقوامی ہوائی اڈہ کو ملک کے ۲۲؍ ہوائی اڈوں میں پہلا مقام ملا ہے۔ احمدآباد کے سردار ولبھ بھائی پٹیل انٹر نیشنل ایئرپورٹ دوسرے اور  اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو تیسرا مقام ملا ہے۔ ایئرپورٹ کو بڑی کامیابی ملنے کی وجہ سے ایئرپورٹ پر مامور افسر اور ملازم خوش ہیں ۔ 
 واضح رہے کہ ایئرپورٹ مسافروں کو دی جانے والی سہولیات کے سلسلہ میں ایئرپورٹ کونسل انٹرنیشنل (اے سی آئی) کے ذریعہ ہر سال ایئرپورٹ سروس کوالٹی (اے ایس کیو) سروے کرایا جاتا ہے۔ ۲۰۲۰ء میں جنوری سے دسمبر تک کرائے گئے سروے میں وارانسی ایئرپورٹ کو ۴ء۹۴؍ کی ریٹنگ ملی ہے۔ جبکہ ۲۰۱۹ء میں وارانسی ایئرپورٹ کو ۴ء۸۰؍ کی ریٹنگ ملی تھی۔ احمدآباد ایئرپورٹ کو ۴ء۹۳، لکھنؤ ایئرپورٹ کو ۴ء۹۳؍ اور امرتسر ایئرپورٹ کو بھی ۴ء۹۳؍ کی ریٹنگ ملی ہے۔ اس سروے میں وارانسی، احمدآباد، لکھنؤ، امرتسر، گووا، ترویندرم، اندور، سری نگر، کالی کٹ، رائے پور، کلکتہ، گوہاٹی، جے پور، چنئی، وشاکھاپٹنم،  پونے، منگلور، بھونیشور اور پٹنہ وغیر ہ  کےکل ۲۲؍ ایئرپورٹ کو شامل کیا گیا تھا۔ اے سی آئی کے ذریعہ کرائے گئے اے ایس کیو سروے کےد وران مسافروں سے ایئرپورٹ پر دی جانے والی سہولیات کے بارے میں الگ الگ فارم پر فیڈ بیک لیا گیا تھا۔ اس میں ایئرپورٹ پر گاڑی سہولت، پارکنگ سہولت، پارکنگ فیس، چیکنگ ،  سیکوریٹی اہلکاروں کی اہلیت ،  سیکوریٹی سے متعلق جانچ اور  اس  میں لگنے والا وقت، ٹرمینل  احاطے میں چلنے کی دوری، فلائٹ انفارمیشن ڈسپلے سسٹم، کھانے پینے کی سہولیات، بینک اور اے ٹی ایم، شاپنگ، انٹرنیٹ اور وائی فائی، استنجاء خانہ، بیت الخلاء، لاؤنج، ٹرمینل احاطہ کی صفائی، ایئرپورٹ کا ماحول، بیگ ڈیلیوری سسٹم وغیرہ سمیت ۳۳؍ سوالات شامل تھے۔ ۳۳؍ سوالوں میں ۳۲؍ سوالوں کے جواب میں قابل اطمینان جواب ملے ہیں جس سے  ہر سوال پر اچھی ریٹنگ ہے  لیکن پاسپورٹ اور آئی ڈی چیکنگ کے دوران لگنے والے وقت اور اسٹاف کے نرم گفتار اور معاون وغیرہ سوالوں پر مسافروں نے منفی جواب دیا ہے جس کی وجہ سے دونوں سوالوں پر ریٹنگ گھٹ گئی ہے۔ افسران نے بتایا کہ ان دونوں سوالوں کو ذہن میں رکھ کر مسافروں کا ٹکٹ اور آئی ڈی کی کم وقت میں  جانچ کرائی جائے گی اور معائنہ کرنے والے اسٹاف کو بھی مسافروں کے ساتھ بہتر سلوک کرنے پر زور دیا جائے گا۔
  اس  کامیابی پر  وارانسی ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر آکاش دیپ ماتھر نے خوشی کا اظہار کیا ۔ ان کاکہنا تھا کہ  ایئرپورٹ کے اسٹاف ، ایئرلائنس اور سی آئی ایس ایف کےساتھ ہی ایئرپورٹ پر جتنی ایجنسیاں کام کر رہی ہیں سب نے تعاون کیا ہے، جس کی وجہ سے وارانسی ایئرپورٹ نے ملک میں پہلا مقام اور دنیا میں  ۲۹؍واں مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا   بحران میں مسافروں کی حفاظت کو ذہن میں رکھتے ہوئے کئی اہم تبدیلیاں کی گئیں۔ اس کےعلاوہ مسافروں کو سہولیات بھی فراہم کی گئیں اور آئندہ بھی مسافروں کی سہولیات پر توجہ دی جائےگی اور ان کا اسی طرح خیال رکھا جائے گا۔ 

varanasi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK