Inquilab Logo

وسئی :اردو اسکول میں کووڈکیئر سینٹر قائم ، جامع مسجدکے امام کے ہاتھوں افتتاح

Updated: June 03, 2021, 7:32 AM IST | kazim shaikh | Mumbai

یہاں کےحذیفہ اردو ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں مقامی تنظیموں کی مدد سے ’ حذیفہ کووڈ۱۹؍کیئر سینٹر‘قائم کیا گیا ہے

Scene of the inauguration of Huzaifa covid care Center.Picture:Inquilab
حذیفہ کووڈکیئرسینٹر کے افتتاح کا منظر تصویر انقلاب

یہاں کےحذیفہ اردو ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں مقامی تنظیموں کی مدد سے  ’ حذیفہ کووڈ۱۹؍کیئر سینٹر‘قائم کیا گیا ہے جس کا افتتاح  وسئی جامع مسجد کے امام وخطیب کے ہاتھوں ہوا  ۔  تمام سہولیات کے ساتھ آئی سی یو  اور آئیسولیشن وارڈ بنایا گیا ہے ۔ 
 وسئی گاؤں میں واقع حذیفہ اردو ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے صدر اعجاز احمد شیخ نے نمائندۂ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے نجی  اسپتالوں میںکوروناعلاج    میں دشواریوں کے پیش نظر اسکول انتظامیہ کی جانب سےمقامی تنظیموں اور ’کے جی این ویلفیئر سوسائٹی‘ کی مدد سے ’ حذیفہ کووڈ ۱۹؍کیئر سینٹر ‘ کمیٹی نےوسئی گاؤں اور آس پاس کے  مریضوں کے علاج کیلئے سینٹر قائم کیا ہے ۔ منگل یکم جون کو دوپہر تقریباً ۱۲؍ بجے وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن کے سابق میئر  پروین شیٹی ، سابق کارپوریٹر عفیف جمیل شیخ کی موجودگی میں وسئی جامع مسجد کے امام وخطیب مولانا عبدالسبحان خان کے ہاتھوں اس سینٹر کا افتتاح عمل میں آیا ۔ اس تقریب  میں حذیفہ کووڈ۱۹کیئر سینٹر کے صدر  ڈاکٹر عبدالرحمان چودھری ، ڈاکٹر عزیزالرحمان  شیخ   اور د یگر اسٹاف کے علاوہ علاقے کے سرکردہ افراد موجود تھے۔
   اسکول کے صدر   اعجاز احمد شیخ  نے بتایا کہ ہم نے اسکول کو بطور کووڈ۱۹ سینٹر  بغیرکسی معاوضہ کے ۳؍ ماہ  تک کیلئے دیا ہےاور اگر ضرورت پڑی تو اس میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے تاکہ وسئی گاؤں اور اس کے  اطراف  کےغریبوں کا انتہائی کفایتی  خرچ میں علا ج کیاجاسکے ۔ ہم نے یہ سینٹر کمانے کیلئے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کیلئے بنایا ہے جس  میں  تمام طبی آلات کے ساتھ ۲۵؍ بیڈ کا انتظام کیا گیا ہے جس میں آکسیجن والے ۸؍آئی سی یو  بیڈ ہیں۔مردوں اور خواتین کے۲؍ الگ الگ جنرل آئیسولیشن  وار ڈبھی بنائے گئے ہیں  ۔  ۲؍ ڈاکٹر،نرس،وارڈ بوائے اور مفت کھانے اور ناشتے کا  انتظام کیا گیا ہے۔ مریضوں کیلئےکے جی این ویلفیئر سوسائٹی کی طرف سے  مفت ایمبولنس سروس کا بھی  انتظام  ہے۔ اس کووڈکیئرسینٹر کے صدر ڈاکٹر عبدالرحمان چودھری نے بتایا کہ پرائیویٹ اسپتالوں میں  جہاں   ہر روز ۶ ؍ تا ۷  ہزار روپے خرچ ہوتے ہیں ، یہاں  صرف روزانہ ایک ہزار سے ۱۲۰۰؍ روپے میں علاج کیا جائے گا اورجن مریضوں کے پاس  علاج میں  مالی دشواری پیش آئے گی،  انھیں مزید رعایت دی جائے گی اور مستحقین  کا مفت علاج کیا جائے گا اور یہ خرچ کمیٹی برداشت کرے گی۔ انھوں نے  حذیفہ  سینٹر کو عطیہ دینے والوں  کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK