Inquilab Logo

وسئی:حضورپاکؐ کی شان اقدس میں گستاخی پر مسلمانوں میںشدید برہمی

Updated: April 02, 2022, 9:21 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

وکیل کے ذریعہ کی گئی گھٹیا حرکت کے خلاف ایف آئی آر درج،پورے علاقے اورنماز جمعہ کے موقع پر مساجد کے باہر پولیس کا سخت بندوبست

A large number of police and people can be seen outside the mosque
مسجد کے باہر بڑی تعداد میں پولیس اور عوام کو دیکھا جاسکتاہے

 حضورپاکؐ کی شان اقدس میںگستاخی پرمسلمانوںمیںشدید برہمی پائی جارہی ہے۔وسئی میںایک وکیل کے ذریعے یہ گھٹیااورمذموم حرکت کی گئی ہے۔اس کے خلاف مقامی سماجی خدمت گار کلن خان نقن خان نے دفعہ ۲۹۵؍ اےکے تحت ایف آئی آر درج کروائی ہے۔حالات کے پیش نظرجمعہ کو وسئی مشرق کےپورے علاقے میںاورمساجد کے باہر پولیس کاسخت بندوبست رکھا گیا۔کلن خان نے ایف آر آئی درج کراتےہوئے پولیس کوبتایا کہ انہیں اس گھٹیا پوسٹ کے سلسلے میںایڈوکیٹ نظیربورانڈے نےبتایا تھا۔دوسری جانب وکیل پرمانند رام اودھ اوجھا نےگرفتاری سےبچنے کے لئے ۵؍اپریل تک پیشگی عبوری ضمانت لینےمیں کامیابی حاصل کی ہے۔اسے ۱۵؍ہزار روپے کے ذاتی مچلکے پرجج آرڈی دیشپانڈے نے ضمانت دی ہے۔بیہودگی کے مرتکب وکیل نے اپنی ضمانت کیلئےیہ دلیل دی کہ اس کاکوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیںہے اورنہ ہی تحقیقات کیلئے پولیس حراست کی ضرورت ہے جسے عدالت نے تسلیم کرلیا۔
مقامی لوگوںنے سنجیدگی کا مظاہر ہ کیا 
 اس سلسلے میںمقامی افراد ،علماء اورائمہ نے سوجھ بوجھ کامظاہر ہ کیا اوراشتعال انگیزی سے بچتےہوئےقانونی کارروائی پرزور دیا۔حالانکہ یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ کچھ نوجوانوںنےوکیل کی گاڑی کونقصان پہنچایا۔اس کے ساتھ ہی کچھ لوگوںنےبہوجن وکاس اگھاڑی کے ذمہ دار ہتیندر ٹھاکور سے ملاقات کی اوران کو بھی تفصیلات سے آگاہ کروایا۔مقامی ذمہ داران کی یہ کوشش ہے کہ اشتعال انگیزی نہ ہولیکن جس وکیل نےیہ شرانگیزی کی ہے،اسے بہرحال سزا ملے۔ یہ معاملہ تیزی سے سوشل میڈیا پربھی گشت کررہا ہے اورلوگ اپنی ناراضگی کا اظہار کررہےہیں۔
بیہودگی کونقل کرنا بھی مناسب نہیںمعلوم ہوتا  
 نمائندۂ انقلاب نےلوگوں سے بات چیت کی  اورایف آئی آر کی کاپی حاصل کی۔ شان رسالتمآبؐمیںرمضان المبارک اور ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓکا حوالہ دیتے ہوئے تحریر  پوسٹ کرکے جوبیہودگی کی گئی ہے اس کو نقل کرنا بھی مناسب نہیںمعلوم ہوتا ہے۔ وکیل کے ذریعے کی گئی بیہودگی پرمقامی ذمہ داران کا کہنا ہےکہ کسی پڑھے لکھےشخص سے ایسی توقع نہیںکی جاتی ہےچہ جائیکہ کوئی وکیل ا س طرح کی جہالت اورعصبیت کا اظہارکرے۔لہٰذا ایسے لوگوں کوسخت سزادی جانی چاہئے تاکہ دوسروں کوسبق ملے اوروہ کسی بھی مذہب کی محترم شخصیات کی شان میںگستاخی یا نازیبا انداز اپناتے ہوئے سو مرتبہ سوچے ۔
پیشگی عبوری ضمانت رد کروانے کی کوشش 
 مقامی طور پرامن وامان قائم رکھنے کی اپیل کرنےاورقانونی کارروائی کوآگے بڑھانے میں شامل فضل حق نے کہاکہ ’’وکیل پی این اوجھا نے  پیشگی عبوری ضمانت حاصل کرلی ہے لیکن ہماری کوشش ہےکہ اسکے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اوراس کی ضمانت رد کی جائے ۔ اس کے لئے دیگر ماہر وکلاء سے صلا ح ومشورہ کیا جارہا ہے تاکہ کسی صورت ضمانت رد ہو اورایسے لوگ جوسماج میںمذہبی منافرت پھیلارہے ہیں،ان کوعبرتناک سزا دی جائے۔‘‘
آج پولیس کمشنر سےملاقات 
 رضااکیڈمی کے جنرل سکریٹری محمدسعید نوری اورسنی جمعیۃ العلماءکے سربراہ مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے بتایاکہ انہوں نے بھی حالات معلوم کئے اورآج وہ پولیس کمشنر سے ملاقات کریںگے اورانہیںحالات سے مطلع کرتے ہوئے سماج میںنفرت پھیلانے والے ایسے افرادکیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کریں گے۔

vasai Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK