Inquilab Logo

جعلی ویکسی نیشن کا شکار افراد کو دوبارہ ویکسین لگوائی جائے

Updated: July 31, 2021, 7:28 AM IST | nadeem asran | Mumbai

بامبے ہائی کورٹ کی متاثرین کو دوبارہ رجسٹریشن کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت

Court`s tough stance on vaccines.Pictire:Inquilab
ویکسین پر عدالت کا سخت رویہ تصویر انقلاب

 شہر میں جعلی ویکسی نیشن مہم  کے دوران  جن لوگوں کو ویکسین لگائی گئی تھی  وہ اب دوبارہ (اصل) ویکسین لگوانا چاہتے ہیں لیکن کووین پورٹ پر دوبارہ رجسٹریشن کروانے کی اجازت نہیں ہے جس کی وجہ سے  انہیں دقت پیش آ رہی ہے۔  اس طرح کے کوئی ۲؍ ہزار متاثرین ہیں جنہیں جعلی ویکسین دی گئی تھی۔  اس سلسلہ میں بامبے ہائی کورٹ میں عرضداشت داخل کی گئی تھی جس کی سماعت کے دوران جمعہ کو چیف جسٹس دیپانکر دتا نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ جعلی ویکسین لینے والوں کو دوبارہ ویکسین دینے کیلئے بی ایم سی کو سہولت فراہم کرے اور بی ایم سی کو بھی حکم دیا کہ اگر ۷؍ دنوں میں مرکز یہ سہولت فراہم نہیں کرتی ہے تو وہ خود متاثرین کو ویکسین کی سہولت فراہم کردے ۔
 بی ایم سی کے وکیل انل ساکھرے نے کورٹ کو بتایا کہ فرضی ویکسی نیشن مہم میں ویکسین لینے والے ۱۶۱؍ افراد کو کسی طرح دوبارہ ویکسین دے دی گئی ہے لیکن اب بھی ۲؍ ہزارسے زائد متاثرین کو ویکسین دینی باقی ہے ۔ لیکن پورٹل پر دوبارہ رجسٹریشن کی سہولت مہیا نہیں کی گئی ہے اس لئے ویکسین دینے میں دقت پیش آ رہی ہے ۔ 
  بی ایم سی کے وکیل نے دوبارہ ویکسین دیئے جانے کی ضمن میں کس طرح دوبارہ  رجسٹریشن کیا جاسکتا ہے اس کی بھی تفصیلات عدالت کو دی لیکن مرکز کی منظوری کے بغیر دوبارہ رجسٹریشن نہ ہو پانے کی بھی اطلاع دی  ۔وہیں مرکز کی جانب سے ایڈیشنل سولیسٹر جنرل انل سنگھ نے کہا کہ فی الحال مذکورہ پورٹل پر دوبارہ رجسٹریشن کی سہولت فراہم نہیں کی جاسکتی ہےلیکن مرکز ریاستی کی درخواست پر غور کرے گا ۔ وکیل نے یہ بھی کہا کہ مرکز کی اجازت تک متاثرین کو انتظار کرنا پڑے گا ۔ اس پر کورٹ نے کہا کہ مرکز کو اس سلسلہ میں اعتراض نہیں کرنا چاہئے ۔کورٹ نے مرکز کو حکم دیا کہ وہ متاثرین کو دوبارہ کووین پورٹل پر رجسٹریشن کرنے اور بی ایم سی کو انہیں ویکسین لگانے کی اجازت دے ۔ ساتھ ہی کورٹ نے یہ بھی کہا کہ اگر مرکز اس سلسلہ میں۷؍ دنوں میں کوئی فیصلہ نہیں کرتی ہے تو بی ایم سی اپنے طور پر متاثرین کو ویکسین دینے کی سہولت فراہم کر لے ۔  
  واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ممبئی پولیس نے جعلی ویکسی نیشن کا پردہ فاش کیا تھا اور کئی لوگوں کو گرفتار کیا تھا ۔  یہ لوگ ویکسی نیشن کی جعلی مہم چلا رہے تھے اور انہیں نمک کا پانی ملا کر ویکسین لگا رہے تھے اوراسپتالوں کے جعلی سرٹیفکیٹ فراہم کر رہے تھے۔  اس جعلی مہم کے دوان جن لوگوں نے ویکسین لگوایا تھا  وہ اب دوبارہ اپنا نام رجسٹریشن کروانا چاہتے ہیں تاکہ اصلی ویکسین لے سکیں لیکن ان کا نام رجسٹرڈ نہیں ہو رہا ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK