Inquilab Logo

ووڈا فون آئیڈیا کمپنی بند ہونے کا خطرہ برقرار

Updated: February 17, 2020, 3:43 PM IST | Agency | New Delhi

کمپنی نے بیان جاری کیا کہ وہ چند روز میں اے جی آر کا کچھ حصہ ادا کردے گی لیکن ملک میں سروسیز جاری رکھنے پر سسپنس برقرار رکھا، وزیر اطلاعات و نشریات نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی ، اس بحران کے سبب اسٹیٹ بینک کی بھی بڑی رقم ڈوبنے کا خطرہ

اے جی آر کے سبب ووڈافون کے بند ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ تصویر : آئی این این
اے جی آر کے سبب ووڈافون کے بند ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ ہے۔ تصویر : آئی این این

 نئی دہلی : ایڈجسٹیڈ گروس ریوینیو (اے جی آر ) کی ادائیگی کے معاملے میں سپریم کورٹ کے سخت رویے کے بعدپورے ٹیلی کوم سیکٹر میں بھونچال آگیا ہے  اور ووڈا فون آئیڈیا کے بند ہوجانے کا خطرہ بتایا جارہا ہے۔ چونکہ ووڈافون کو سب سے زیادہ ۵۳؍ ہزار کروڑ روپے ادا کرنے ہیں اس لئے یہ خطرہ بہر حال برقرار ہے کہ کمپنی  بند ہو جائے گی۔ اس سلسلے میں حالانکہ ووڈا فون کی جانب سے باقاعدہ بیان جاری کرکے کہا گیا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق اے جی آر ادا کرنے کو تیار ہے۔  چند روز میں وہ اے جی آر کا ایک حصہ ادا کردیں گے اور باقی رقم کورٹ میں اگلی شنوائی سے قبل ادا کر دی جائے گی لیکن اس کے بعد ملک میں کمپنی کے آپریشنز جاری رکھنے کے معاملے میںسسپنس کو برقرار رکھا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین کہہ رہے ہیں کہ اگر ووڈافون نے پورا اے جی آر اتنے کم عرصے میں ادا کردیا تو یہ لازمی ہے کہ ہندوستان میں یہ کمپنی بند ہو جائے گی۔ فی الحال کمپنی کھل کر کچھ نہیں کہہ رہی ہے لیکن اپنے آپریشنز بند کرنے کے اشارے وہ اس سے قبل ہی دے چکی ہے۔
 کمپنی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان میں آپریشنزجاری رکھنا اس بات پر منحصر کرے گا کہ سپریم کورٹ ہماری کیوریٹیو پٹیشن پر کیا حکم دیتا ہے۔ اگر ہمارے حق میں فیصلہ آیا اور ہمیں اے جی آر ادا کرنے کے سلسلے میں رعایت مل گئی تو کوئی بڑی پریشانی نہیں آئے گی لیکن اگر ایسا نہیں ہوا تو آپریشنز جاری رکھنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ  ووڈا فون کو ۵۳؍ ہزار کروڑ روپے کی بڑی رقم ادا کرنی ہے۔ اے جی آر کی رقم کل ملاکر ۱ء۴۶؍ لاکھ کروڑ روپے ہے جس میں سے ووڈافون پر ۵۳؍ ہزار کروڑ روپے  اور ایئر ٹیل پر ۳۵؍ ہزار کروڑ روپے بقایا ہیں۔ باقی رقم دیگر ٹیلی کوم کمپنیوں پر بقایا ہے۔ ایئر ٹیل نے گزشتہ دنوں ہی واضح کردیا تھا کہ وہ سپریم کورٹ کے حکم کے بعد فوری طور پر ۱۰؍ ہزار کروڑ روپے ادا کرے گی اور باقی رقم کورٹ میں اگلی شنوائی سے قبل ادا کردی جائے گی۔
 اے جی آر کے سلسلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر برائے اطلاعات و نشریات روی شنکر پرساد نے وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی اور اس صوتحال پر گفتگو کی لیکن دونوں کے درمیان گفتگو کا کیا نتیجہ نکلا اس سلسلے میں خبر لکھے جانے تک تو کچھ سامنے نہیں آسکا تھا بہر حال یہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ حکومت اپنی طرف سے کمپنیوں کو کچھ راحت دینے پر غور کررہی ہے تاکہ کوئی کمپنی بند نہ ہو ۔

vodafone idea Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK