Inquilab Logo

برڈفلو سے متعلق افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا انتباہ

Updated: January 13, 2021, 10:13 AM IST | Iqbal Ansari | Thane

بی ایم سی اور تھانے کلکٹر نے ہیلپ لائن نمبرجاری کئے ۔ وزیر اعلیٰ نے برڈ فلو کی جائزہ میٹنگ میں سبھی اضلاع کے افسران کو صحیح اطلاع دینے کاانتظام کرنے کی ہدایت دی، کہا :خوب اچھی طرح پکانے سے برڈ فلو نہیں ہوتا

Uddhav Thackeray - PIC : INN
وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرےاور دیگر افراد ’جانوروں کیلئے گشتی دواخانہ‘ کے افتتاح کے موقع پر۔

ریاست  کے متعدد اضلاع میں برڈ فلو سے متعدد پرندوں کی اموات کی تصدیق کے بعد وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے پیر کی شام سبھی ضلع کلکٹروں کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہنگامی میٹنگ طلب کی اور انہیں ہدایت دی کہ شہریوں تک صحیح اطلاع پہنچانے اور اس تعلق سے ہیلپ لائن جاری کریں۔ انہوں نے اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد یہ بھی یقین دلایا کہ شہریوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ مرغی کا گوشت خوب اچھی طرح پکاکر  اور انڈے استعمال کرنے سے کوئی مضر اثرات نہیں ہوتے۔  وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئےمنگل کو برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی) اور اس کے بعد تھانے ضلع کلکٹر کی جانب سے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیئے گئے جس پر لوگ مردہ پائے جانےوالے پرندوں کے بارے میں اطلاع دے سکتے ہیں۔ شکایات پر فوری کارروائی کیلئے خصوصی دستے بھی تشکیل دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
 مہاراشٹر  کے چند اضلاع میںبرڈ فلو کی وبا سے متعدد پرندوں اور مرغیوں کی   موت ہونے کی تصدیق کے بعد پیر کی شام وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نےمتعلقہ وزراء اور افسران کی ایک میٹنگ طلب کی تھی  جس کے بعدانہوں نے کہا ہے کہ  چونکہ برڈ فلو انسان میں منتقل نہیں ہوتا اور متاثر نہیں کرتا اس لئے اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ۔اس میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے سرکاری رہائش گاہ ورشا سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سبھی ضلع کلکٹروں سے میٹنگ بھی کی اور شہریوں تک صحیح معلومات پہنچانے کا نظم کرنے اور اگر کہیں پرندے مردہ پائے جاتے ہیں تو اس کی اطلاع انتظامیہ تک دینے کا نظم کرنے کی ہدایت دی۔
  برڈ فلو کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں منگل کوسرکاری رہائش گاہ ورشا میں  ’جانوروںکا گشتی دواخانہ ‘ نامی وین کا افتتاح کیا گیا۔ انہوں  نے وین کو ہری جھنڈی دکھا ئی۔لوگ ٹول فری نمبر ۱۹۶۲؍ پر فون کر کے اس گشتی دواخانہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر وزیر برائے مویشی پالن سنیل کیدار، وزیر مملکت دتاتریہ بھرنے اور پرنسپل سیکریٹری انوپ کمار موجود تھے۔
 وزیر اعلیٰ ادھوٹھاکرے نے کہاکہ’’ جن علاقوں میں برڈ فلو کی وبا پھیلی ہوئی ہے، وہاں بھی انڈے اور مرغی کا گوشت اگر ۷۰؍ ڈگری  سے زیادہ درجہ ٔ حرارت پر پکایا جائے تو اس سے کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔  شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس تعلق سے غلط فہمی یا افواہ نہ پھیلائیں اور برڈ فلو سے متعلق افواہوں پر توجہ نہ دیں۔مویشی پالن کے وزیر سچندر  پرتاپ نے بتایا کہ ’’پربھنی میں ۸۴۳؍  مرغیاں، تھانے میں بگلے اور دیگر پرندے اس طرح کل ملا کر ۱۵؍ پرندے، رتنا گیری میں ۹؍ کوؤں کو برڈ فلو (ایچ ۵، این ۔ ون)سے متاثر پایا گیا ہے جبکہ  بیڑ میں ۱۱؍ کوؤں کو پرندوں کے ایچ ۵، این ۸؍ وائر س سے متاثر پایا گیا ہے ۔ بقیہ علاقوں کی رپورٹ پربھنی کی لیب سے آنا ابھی باقی ہے۔ ‘‘
 پیر کی رات بی ایم سی کی جانب سے برڈ فلو سے تحفظ کیلئے مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے تاجروں کے لئے گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے شہریوں کو ضروری معلومات دینے یا پرندے مردہ پائے جانے پر مطلع کرنے کیلئے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیاہے۔ لوگ بی ایم سی کے ڈیزاسٹر کنٹرول روم کے نمبر ۱۹۱۶؍ پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔ان نمبروں پر شکایت مو صول ہونے پر ایس ڈبلیو ایم کے افسران فوری کارروائی کریں گے۔یہ ٹیم مردہ پرندوں کو اٹھانے اور ان کی جانچ  کیلئے ریپڈ رسپانس ٹیم کے ماتحت کام کر رہی ہے۔مردہ پرندوں کے تعلق سے ۲؍ افسران ڈاکٹر ہرشل  بھویئر:۹۹۸۷۲۸۰۹۲۱؍ اور ڈاکٹر اجے کامبلے : ۹۹۸۷۴۰۴۳۴۳؍ کو بھی مطلع کیا جاسکتا ہے۔ 
  تھانے کے ضلع کلکٹر راجیش نارویکر نے  شہریوں کویقین دلایا ہے کہ برڈ فلو سے گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ۷۰؍ ڈگری سے زیادہ درجہ ٔ حرارت سے زیادہ  پر مرغی کا گوشت پکانے پر وائرس ختم ہو جاتا ہےجس کے بعد انسانوں پراس کا کوئی مضر اثر نہیں ہوتا،اس کے باوجود اگر کوئی شہری برڈ فلو سے متعلق افواہ یا غلط فہمی پھیلائے گا تو اس کے خلاف فوراً قانونی کارروائی کی جائے گی۔
 ضلع کلکٹر نے پولٹری ٹریڈرز کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
  تھانے ضلع انتظامیہ کی جانب سے برڈ فلو کی اطلاع دینے کیلئے کنٹرول روم نمبر جاری کیاگیا ہے لہٰذا اگر کوے ، مرغی، طوطے ، بگلے یا ہجرت کرکے آنے والے پرندے یا دیگر پرندےمردہ پائے جاتے ہیں  توشہریوں کو درج ذیل نمبروں پر مطلع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ٹول فری نمبر: ۱۸۰۰۲۳۳۰۴۱۸
فون نمبر:(کوڈ: ۰۲۲) ۲۵۶۰۳۳۱۱

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK