Inquilab Logo

ماسک نہ لگانے والوں کیخلاف مزیدسخت کارروائی کا انتباہ

Updated: September 30, 2020, 11:18 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنر نےجرمانہ وصولنے میں تیزی لانے کیساتھ ہی بس،ٹیکسی اور آٹورکشا میں بغیر ماسک کے سفر پر پابندی،مالس اور عوامی مقامات پر بھی’نو ماسک نو انٹری‘ کا حکم جاری کیا

Best Bus - Pic : INN
بیسٹ بس ۔ تصویر : آئی این این

اب ممبئی میں بغیر ماسک بیسٹ کی بس ،ٹیکسی ،آٹو رکشا اور شاپنگ مالس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی اور ماسک کے بغیر شہریوں کیلئے  ’نو انٹری ‘ ہوگی۔ کورونا پر قابو پانے کیلئے ممبئی کے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے منگل کو ہدایت جاری کی ہے کہ جو شہری ماسک نہ لگائے اسے عوامی ٹرانسپورٹ: میونسپل بس، ٹیکسی ، آٹو رکشا کے ساتھ ساتھ شاپنگ مالس وغیرہ میں داخلہ نہ دیا جائے۔ یہی اصول تمام دفاتر ، اداروں ، سوسائٹی اور آڈیٹوریم  اور دیگر عوامی مقامات  کے تعلق سے بھی دیئے گئے ہیں۔ ’نو ماسک نو انٹری ‘ کی بیداری کیلئےاسٹیکر اور بینر بھی لگانے کاحکم میونسپل کمشنر نے دیا ہے۔
 منگل کو میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے ویڈیوکانفرنسگ کے ذریعے کورونا کے تعلق سے  ایک جائزہ میٹنگ منعقد کی تھی جس میں افسران کو یہ ہدایت دی گئی ہے۔افسرنے ماسک نہ لگانے والے شہریوں سے جرمانہ وصول کرنے کی کارروائی کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اس موقع پر بس، ٹیکسی اور مالس  میں بینرس بھی لگانے کی ہدایت دی گئی۔
  واضح رہے کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)کی جانب سے بغیر ماسک لگانے والے شہریوں سے جرمانہ وصول کارروائی کی جارہی ہے ۔ میونسپل کمشنر نے اس کارروائی میں بھی تیزی لانے کا حکم دیا ہے۔ اس سلسلے میں بی ایم سی کمشنر آفس کی جانب سے کہاگیاہے کہ دنیا بھر کے ماہرین صحت اور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ منہ اور ناک کو پوری طرح ڈھانپنے والا ماسک کا استعمال کرنے سے کووڈ ۱۹؍ جیسی متعدی بیماری  سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں بی ایم  سی نے عوامی بیداری پیدا کرنے کیلئے متعدد ذرائع استعمال کئے ہیں اور شہریوں کو ماسک کا پابند بنانے کیلئے جرمانہ وصول کارروائی  بھی شروع کی ہے  جس کے تحت   ماسک نہ  لگانے والے شہری سے ۲۰۰؍ روپے جرمانہ وصول کیا جا رہا ہے ۔ میونسپل کمشنر نے  اس کارروائی کو مزید تیز اور سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔
 میونسپل کمشنرنے ہدایت دی ہے کہ ممبئی میں واقع دفاتر، ہاؤسنگ سوسائٹیز، شاپنگ مالس، ہال اور اسی طرح دیگر عوامی مقامات پر بینرس بھی لگائے جائیں۔
 میونسپل کمشنر اقبال سنگھ کی صدارت میں منگل کو منعقدہ ویڈیو کانفرنس میںایڈیشنل میونسپل کمشنر (پروجیکٹ) پی  ویل راسو ، ایڈیشنل میونسپل کمشنر (مغربی مضافات)سریش کاکانی کیساتھ  جوائنٹ میونسپل کمشنر ، ڈپٹی میونسپل کمشنر ، اسسٹنٹ میونسپل کمشنر ، بی ایم سی اسپتالوں کے سپرنٹنڈنٹ ، محکمہ صحت عامہ کے میڈیکل آفیسرس اور مختلف محکموں کے انتہائی سینئر افسران بھی موجود تھے۔
 شہریوں سے ۵۲؍ لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا گیا
  عوامی مقاما ت پر ماسک نہ لگانے والے شہریوں کے خلاف بی ایم سی نے اپریل سے  جرمانہ وصول کارروائی شروع کی ہے۔ اس کارروائی کے تحت ۲۶؍ ستمبر تک۲۴؍ ایڈمنسٹریٹیو میونسپل وارڈز میں  ۱۴؍ ہزار ۲۰۷؍ شہریوں کے خلاف معاملہ درج کیا گیا  اور ان سے مجموعی طور پر ۵۲؍  لاکھ ۷۶؍ ہزار ۲۰۰؍ روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔ سب سے زیادہ  ۶؍ لاکھ ۱۵؍  ہزار ۸۰۰؍  روپے کا جرمانہ ’کے‘ ویسٹ وارڈ سے اور اس کے بعد ’آر‘ ساؤتھ وارڈ سے ۶؍ لاکھ ۷۰۰؍ روپے وصول کیاگیا ہے۔
 تھانے میں ۱۷؍ دنوں میں ۵؍ لاکھ ۷؍ہزار روپے جرمانہ وصول
  تھانے میونسپل کارپوریشن( ٹی ایم سی) نے بھی بغیر ماسک عوامی مقامات پر پائے گئے  ایک ہزار ۱۵؍ شہریوں کے خلاف جرمانہ وصول کارروائی کرتے ہوئے ان سے ۵؍ لاکھ ۷؍ ہزار روپے جرمانہ وصول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔یہ جرمانہ ۱۷؍ دنوںمیں وصول کیا گیا ہے  اور یہ کارروائی میونسپل کمشنر ڈاکٹر وپن شرما کی ہدایت پرکی گئی ہے۔ کئی شہری عوامی مقامات پر بغیر ماسک لگائے ہوئے دیکھے گئے تھے جس کے بعد میونسپل کمشنر نے ان کے خلاف جرمانہ وصول کارروائی شروع کرنے کی ہدایت دی تھی۔ تھانے  شہر میں ۱۲؍ ستمبر  سے شروع کی گئی اس کارروائی میں ۲۸؍ ستمبر تک کل ایک ہزار ۱۵؍ افراد سے ۵؍ لاکھ ۷؍  ہزار ۵۰۰؍روپے وصول کئے گئے ہیں۔ اس دوران ممبرا وارڈ  میٹی سے ۸۱؍ ہزار ۷۰۰؍ روپے جبکہ نوپاڑہ ۔کوپری وارڈ کمیٹی سے سب سے زیادہ ایک لاکھ ۲۰؍ ہزار روپے ،  ماجھی واڑہ  مانپاڑہ وارڈ کمیٹی  میں ۷۰؍ ہزار روپے جرمانہ وصول کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK