Inquilab Logo

معروف صحافی کمال خان انتقال کرگئے

Updated: January 15, 2022, 8:45 AM IST | Lucknow

دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوا ،تین دہوں سے این ڈی ٹی وی سے وابستہ تھے

Kamal Khan
کمال خان

ملک کے سینئر صحافی اور یوپی کی سیاست پر کمال کی دسترس رکھنے والے کمال خان کا جمعہ کی صبح دل کا دورہ پڑجانے سے انتقال ہوگیا۔ وہ تقریباً ۶۱؍برس کے تھے۔ اہل خانہ نے بتایا کہ صبح تقریباً چار بجے کمال نے سینے میں درد کی شکایت کی جس کے بعد انہیں اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں داخلے سے قبل ہی مردہ قرار دے دیا۔ کمال خان تقریباً ۳؍ دہائیوں سے  این ڈ ی ٹی وی سے منسلک تھے اور غیرجانبدارانہ صحافت کیلئے جانے جاتے تھے۔ پسماندگان میں بیوہ اور ایک بیٹا ہیں۔کمال خان  کی  اہلیہ روچی کمار بھی صحافت سے وابستہ ہیں اور  انڈیا ٹی وی کی  نامہ نگار ہیں۔ کمال خان کی تدفین  عیش باغ قبرستان میں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں عمل میں آئی ۔ 
 کمال خان کی رپورٹنگ میں ان کی زبان، ثقافت اور تمدن کی پوری جھلک نظر آتی تھی۔ وہ کبھی غالبؔ کے شعر نقل کرتے تو کبھی کبیرؔ کے دوہے پڑھ کر اپنی رپورٹ کو مزید دلچسپ بنا دیتے تھے۔ ملک کا ماحول جس میں گودی میڈیا نے جنم لیا اور صحافیوں کی اکثریت نے جس جانبداری کا مظاہرہ کیا اور حکومت وقت کے مقرب خاص بنے رہے، کمال خان ان سب تعصبات اور فکری بے ایمانی سے مستثنیٰ  نظر آتے تھے۔ کمال خان کے انتقال سے صحافت میں جو خلاء پیدا ہوا ہے اس کا پُر ہونا انتہائی مشکل ہے۔ ایسے صحافی کم ہوتے جا رہے ہیں جو بااُصول صحافت کو اپنا شیوہ بنائے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ  ہے کہ کمال خان کو عوامی سطح پر بہت مقبولیت حاصل ہوئی۔  وہ متعدد انعامات اور اعزاز سے سرفراز کئے گئے جن میں گوینکا  ایوارڈ جیسا اعزاز بھی شامل ہے۔

kamal khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK