Inquilab Logo

آخر دیگر ممالک سے ویکسین منگوانےکی نوبت کیوں آئی

Updated: May 27, 2021, 8:14 AM IST | Lucknow

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی کا حکومت سے سوال ، کہا کہ سب سے زیادہ ویکسین کا پروڈکشن کرنے والےملک کا ایسا حال کیوں ہوا ؟

Congress general secretary Priyanka Gandhi has raised important questions.Picture:PTI
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے اہم سوال اٹھائے ہیں تصویرپی ٹی آئی

کانگریس کے جنرل سیکریٹری اور اترپردیش کانگریس کی انچارج پرینکا گاندھی   نے مرکز کی مودی حکومت سے سوال کیا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ ویکسین پیدا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہندوستان آج دوسرے ممالک سے ویکسین  منگوانےکی حالت میں آگیا ہے اور حکومت اسے حصولیابی کی طرح   پیش کررہی ہے۔پرینکا  گاندھی نے بی جے پی حکومت پر تنقیدیں کرنے  کے لئے شروع کی گئی’’ذمہ دار کون ‘‘مہم کے تحت فیس بک وا ل پوسٹ کیا کہ گزشتہ۱۵؍اگست کو وزیر اعظم مودی نے لال قلعہ سے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ ان کی حکومت نے ٹیکہ کاری  کا پورا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ ملک کے ویکسین پروڈکشن اور ویکسین کے کاموں کی طوالت کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے یہ یقین کرنا آسان تھا کہ مودی حکومت اس کام کو تو بہتر ڈھنگ سے کرے گی۔ آخر پنڈت جواہر لال نہرو نے۱۹۴۸ء میں چنئی میں ویکسین یونٹ  اور ۱۹۵۲ء میں نیشنل  انسٹی ٹیوٹ آف  وائرولوجی پونے کا قیام کر کے ہندوستان کے ویکسین پروگرام کو ایک نئی اڑان دی تھی۔
  پرینکا نے کہا کہ ہم نے کامیابی کے ساتھ چیچک، پولیو وغیرہ بیماریوں کو شکست دی ہے۔ان حصولیابیوں کو جان کر ملک بے فکر تھا کہ ویکسین کا مسئلہ ملک کے سامنے نہیں آئے گا لیکن تلخ سچائی ہے کہ وبا کے آغاز سے ہی ہندوستان میں ویکسین عام لوگوں کی زندگی بچانے کے اوزار کے بجائے وزیر اعظم کی ذاتی تشہیر کا سامان بن گئی اور اب حالت یہ  ہے کہ ہمیں دیگر ممالک سے یہ منگوانا پڑ رہی ہے۔ اس کا ذمہ دار کون ہے ؟ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK