Inquilab Logo

کورونا سے متاثر مریض کا نام کیوں ظاہر کیا جاتا ہے : ہائی کورٹ کا سوال

Updated: July 11, 2020, 3:12 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بامبے ہائی کورٹ میں ایک طالبعلم اور کسان نے مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کرتے ہوئے کورٹ سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر مریض کا نام ظاہر نہ کیا جائے ۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

بامبے ہائی کورٹ میں ایک طالبعلم اور کسان نے مفاد عامہ کی عرضداشت داخل کرتے ہوئے کورٹ سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر مریض کا نام ظاہر نہ کیا جائے ۔ اس پر کورٹ نے حکومت اور بی ایم سی سے جاننا چاہا کہ ’’آخر کووڈ۔ ۱۹؍ سے متاثر مریضوں کا نام کیوں ظاہر کیا جارہا ہے اور یہ کتنا ضروری ہے ؟‘‘لاء کی طالب علم ویشنوی گھولاوے اور کسان مہیش گڈیکر نے داخل کردہ عرضداشت کے ذریعہ کہا کہ’’ہر شخص کو اپنے انداز سے زندگی جینےکا حق حاصل ہے اور اسی بنیادی حقوق کے تحت صحت مند زندگی جینے اور اپنی خرابی صحت کو پوشیدہ رکھنے کا بنیادی حق بھی دیا گیا ہے۔ عدالت کو اب یہ طے کرنا ہوگا کہ کون سے حقوق عوامی اخلاقیات کے مفاد میں سود مند ثابت ہوسکتے ہیں ۔ ایسا شخص جو کورونا سے متاثر ہوا ہو اور وہ اسے بتانا نہیں چاہتا ہو جو اس کا بنیاد حق بھی ہے ، ایسی صورت میں کوئی اس کی بیماری کو کیسے عیاں کرسکتا ہے اور اس کا نام بھی کیسے ظاہر کر سکتا ہے ۔‘‘ عرضداشت گزار وں نے عدالت سے درخواست کی کہ کووڈ ۱۹؍ سے متاثر مریضوں کے نام کو پوشیدہ رکھا جائے ۔
 بامبے ہائی کورٹ کی ۲؍ رکنی بنچ کے جسٹس اے اے سید اور ایم ایس کارنک نے داخل کردہ عرضداشت اور اس کے وکیل ونود سنگویکر کے ذریعہ فراہم کردہ تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد حکومت اور بی ایم سی سے سوال کیا کہ ’’ کووڈ۔۱۹؍ سے متاثرہ مریض یا مشتبہ مریضوں کے تعلق سے بی ایم سی صحت عامہ کے افسران اس مقام ، بلڈنگ یا اس علاقے کو جب کنٹین منٹ زون قرار دے دیتے ہیں ، تو آس پاس کے لوگوں کو پتہ چل ہی جاتا ہے کہ کون متاثر ہوا ہے ، اس کے باوجود نام ظاہر کرنے کی کیوں ضرورت پیش آتی ہے ؟‘‘کورٹ کے اس سوال پر حکومت کی جانب سے وکیل آدتیہ ٹھاکرے نے کورٹ کو بتایا کہ انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر ) کی پہلے سے طے شدہ گائیڈ لائن پر عمل کرتے ہوئے کورونا سے متاثر مریضوں کا نام ظاہر نہیں کیا جاتا ہے ۔ اس پر عرضداشت کے وکیل ونود سنگویکرنے کورٹ کو بتایا کہ آئی سی ایم آر کی گائیڈ لائن کے مطابق صرف کووڈ ۔۱۹؍ سے فوت ہونے والے مریضوں کا نام ظاہر نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ فریقین کی جرح سننے کے بعد کورٹ نے مہاراشٹر حکومت کو ۲؍ ہفتہ کی مہلت دیتے ہوئے حلف نامہ داخل کرنے کا حکم دیا ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK