• Tue, 09 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سخت پولیس بندوبست کے درمیان سرمائی اجلاس کا آغاز

Updated: December 08, 2025, 10:09 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیر مالیات نے ضمنی بجٹ پیش کیا ، لاڈلی بہن اسکیم کی رقم بھی شامل، اپوزیشن نے اجلاس کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کیا،تخریبی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر سخت سیکوریٹی

Chief Minister Devendra Fadnavis entering Vidhan Bhavan (Photo: PTI)
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ودھان بھون میں داخل ہوتے ہوئے ( تصویر: پی ٹی آئی)

ناگپور میں سخت پولیس بندوبست کے ساتھ مہاراشٹر اسمبلی کے سرمائی اجلاس کا آغاز ہوا۔ پولیس کی سخت جانچ کے بعد صرف ان  افراد کو اندر جانے کی اجازت دی جارہی تھی جن کے پاس داخلہ پاس تھا۔ ۷؍ روزہ اجلاس کے پہلے دن دونوں ایوانوں میں متعدد بل کا تعارف اور ضمنی بجٹ پیش کیا گیا  اور عبوری اسپیکر اور عبوری چیئرمین کا تقرر بھی عمل میں آیا۔پیش کئے گئے بلو ںپر ۱۰؍ اور ۱۱؍ دسمبر کو اسمبلی میں بحث ہوگی ۔
  کانگریس کے رکن اسمبلی نانا پٹولے نے اجلاس کی مدت میں توسیع کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے اسپیکر سے کہا ’’ چونکہ یہ اجلاس ودربھ میں منعقد ہو رہا ہے اوریہاں متعدد مسائل ہیں اس لئے اجلاس کی مدت ۷؍ دنوں تک محدود نہ رکھتے ہوئے کم از کم ۱۸؍ دسمبر تک بڑھائی جانی چاہئے تا کہ ودربھ کے عوام کو انصاف مل سکے۔ اس مطالبے پر اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر  نے کہا کہ’’ اس بارے میں دوھان بھون کی کام کاج صلاح کار کمیٹی میں تفصیلی بات چیت ہو چکی ہے اس لئے یہاں پر بحث کرنے کی ضرورت نہیں۔‘‘نانا پٹولے نے مزید کہا کہ’’ جب مَیں اسپیکر تھا اس وقت صلاح کار کمیٹی کو ہدایت دیتا تھا ان کے کہنے کے مطابق اجلاس کی میعاد مقرر نہیں کی جاتی تھی لیکن یہ آپ کا اختیار ہے ۔‘‘
  اس دوران وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے نانا پٹولے کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ لوگوں کی حکومت میں۳؍ اور ۵ ؍ روزہ اجلاس بھی ہوا ہے ، یہ تو ۷؍  روزہ اجلاس ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ’’یہ اجلاس  ۷؍ روزہ  اس لئےرکھا  گیا ہے کہ آئندہ میونسپل الیکشن کے  پیش نظر اس وقت کبھی بھی ضابطہ اخلاق نافذ ہو سکتا ہے۔‘‘
۷۵ ؍ ہزار ۲۸۶؍ کروڑ روپے کا ضمنی بجٹ پیش
 نائب وزیر اعلیٰ  و وزیر خزانہ اجیت پوار نے  ۷۵؍ہزار ۲۸۶ء۳۸؍ ہزار کروڑ روپے کا ضمنی (اضافی) بجٹ  پیر کو قانون ساز اسمبلی میں پیش کیا ۔
ضمنی بجٹ کی جزیات
۔ بجلی کے ٹیرف سبسڈی کیلئے ۹؍ ہزار ۲۵۰؍ کروڑ روپے ،
۔بارش اور سیلاب سے متاثرہ کسانوں کی مالی امدادکیلئے   ۱۵؍ ہزار ۶۴۸؍ کروڑ روپے 
۔لاڈلی بہن یوجنا کے تحت ماہانہ ۱۵۰۰؍ روپے وظیفہ دینے کیلئے ۶؍ ہزار ۱۰۳؍ کروڑ روپے ۔
۔خواتین اور اطفال کی فلاح و بہبود کیلئے ۵؍ ہزار ۲۴ء۴۸؍ کروڑ روپے ۔
۔پرادھان منتری جن آروگیہ یوجنا اور آیوشمان بھارت اسکیم کیلئے ۳؍ ہزار ۲۸۱ء۷۹؍ کروڑ روپے ،
۔ میونسپل کونسل کو اسپیشل گرانٹ کیلئے ۲؍ ہزار ۲۰۰ ؍کروڑ روپے  ۔ اسٹامپ ڈیوٹی سیس ریفنڈ کیلئے ۲؍ ہزار ۵۰۰؍ کروڑ روپے
  قانون ساز اسمبلی کے عبوری اسپیکر کا اعلان 
 قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر نے پیر کو اسمبلی کے عبوری اسپیکر کے ناموں کا اعلان کیا ۔ چین سکھ سنچیتی، کشور اپا پاٹل، ڈاکٹر راہل پاٹل، اتم راؤ جانکر، رام داس میشرام، سمیر کنور، سروج آہیرے کو سرمائی اجلاس کیلئے اسمبلی کے عبوری اسپیکر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
قانون ساز کونسل عبوری چیئرمین کا تقرر
 پیر کو قانون ساز کونسل سرمائی اجلاس کی کارروائی وندے ماترم اور مہاراشٹر گیت کے ساتھ ہوئی۔اس موقع پر قانون ساز کونسل کے چیئرمین پروفیسر رام شندے نے ایوان میں قانون ساز کونسل کے کام کیلئے عبوری چیئرمین کی تقرری کا اعلان کیا۔  امیت گورکھے، کرپال تمانے، امول مٹکری، دھیرج لنگاڈے اور سنیل شندے شامل ہیں۔ قانون ساز کونسل کی کارروائیوں کی نگرانی کریں گے۔ 
  تخریبی کارروائی کا خدشہ، سخت سیکوریٹی
 پیر کو ناگپور میں ودھان بھون کے علاوہ شہر میں بھی سیکوریٹی سخت کی گئی تھی ۔ خاص کر آر ایس ایس کے ہیڈکوارٹر پر۔ وجہ یہ  تھی کہ آئی بی کی ایک رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جیش محمد نامی تنظیم ناگپور میں تخریبی کارروائی کر سکتی ہے۔ 

nagpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK