Inquilab Logo

تمام احتیاطی تدابیر کے ساتھ امریکہ کی ۵؍ ریاستوں میں پرائمری الیکشن پورے

Updated: August 06, 2020, 7:43 AM IST | Agency | Washington

امریکہ کی پانچ ریاستوں میں منگل کو پرائمری الیکشن ہوئے جن کے نتائج مرتب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست ایری زونا میں ووٹروںنے بڑی تعداد میں نومبر میں شیڈول صدارتی انتخابات سے قبل پارٹی امیدواروں کے مابین پرائمری مقابلوں میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا

Donald Trump - Pic : INN
ڈونالڈ ٹرمپ ۔ تصویر : آئی این این

امریکہ کی پانچ ریاستوں میں منگل کو  پرائمری الیکشن  ہوئے جن کے نتائج مرتب کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست ایری زونا میں ووٹروںنے بڑی تعداد میں  نومبر میں شیڈول صدارتی انتخابات سے قبل پارٹی امیدواروں کے مابین پرائمری مقابلوں میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔اطلاع کے مطابق اس ریاست میں ووٹنگ کی شرح کا نیا ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔کورونا وائرس کے باعث  ووٹ ڈالنے کےنئے طریقہ کار اور مقامات میں تبدیلی کے باوجود کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔اس ریاست میں سینیٹ کی نشست پر ہوئےپرائمری مقابلے میں ری پبلکن سینیٹر مارتھا مک سیلی اور ڈیموکریٹک پارٹی کے مارک کیلی امیدوار ہیں۔
 مارک کیلی سابق خلانورد ہیں جبکہ ایری زونا سے تعلق رکھنے والے سابق سینیٹر جان مکین کی وفات کے بعد مارتھا مک سیلی کو ۲۰۱۸ءمیں اس نشست کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔ ریاست ایری زونا کے ایوانِ نمائندگان کے پرائمری انتخابات میں ایک خالی ریستوران میں بھی پولنگ اسٹیشن قائم کیا گیا ۔ انتخابی عملے نے ماسک اور دستانے پہن رکھے تھے جبکہ  دیگر حفاظتی انتظامات بھی کئے گئے تھے۔ ریاست میں ووٹنگ کے دوران ہجوم سے بچنے کیلئے لوگوں کو ڈاک کے ذریعے ووٹنگ پر بھی مائل کیا گیا۔خیال رہے کہ  ڈاک کے ذریعے ووٹنگ کے معاملے پر ری پبلکن اور ڈیمو کریٹک پارٹی کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ ڈاک کے ذریعے جعلی ووٹ کاسٹ ہو سکتے ہیں۔
 ریاست ایری زونا میں  پرائمری الیکشن  کے علاوہ کینساس میں سینیٹ کی نشست کیلئے ری پبلکن اُمیدواروں کے مابین سخت مقابلہ ہے۔مذکورہ نشست کیلئے مجموعی طور پر ۱۱؍ اُمیدوار میدان میں ہیں۔ یہ نشست ری پبلکن سینیٹر پیٹ رابرٹس کے ریٹائر ہونے کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ اس کے علاوہ کینساس ریاست کے سابق سیکریٹری آف اسٹیٹ کرس کوباچ اور پلمبنگ کمپنی کے بانی باب ہیملٹن بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ادھرکینساس میں رُکن کانگریس اسٹیو ویٹکن کو ریاست کے سابق وزیر خزانہ جیک لاٹرنر کا سامنا ہے۔ریاست مشی گن میں ڈیمو کریٹک پارٹی کی رُکنِ کانگریس راشدہ طلیب کو ڈیٹرائٹ سٹی کونسل کی صدر برینڈا جونز کا چیلنج درپیش ہے۔اسی ریاست میں ری پبلکن کی ان دو نشستوں پر  الیکشن ہوئے جہاں سے دو اراکین کانگریس ریٹائر ہو رہے ہیں۔ کانگریس کے تیسرے ڈسٹرکٹ کیلئے جسٹن امیش کی نشست پرپانچ امیدواروں میں مقابلہ ہوا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK