Inquilab Logo

پورٹ لینڈسے فوج کی واپسی، مظاہرے پر امن ہو گئے

Updated: August 03, 2020, 6:30 AM IST | Agency | Washington

ایک عرصے بعد مظاہرے پر امن رہے،کسی قسم کی جھڑپ، تشدد یا گرفتاری کی نوبت نہیں آئی،گورنر اور ٹرمپ انتظامیہ کے بیچ فوج واپس بلانے کا معاہدہ ہوا تھا

Portland Protest - Pic : INN
پورٹ لینڈ احتجاج ۔ تصویر : آئی این این

امریکی شہر پورٹ لینڈ میں سنیچر کو صبح سویرے ایک ہزارسےزیادہ لوگوں نے پر امن مظاہرے کیے۔ جب کہ اس سے قبل مرکزی حکومت اور ریاست کے درمیان قانون نافذ کرنے والے مرکزی اداروں کے اہل کاروں کی پورٹ لینڈ سے واپسی کے بارے میں سمجھوتہ ہو گیا۔جمعرات اور جمعہ کو رات گئے ہونے والے مظاہرے ایک عرصے کے بعد پہلی مرتبہ پر امن رہے اور کسی قسم کی جھڑپ، تشدد یا گرفتاری کی نوبت نہیں آئی۔ اس سےقبل ڈیموکریٹ گورنر کیٹ براؤن اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان معاہدہ ہوا تھا کہ وفاقی حکومت اپنی فورسز کو واپس بلا لے گی۔
 سنیچر کی درمیانی شب مرکزیعدالت کی عمارت کے سامنےہونے والے مظاہرے کے دوران کوئی بھی وفاقی سیکوریٹی ایجنٹ موجود نہیں تھا۔ یہ عمارت پچھلے کئی ہفتوں سے احتجاجی مظاہروں کا مرکز بنی رہی ہے۔مظاہرین کو روکنے کے لیے کورٹ ہاؤس کے باہر نصب حفاظتی باڑھ کو لوگوںنے غباروں اور امریکی پرچموں سے سجا دیا تھا۔ اور پرچموں پر’بلیک لائیوز میٹرز‘ کے الفاظ پینٹ کیے گئے تھے۔
 جمعہ اورسنیچرکی درمیانی شب کو صرف ایک دفعہ باڑھ کے قریب ایک پھلجھڑی پھینکی گئی۔ جب کہ تمام وقت مظاہرین دوسروں کو پر امن رہنے کی تلقین کرتے رہے۔ بعد میں کورٹ ہاؤس کے باہر اکا دکا چنگاری بھڑکی، مگر دوسرے مظاہرین نے انہیں فوراً ہی بجھا دیا۔
 ماضی کی طرح اس مظاہرے میں مجمع کا ارتکاز کورٹ ہاؤس کےسامنے نہیں تھا بلکہ مظاہرین کے گروہ اندرون شہر مختلف علاقوں میں پھیلے ہوئے تھے۔عمومی طور وفاقی سیکوریٹی اہل کاروں کی عدم موجودگی کے بعد اوریگان کی مقامی پولیس نے نظم و نسق سنبھال لیا ہے۔
 صدر ٹرمپ نے جمعہ کو اپنے ٹوئٹ میں ایک بار پھر یہ کہا کہ جب تک تخریب کاروں اور ہنگامہ کرنے والوں کو مقامی پولیس قابو میں نہیں کر لے گی اس وقت تک ہوم لینڈ سیکوریٹی کے اہل کار پورٹ لینڈ سے نہیں جائیں گے۔ اوریگان کی گورنر براؤن نے جمعہ کو اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ پچھلی رات دنیا نےپورٹ لینڈ کو دیکھا کہ وہاں سے وفاقی دستے چلے گئے اور مقامی پولیس نے آزادی تقریر کا تحفظ کیا۔پورٹ لینڈ کے میئر ٹیڈ وہیلر نے خوش امیدی کا اظہار کرتے ہوئے انتباہ کیا کہ ۶۰؍دنوں سے زیادہ عرصے تک جاری رہنے والے مظاہروں کے بعد اب بہت سارا کام کرنا ہو گا۔ محض پورٹ لینڈ شہر کی صفائی ہی کافی نہیں۔ گورنر نے وفاقی حکومت کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے بارے میں یہ بھی بتایا کہ وفاقی ایجنٹوں کی واپسی مرحلہ وار ہو گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK