Inquilab Logo

نوجوانوں اوربچوں کو منشیات کی لت سے بچانے کیلئےخواتین بھی کوشاں

Updated: July 12, 2021, 12:32 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

ممبرا کوسہ میںخواتین کی سنگھرش تنظیم کی جانب سے مہم چلائی جائیگی ، نشہ کی لت سے چھٹکارہ دلانے کیلئے ہیلپ لائن نمبر بھی جاری

Rita Ohar can be seen at a press conference with other members of the organization..Picture:INN
رتا اوہاڑ کو تنظیم کے دیگر افراد کے ساتھ پریس کانفرنس میں دکھا جا سکتا ہے۔۔تصویر :آئی این این

ممبرا کوسہ میں نئی نسلوں کونشیلی ادویات سے بچانے کیلئے خواتین کی سنگھرش تنظیم  نے مقامی غیر سرکاری تنظیموں، کاروباریوں اور اہل خیر حضرات کے تعاون سے  منشیات مخالف مہم شروع کرنےکا اعلان کیا ہے۔ ا س مہم کے تحت نشے کی لت میں مبتلا بچوں اور نوجوانوں کا نشہ چھڑوانے میں متاثرہ اہل خانہ کا ہر ممکن تعاون کرنا، بچوں اور نوجوانوں کو نشہ کے مضر اثرات سےبیدار کرنا ،انہیں اسپورٹس اور باڈی بلڈنگ کی جانب راغب کرنا  اور منشیات  فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرنا بھی شامل ہے۔
  اس سلسلے میں سنگھرش مہیلا سنگٹھنا کی چیئر پرسن روتا جتیندر اوہاڑ نے اتوار کو مولانا ابو الکلام آزاد اسٹیڈیم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’’ ان دنوں ممبرا میں نشہ کا معاملہ کافی بڑھتا ہوا نظر آرہا ہے  اور ایسے میں ہمارے شہر کی نسلوں کو نشہ کی لعنت سے بچانے کیلئے متعدد غیر سرکاری تنظیمیں اور کاروباریوں نے ساتھ مل کر منشیات مخالف مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن کے بچے یا گھر کے دیگر افراد نشہ کی  لت میں مبتلا  ہیں ہم اس مہم کے تحت ان کے والدین اور سرپرستوں سے درخواست کر تے ہیں کہ وہ ہمارے سنگھرش آفس  ( مقابل ممبرا پولیس اسٹیشن )  یا ٹیلی فون نمبر :(کوڈ ۰۲۲) ۲۵۴۶۸۵۸۷؍پر دن ۱۲؍ تا شام  ۶؍ بجے رابطہ کیا جاسکتا ہے اور اس نمبر پر منشیات فروخت کرنے والوں کی شکایت بھی کی  جاسکتی ہے۔‘‘ روتا اوہاڑ نے ہر طبقے ، مذہب اور پیشہ  کے لوگوں سے اس مہم سے جڑنے کی اپیل کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر منشیات کے عادی شخص کو ری ہیبلیٹیشن سینٹر بھیجنے کیلئے سرپرست کو مالی تنگی کا سامنا ہے تو سنگھرش انہیں ۵۰؍ فیصد رقم کی مددکرے گی ۔
منشیات فروشوں کےخلاف بھی شکایت کریں
 شاداب خان نے یقین دلایا کہ منشیات فروشوں کی اطلاع دینے والوں کا نام مخفی رکھا جائے اور اگر فون کرنے والا چاہے تو پتہ نام نہ بتائیں۔  پریس کانفرنس میں شاداب خان ، فرید نوری، مصطفیٰ ،رام پور والا اور شمیم سید نے بھی خطاب کیا ۔
اسپورٹس کے پروگرام منعقد کرنے کااعلان 
  فرید نوری نے کہا کہ’’بچوں کا رجحان اسپورٹ کی  جانب راغب کرنے کیلئے ممبرا میں وارڈ کی سطح پر مختلف اسپورٹس(کرکٹ ، فٹبال اورکھو کھووغیرہ) کی ٹیم بنا کر اسٹیڈیم میں مقابلہ رکھا جائیگا۔اس مقابلے میں شرکت کیلئے علاقائی سطح پر رضاکاروں کے پاس فارم پُر کئے جاسکیں گے۔  انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہمارا سب سے پہلا مقصد نشے کے دلدل میں پھنسے افراد کوہاتھ بڑھا کر اس دلدل سے نکالنا ہے ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK