Inquilab Logo

شہریت ترمیمی قانون کیخلاف ناندیڑ میں خواتین کا زبردست احتجاج

Updated: January 08, 2020, 8:22 PM IST | Z A Khan | Nanded

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک گیر سطح پر جاری احتجاج کے تحت ناندیڑ کے اردھاپور تعلقہ میں منگل کو خواتین کی ایک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔

ناندیڑ میں خواتین کا شہریت قانون کیخلاف احتجاج
ناندیڑ میں خواتین کا شہریت قانون کیخلاف احتجاج

 ناندیڑ : شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ملک گیر سطح پر جاری احتجاج کے تحت ناندیڑ کے اردھاپور تعلقہ میں منگل کو  خواتین کی ایک ریلی نکالی گئی ۔ریلی میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
 ریلی دوپہر۲؍ بجے شروع ہوئی اور ساڑھے تین بجے عید گاہ میدان پر پہنچ کر ختم ہوئی ۔ریلی میں مسلم خواتین کے علاوہ بڑی تعداد میں غیرمسلم خواتین نے بھی شرکت کی اور شہریت قانون کے خلاف برہمی کااظہار کیا ۔ریلی میں شریک خواتین متنازع قانون کے خلاف پلے کارڈ لی ہوئی تھیں ۔نہایت ہی نظم و ضبط اورڈسپلن کے ساتھ ریلی کا اہتمام کیا گیا ۔اختتامی مرحلے پر یہ ریلی جلسے میں تبدیل ہوگئی  جہاں جلسے کی قیادت کر نےوالی ذمہ دار خواتین نے خطاب کیا۔اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہا کرتے ہوئے ایک خاتون ذمہ دار نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون یہ ایک ایسا کالا قانون ہے جو اس کی مدد سے  مسلمانوں کو ملک سے بے دخل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بظاہر یہ بتایا جا رہاہے کہ اس قانون کی وجہ سے مسلمانوں کو کوئی مشکل نہیں پیش آئے گی لیکن بات اتنی سیدھی نہیں ہے۔
 جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیا کہ سی اے اے ،این آرسی اور این پی آر کے خلاف  اس تحریک میں مردوں کے ساتھ ساتھ ہم خواتین بھی شانہ بشانہ شامل  ہیں اور ہماری یہ تحریک اُس وقت تک جاری رہے گی جب تک کہ حکومت اپنے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹ جاتی۔ مقررین نے کہا کہ یہ قانون دستور کی روح کے خلاف ہے جو ملک کو فرقہ پرستی کی آگ میں جھونکنے کا ذریعہ بنے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK