Inquilab Logo

لاک ڈاؤن کی مخالفت میں مالیگاؤں میں خواتین کامظاہرہ، مزید احتجاج کا انتباہ

Updated: April 14, 2021, 10:10 AM IST | mukhtar aadil | Malegaon

ریاستی حکومت کی جانب سے لاک ڈائون لگانے کی سخت مخالفت کرتے ہوئےصنعتی شہر میں خواتین

Women of Malegaon. Picture:Midday
مالیگاؤں کی خواتین. تصویر مڈڈے

ریاستی حکومت کی جانب سے لاک ڈائون لگانے کی سخت مخالفت کرتے ہوئےصنعتی شہر میں خواتین نے تالی ،تھالی،خالی برتن اور بیلن وکھانے کی پلیٹ کے ساتھ زبردست احتجاج کیا۔جنتادل سیکولر کی جانب سے ہوئے احتجاجی مظاہرے میں مالیگائوں کے مختلف علاقوں سے برقعہ پوش خواتین نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔قدوائی روڈ پر سہ پہر شروع ہونے والا احتجاجی مظاہرہ شام تک جاری رہا۔ سرکاری افسران کے ذریعے ارباب اقتدار کو روانہ کردہ مکتوب میں مطالبہ کیاگیا کہ لاک ڈائون سے احتیاط کیاجائے ۔ 
 شانِ ہند (کارگزار صدر جنتادل ایس )نے کہا کہ گزشتہ سال وزیر اعظم مودی نے تالی اور تھالی کورونا بھگانے کیلئے بجوائی تھی ،۱۵؍ مہینے بیت گئے کورونا تو نہیں بھاگا البتہ دوبارہ لاک ڈائون کی نوبت آگئی اور عوام کے گھروں میں اناج کے برتن اور کھانے کی تھالی خالی ہوگئی ۔انہوں نے کہا کہ مالیگائوں کے عوام  لاک ڈائون قبول نہیں کریں  گے۔یہاں قوت مدافعت ایسی ہے کہ گزشتہ سال کورونا کے عرو ج کے ایام میںمالیگائوں پیٹرن وجود میں آیا جس کی گونج ملک بھر میں ہوئی تھی۔
 ساجدہ نہال احمد (صدر اقلیتی سیل مہاراشٹر اسٹیٹ جنتادل ایس )نے کہا کہ مالیگائوں شہر ایک مثال رہاہے۔لاک ڈائون لگانا کورونا سے نجات کا حل نہیںبلکہ آکسیجن ،ادویات اور درکار اشیاء کی بروقت فراہمی سے کورونا کو شکست دی جاسکتی ہے۔یہ غریبوں مزدوروں یومیہ اُجرت پر روزگار کمانے والوںکا شہر ہے۔ اسے لاک ڈائون میں جھونکا گیاتو اس کے اچھے نتائج سامنے نہیں آئیں گے۔انہوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے اس جانب سنجیدگی سے توجہ نہیں دی تو ماہ رمضان المبارک میں اس سے زیادہ سخت احتجاج کیاجائے گا۔
 مہر النساء اشفاق (آنگن واڑی مہیلا سنگھٹنا )نے کہا کہ دن میں امتناعی احکامات اور رات میں کرفیو کے نفاذ سے روزگارجاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔بے روزگار سے مسائل پیدا ہوتے ہیں جبکہ مالیگائوں روزگار فراہم کرنے والا شہر ہے ۔لاک ڈائون لگاکر غریب اور کمزور طبقات کے ساتھ کھلواڑ نہ کیا جائے۔
 اس موقع پروزیراعلیٰ اور ضلع کلکٹر کے نام تین صفحات پر مشتمل مطالباتی خط ڈپٹی ایس پی لتا دونڈے کے سپرد کیاگیا۔

protests Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK