تھانے سے کلیان تک پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کا کام آخری مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے اور یہ کام مارچ ۲۰۲۲ء تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
EPAPER
Updated: September 05, 2021, 9:11 AM IST | Mumbai
تھانے سے کلیان تک پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کا کام آخری مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے اور یہ کام مارچ ۲۰۲۲ء تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
:تھانے سے کلیان تک پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کا کام آخری مرحلہ میں داخل ہو چکا ہے اور یہ کام مارچ ۲۰۲۲ء تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ کلوا سے کوپر کے درمیان زیر تعمیر دونوں ریلوئے لائن کا جائزہ لینے کے بعد مقامی رکن پارلیمان ڈاکٹر شری کانت شندے نے یہ یقین دہانی کروائی۔یادرہے کہ گزشتہ سال بھی رکن پارلیمان نے مارچ ۲۰۲۱ء تک پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کا کام مکمل کر نے کا یقین دلایا تھا۔
سنیچر کو کلیان لوک سبھا کے رکن پارلیمان شری کانت شندے نے کلوا کھارے گاؤں میں زیر تعمیر ریلوے بریج کا جائزہ لیا اور لوکل ٹرین میں موٹر مین کے کیبن میں بیٹھ کر کلو ا سے کوپر تک سفر کر کے پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کے کاموں کو مشاہدہ بھی کیا۔ وہیں کوپر ریلوے اسٹیشن کے ہوم پلیٹ فارم کو جلد شروع کرنے سے متعلق ضروری ہدایات بھی ریلوے حکام کو دی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ کورونا بحران اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھانے اور کلیان کے درمیان بچھائی جانے والی پانچویں اور چھٹی لائن کے کاموں میںتاخیر ہوئی لیکن اب اس کام میں کافی تیزی آئی ہے۔ کھارے گاؤں پانچویں اورچھٹی ریلوے لائن کیلئے تعمیر ہونے والے بریج کا کام ۸۰؍فیصد مکمل ہوگیا ہے۔ پٹریوں کا کام مکمل ہو جانے کے بعد سینٹرل ریلوے خدمات کافی بہتر ہوجائیگی اور لوکل ٹرینوں کی تقریباً ۳۰؍ پھیریاں( تعداد) بڑھ جائے گی ۔ فی الوقت ایک ایکسپریس کے پیچھے ۳؍ لوکل ٹرینیں متاثر ہوتی ہیں ۔ پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کا کام مکمل ہوجانے سے فاسٹ ٹرینوں کے کیلئے ۲، دھیمی ٹرینوں کیلئے ۲؍ اور میل ایکسپریس کیلئے ۲؍ لائنیں مختص کردی جائیںگی جس کی وجہ سے لوکل ٹرینوں کی آمد ورفت متاثر نہیں ہوگی اور ان کی رفتار بھی بڑھ جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے امبیولی ، ٹھاکرلی، دیوا اور کلوا اسٹیشنوں کے درمیان ریلوے کرا سنگ تھی۔ٹھاکرلی اور امبیولی میں فلائی اوور بریج کی تعمیر کے بعد کراسنگ بند کر دی گئی ۔ اگلے ۲؍ ماہ میں کلوا کھارے گاؤں کا فلائی اوور شروع ہوجانے کے بعد ریلوے کراسنگ بند کردی جائیگی اسی طرح دیوا میں بھی ریلوے کراسنگ کو بند کردیا جائے گا ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ۱۰ ؍ سال سے تھانے اور کلیان کے درمیان پانچویں اور چھٹی ریلوے لائن کا کام جاری ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے اس کام کو مارچ ۲۰۱۹ء میں مکمل کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ اس کے بعد دسمبر ۲۰۲۰ء ، پھر کورونا بحران کا حوالے دیتے ہوئے جون ۲۰۲۱ ء تک مکمل ہو جانے کا یقین دلایا۔ گزشتہ سال رکن پارلیمان نے کام کا جائزہ لینے کے بعد دسمبر ۲۰۲۱ء کی حتمی ڈیڈ لائن طے کی تھی اور اب تاریخ کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے مارچ ۲۰۲۲ء کردی گئی ہے۔