Inquilab Logo

یشونت سنہاعام آدمی پارٹی کے ساتھ تیسرا محاذ بنانے کی تیاری میں

Updated: September 06, 2020, 12:47 PM IST | Inquilab News Network | Patna

عام آدمی پارٹی، یوڈی اےاور دیگر سیاسی جماعتیںتیسرے محاذ کاحصہ بن سکتی ہیں، پپو یادو کی جن ادھیکارپارٹی کو شامل کرنے سے انکار

Yashwant Sinha
یشونت سنہا

ابھی تک بہار اسمبلی انتخابات میں این ڈی اےاور مہا گٹھ بندھن کے درمیان براہ راست مقابلہ نظر آرہا تھا،  دوسری طرف ریاست میں این ڈی اے اورمہاگٹھ بندھن سے لڑنے کے لئے تیسرا محاذ بنایا جارہا ہے۔ تیسرے محاذ میں عام آدمی پارٹی، یوڈی اےاور دیگر سیاسی جماعتوں کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ 
  اٹل بہاری واجپائی حکومت میں وزیر خزانہ رہنے والے یو ڈی اے کے صدر یشونت سنہا ، عام آدمی پارٹی کے ساتھ تیسرا محاذ  بنانے کے لئے بات چیت کر رہے ہیں۔ ایک سال پہلے عام آدمی پارٹی نے یشونت سنہا کو دہلی سے پارلیمانی انتخابات میں امیدوار بنانے کی پیشکش کی تھی لیکن کچھ رکاوٹوں کی وجہ سے ایسا نہیں ہوسکا۔ سنہا کے عام آدمی پارٹی سےگہرے تعلقات ہیں۔سابق مرکزی وزیریشونت سنہامودی حکومت پرمستقل تنقید کرتے رہے ہیں ، وہ عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ اور دیگر لیڈروں کے ساتھ لاک ڈاؤن میں غیرمقیم مزدوروں کو گھر بھیجنے کا مناسب انتظامات کرنے کیلئے مئی میں نئی دہلی کے راج گھاٹ پر دھرنابھی دے چکے ہیں  جنہیں بعد میں حراست لیا گیااور پھر رہا کیا گیا۔سابق وزیر خزانہ سنہا نے کچھ عرصہ سے بہار حکومت کو  نشانہ بناتےہوئے  بہار اسمبلی انتخابات میں شمولیت کا اشارہ دیا، ساتھ ہی سرگرم سیاست میں حصہ لینے کا اعلان کیا۔۱۵؍سال کے مقابلے میں۱۵؍ سال کی طاقت کو تبدیل کرنے کا نعرہ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم نے یو ڈی اے تشکیل دی ہے جو بہار کی سیاست کومتبادل فراہم کر ے گی  اور یہ   ایک مشترک نظریات کے حامل سینئر لیڈروں پر مشتمل ہے جو تبدیلی کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا :’’ میں نے اپنے دوروں سے ریاست کے تقریباًدو تہائی حصہ کا جائزہ   لیا اور میں بقیہ ایک تہائی جلد ہی مکمل کروں گا۔ سب جانتے ہیں کہ ہم یہاں کس لئے ہیں یہاں تک کہ عام آدمی پارٹی بھی جانتی ہے۔‘‘
 یو ڈی اے میں جہان آباد کے سابق رکن پارلیمنٹ ارون کمار ، جھنجھاپور سے۵؍ بار رکن پارلیمنٹ رہےدیویندر پرساد یادو ، سابق مرکزی وزیر ناگمنی ، بہار کے سابق وزرا نریندر سنگھ ، رینو کشواہا اورمتعددسینئرلیڈر شامل ہیں۔
 پارٹی ذرائع نے تیسرے محاذ میں جن ادھیکارپارٹی کے صدر پپو یادو  کے شامل ہونے کے کسی بھی امکان کو مسترد کردیا۔دوسری طرف بہارمیں عام آدمی پارٹی کے سربراہ سشیل سنگھ نے کہا کہ پارٹی کے بہار انچارج سنہا کے ساتھ سنجے سنگھ اعلیٰ سطح پر بات چیت کررہے ہیں۔ پارٹی کارکن زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں۔عام آدمی پارٹی کے ایک سینئر لیڈرنے کہا کہ مہاگٹھ بندھن میں نشست نہ ملنے پر راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کو بھی تیسرے محاذ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ تیسرے محاذ میں شمولیت کے معاملے پر آر ایل ایس پی کے پرنسپل سیکریٹری جنرل مادھو آنند نے کہا کہ مہاگٹھ بندھن میں سیٹوںکی تقسیم کے معاملے پربات چیت جاری ہے۔ اس وقت مہاگٹھ بندھن چھوڑنے کا کوئی ارادہ یا وجہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ سیٹوں کی تقسیم کے دوران سارے مسائل کا حل نکال لیاجا ئے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK