Inquilab Logo

جو لوگ یو پی میں آگئے ہیں ، ان سب کی ذمہ داری ہماری : یوگی آدتیہ ناتھ

Updated: March 30, 2020, 1:52 PM IST | Hasan Ibrahim | Lucknow

اترپردیش کے وزیراعلیٰ کی خصوصی طور پر تشکیل دی گئی ٹیموں کے افسران سے میٹنگ میں یقین دہانی،تمام شہریوں کیلئے سہولیات کا دعویٰ

Yogi Adityanath - Pic : PTI
یوگی آدتیہ ناتھ ۔ تصویر : پی ٹی آئی

کورونا وائرس کے پھیلنے کے سبب لاک ڈاؤن میں اترپردیش کے دیگر ریاستوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کوریاست میں واپس لانے کے لئے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کمر کس لی ہے۔ دوسری ریاستوں کے مزدوروں کی نقل مکانی نے ایک جانب ریاستی حکومتوں کے انتظامات پر سوال اُٹھائے ہیں ،جبکہ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واضح کر دیا ہے کہ یہاں جو بھی آ گئے ہیں ان سبھی کی ذمہ داری ہماری ہے۔پرائیویٹ اداروں کے ملازمین کو وقت پر تنخواہ دلانے کی ہدایت کے ساتھ مکان مالکان سے کرایہ نہ لینے کی اپیل بھی کی ہے ۔ سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ میںکہا کہ باہری ریاستوںکے مزدوروں کو نقل مکانی کی ضرورت نہ پڑے۔ ہم نہیں چاہتے کہ اترپردیش جیسی آزمائش دوسری ریاستوں کے سامنے بھی آئے۔ کوروناپرکنٹرول اور اس سے بچاؤ کےلئے تشکیل دی گئی ۱۱؍کمیٹیوں کے اعلیٰ  افسران کے ساتھ وزیر اعلیٰ نے اتوار کی صبح کالی داس مارگ پرواقع اپنی سرکاری رہائش گاہ پرجائزہ میٹنگ کی۔ یوگی نے غور وخوض کے بعد انسانیت کے پیش نظر کئی فیصلے کئے۔ چونکہ سب سے بڑے مسئلہ کی شکل میں غریب مزدوروں کے ساتھ ہی مختلف کاروبار سے وابستہ لوگوں کی نقل مکانی کے معاملہ سامنے آئے ہیں، اس لئے سب سے زیادہ زور یوگی آدتیہ ناتھ کا اسی پر رہا۔ 
 انہوںنے کہا کہ اترپردیش میں جو لوگ بھی آگئے ہیں یا پہلے سے رہ رہے ہیں، ان کی پوری ذمہ داری ہماری ہے۔ انہیں کھانا، صاف پانی، دوا وغیرہ دی جائےگی۔ ان کے سبب باقی لوگوں کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں پیدا ہونے دیں گے۔  وزیر اعلیٰ نے کہا وہ مزدور اپنی ریاست میں نہیں جانا چاہتے تو بھی کوئی بات نہیں، سب کی حفاظت کی ذمہ داری ہماری ہے۔ افسران ان سبھی کی روزمرہ کی ضرورتوں کی فکر کریں، تاکہ یہ اپنی اپنی ریاستوں کیلئےنقل مکانی نہ کریں۔جو آزمائش ہماری ریاست کے سامنے آئی ہے، نقل مکانی کے سبب ہم نہیں چاہتے کہ باقی ریاستوں کو بھی اس آزمائش سے نبردآزماہوناپڑے۔ وزیراعلیٰ آدتیہ ناتھ نے اتوار کو لکھنؤ میں اپنی سرکاری رہائش گاہ پر۲۸؍ریاستوں کے لئے تعینات نوڈل افسران کے ساتھ میٹنگ میں دیگر ریاستوں میں پھنسے ہوئے اترپردیش کے لوگوں کے بارے میں جانکاری دی۔
 یوگی آدتیہ ناتھ نے میٹنگ میں کہا کہ حکومت ریاستی کے عوام کے تحفظ کے تئیں پابند عہدہے۔ کسی بھی ریاست میں پھنسے اترپردیش کے لوگوں کو وطن بحفاظت واپس لانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ریاست کے سبھی پرائیویٹ اداروں کے ملازمین کو وقت پر تنخواہ دلانے اور ہر غریب مزدور کو مدد دینے کے لئے ہم اعلیٰ سطح پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے افسران کو کہا کہ غریب اور مزدوروں کو تلاش کرکے پیسے دیجئے۔ غریبوں سے مکان مالک کرایہ نہ لیں۔ آدتیہ ناتھ نے مکان مالکان سے کرایہ نہ لینے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بقایہ کے سبب کسی بھی بجلی نہیں کٹے گی۔ ہر جگہ پر بجلی اور پانی کی سپلائی برقرار رہے گی۔ اضلاع کے ڈی ایم کو سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ اشیاء کی قیمتوں کو تعین کریں۔ جو گڑبڑی کرے اس پر کارروائی کریں۔ جمع خوری کرنے پر کیس درج کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK