Inquilab Logo

یوگی حکومت کاچوتھا بجٹ پیش، یوگی نےتعریف کی

Updated: February 19, 2020, 9:51 AM IST | Inquilab News Network | Lucknow

یوپی حکومت نےملک کا سب سے بڑا ریاستی بجٹ پیش کیا،سابقہ بجٹ سے ۶؍ فیصد زائد ، ۵؍ لاکھ کروڑ سے متجاوز بجٹ میں انفراسٹرکچر اور طبی تعلیم پر زور میٹرو ایکسپریس وے اور ہندو مذہبی سیاحت پر توجہ، اقلیتوں سےمتعلق منصوبوں کیلئے۱۲۰۰؍کروڑروپےسے زائدمختص، ایو دھیا اور بنارس کو دل کھول کرنوازا گیا

یوگی حکومت نے بجٹ پیش کیا ۔ تصویر : آئی این این
یوگی حکومت نے بجٹ پیش کیا ۔ تصویر : آئی این این

 لکھنؤ : منگل کو یوگی حکومت نےا پنا چوتھا بجٹ پیش کردیا ہےجو ملک کی کسی بھی ریاست کا اب تک کاسب بڑا بجٹ ہے۔یہ بجٹ ۵؍لاکھ ۱۲؍ہزار ۸۶۰؍ کروڑ روپےسے متجاوز ہے جس میں ہندو مذہبی سیاحت اور انفرااسٹرکچر بطور خاص میٹرو ریلویز اورا یکسپریس ویز پر زور دیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ کے بقول،اس بجٹ میں نوجوانوں کی تعلیم اورا سکل ڈیولپمنٹ  پر بطور خاص توجہ دی گئی ہے۔حکومت نےریاست کی معیشت کوایک کھرب بنانے کا ہدف متعین کیا ہے جبکہ آمدنی کاجو ہدف ہے ،اس کے مطابق جی ا یس ٹی؍ویٹ سے ۲۳؍ہزار۱۹۷؍کروڑ، وہیکل ٹیکس سے۸؍ہزار۶۵۰؍ کروڑ، آبکاری سے ۳۷؍   ہزار ۵۰۰؍کروڑ حاصل کئے جائیں گے۔اس بجٹ میں مجموعی گھریلو نقصان کا جو تخمینہ رکھا ہے وہ کل بجٹ کا ۲ء۹۷؍فیصد ہے۔ ریاستی اسمبلی میں منگل کو  وزیر خزانہ سریش کھنہ نے شاعرانہ ا نداز میں بجٹ پیش کیا۔اس درمیان ٹریزری بنچ سے خوب تالیاں بھی بجیں۔ تالی بجانے والوں میں وزیرا علیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پیش پیش  تھے۔بعدا زاں وزیرا علیٰ نے  میڈیا سے گفتگو کی اور اس بجٹ کو ترقی پر مبنی بجٹ بتایا۔انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ وزیرا عظم مودی کے ملک کو ۵؍ کھرب کی معیشت بنانے کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا جس کیلئے ہم نے یوپی کوایک کھرب کی معیشت بنانے کا ہدف رکھا ہے۔وزیر خزانہ نے ۵؍ لاکھ ۱۲؍ہزار ۸۶۰ء۷۲؍کروڑ کے اس بجٹ کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سابقہ بجٹ سے ۶؍فیصد زائد ہے۔   اس بجٹ میں ایودھیا، کاشی اور گورکھپور پر خاص توجہ دی گئی ہے۔یوگی حکومت نےمذہبی سیاحت کے ذریعہ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے  اور  اس سے  ریاست کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔ ایودھیا میں ایئر پورٹ کی تعمیر کےلئے۵۰۰؍کروڑ کےساتھ ساتھ ایودھیا میں سیاحت کے فروغ پر خرچ کیلئے بھی ۸۵؍کروڑ  مختص  کئے گئے ہیں۔ اسی طرح، مودی کے پارلیمانی حلقہ  بنارس کو بھی دل کھول کر نوازا گیا ہے۔وہاں ایک  ’سانسکرتک کیندر‘( ثقافتی مرکز)کے قیام کےلئے ۱۸۰؍ کروڑ،  کاشی وشوناتھ کوریڈور کے لئے ۲۰۰؍کروڑ ، کیلاش مانسرور یاترا کے لئے  ۸؍کروڑ، تلسی اسمارک بھون کے لئے ۱۰؍کروڑ د یئے گئے ہیں۔  کانپور میٹر کے لئے ۳۵۸؍ کروڑ، آگرہ میٹرو کےلئے ۲۸۶؍ کروڑ،گورکھپور اور دیگر شہروں کے میٹروکے لئے ۲؍سوکروڑ دیئے گئے ہیں۔دہلی میرٹھ ٹرانزٹ سسٹم کیلئے بجٹ میں ۳؍ہزارکروڑ مختص کئے گئے ہیں۔ شعبۂ صحت   اور  میڈیکل کی تعلیم کے لئے بھی بجٹ میں خاص دھیان دیا گیا  ہے۔ لکھنؤ میں واقع کے جی ا یم یو کو ۹۱۹؍کروڑ اور ایس جی پی جی آئی کو ۸۲۰؍کروڑ د دیئے  گئے ہیں۔اٹل رہائشی اسکولوں کے لئے ۲۷۰؍ کروڑ  روپے منظور کئے گئے ہیں  ۔
 اقلیتوں کیلئے   ۱۲۰۰؍کروڑ روپے سے زائد  میں سے ۴۷۹؍کروڑ منظور شدہ مدارس کیلئے ہوں گےجبکہ اقلیتی بہبود وزارت کے ذریعہ چلائی جا نے والی مختلف اسکیموں کیلئے ۷۳۸؍کروڑ مختص ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK